مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کے زیر اہتمام Tri-Nation فٹ بال ٹورنامنٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو مورخہ ۱۴و۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ و اتوار Tri-Nation فٹ بال ٹورنا منٹ کا انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
اس ٹورنامنٹ میں شمولیت کے ليے مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ اور فرانس کو مدعو کیا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت وصول ہونے کے بعد انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی نگرانی کی ذمہ داری مہتمم صاحب صحت جسمانی مکرم شہزاد محمود صاحب کو سونپی گئی۔ انتظامی کمیٹی کی کُل دو تفصیلی میٹنگز ہوئیں۔ ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط تیار کيے گئے اور ہالینڈ اور فرانس کی مجالس کو دو دو ٹیموں کے ساتھ شمولیت کے دعوت نامے ارسال کيے گئے۔

ٹورنامنٹ کے ليے جماعت احمدیہ بیلجیم کے مرکز بیت السلام سے کچھ ہی فاصلے پر دو ہال ليے گئے۔ ایک ہال افتتاحی اور اختتامی تقریبات، کھانا اور نماز کی غرض سے اور دوسرا ہال کھیلوں کےليےمختص تھا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے فرانس کی دو ٹیمز ۱۳؍فروری ۲۰۲۶ء بروز جمعہ کی رات کو بخیریت بیت السلام پہنچ گئی تھیں۔ اگلے روز بروز ہفتہ گیارہ بجے ہالینڈ کی دونوں ٹیمزبھی ٹورنامنٹ کے مقام پر پہنچ گئی تھیں۔ ساڑھے گیارہ بجے پروگرام کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم انور حسین صاحب نائب امیر نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد مجلس خدام الاحمدیہ کے بعد مکرم آصف بن اویس صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم نے تمام مہمانان اور شاملین کو خوش آمدید کہا اور چند نصائح کیں۔ مکرم نائب امیر صاحب نے اپنی تقریر میں شاملین کو اس حدیث کی طرف توجہ دلائی کہ ’ایک صحت مند مومن ایک کمزور مومن سے بہتر ہوتا ہے‘ اور مزید خوشنودی کا اظہار کیا کہ خدام الاحمدیہ میں کھیلوں کے انتظام اور خصوصاً بیرون ملک خدام کو مدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے بعد مکرم شہزاد محمود صاحب مہتمم صحت جسمانی نے ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط اور دیگر ہدایات تمام شاملین کے سامنے پیش کیں۔ افتتاحی تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ اس کے بعد تمام شاملین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ ظہرو عصر کی نمازیں باجماعت ادا کی گئیں پھر سپورٹس ہال میں دوبجے مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔

ہر مجلس کی جانب سے ٹورنامنٹ میں دو ٹیموں نے شرکت کی۔ کل چھ ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہوا۔ شام سات بجے تک group stage کے میچ جاری رہے جس دوران تمام ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف کھیلا اور بہت دلچسپ اور بہترین مقابلہ کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ شام سات بجے تمام شاملین کو شام کاکھانا پیش کیا گیا جس کے بعد مغرب و عشاء کی نمازیں با جماعت ادا کی گئیں۔ اس کے بعد آٹھ بجے finals کے مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ France A اور Holland A کےدرمیان رہا جس میں ہالینڈ کی ٹیم کو کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
فائنل مقابلہ کے بعد ۱۰؍بجے تلاوت قرآن کریم کے ساتھ اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا جس میں بہترین ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انعامات ديے گئے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین Goal Keeper اور سب سے زیادہ goal کرنے والے کھلاڑی کو انعامات دیے گئے۔ اس کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کی جانب سے ہالینڈ اور فرانس کی مجالس کو ٹورنامنٹ کا ایک یادگار souvenir بھی دیا گیا۔ اس طرح فرانس اور ہالینڈ کی مجالس نے بھی مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو ایک یادگار souvenir دیا۔ اس کے بعد فرانس اور ہالینڈ کی مجالس کے نمائندگان سے شاملین سے مخاطب ہونے کی درخواست کی گئی۔ دونوں نمائندگان نے مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کا شکریہ ادا کیا اور اپنی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم نے بھی تمام شاملین اور مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاوٴں سے یہ ٹورنامنٹ کامیاب رہا اور دن بھر پیار اور محبت کی فضا قائم رہی۔
اگلے روز مورخہ ۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار مہمانان کے ليے برسلز شہر کی سیر کا انتظام کیا گیا تھا۔ صبح آٹھ بجے ناشتہ پیش کیا گیا جس کے بعد۹؍بجے برسلز کے ليے روانہ ہوئے اور شہر کی سیر کروائی گئی۔ اسی طرح بیلجیم کا مشہور تاریخی نشان Atomium بھی مہمانان کو دکھایا گیا۔ دو پہر کے ایک بجے بیت السلام واپسی ہوئی۔ نماز ظہرو عصر کی ادائیگی کےبعدظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد مہمانان نے اپنے اپنے ملکوں کی طرف روانگی کے سفر کو اختیار کیا اس طرح یہ دو روزہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ
(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: فن لینڈ کے Karkilla کی لائبریری میں مجلس انصار الله کے تحت قرآن کریم کی نمائش کا انعقاد




