لجنہ اماء اللہ بماکو، مالی کے زیر اہتمام ’نظام وصیت‘ کے موضوع پر تربیتی سیمینار کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ بماکو، مالی کو مورخہ ۲۴؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ مسجد مبارک، بماکو میں ایک نہایت بابرکت اور معلوماتی سیمینار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس سیمینار کا مرکزی موضوع ’نظام وصیت‘ تھا جس کا مقصد ممبرات لجنہ اماءاللہ کو حضرت مسیح موعودؑ کی اس عظیم الشان مالی و روحانی تحریک کی اہمیت اور برکات سے روشناس کروانا تھا۔ اس اہم تربیتی پروگرام میں لجنہ اماءاللہ کی ۲۷؍ممبرات نے شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا جس کے بعد مکرم معلم سلسلہ کیرے الحسن صاحب نے نظام وصیت کے حوالے سے اپنی تقریر میں نہایت سادہ اور مؤثر انداز میں وصیت کی اغراض و مقاصد، اس کی شرائط اور عملی طریقہ کار کی وضاحت کی جس سے شاملین کو اس نظام کی روح کو گہرائی سے سمجھنے کا موقع ملا۔
تقریر کے اختتام پر ایک سوال و جواب کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں لجنہ ممبرات نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے نظام وصیت کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سیمینار کے دور رس نتائج برآمد ہوئے اور متعدد لجنہ ممبرات نے اس بابرکت نظام کا حصہ بننے کی خواہش اور پختہ عزم کا اظہار کیا۔ یہ ایمان افروز تقریب دعا کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔(رپورٹ:واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ برازیل کے دوسرے سالانہ پیس سمپوزیم کا کامیاب انعقاد




