گیمبیا کے نیشنل ہیڈکوارٹربانجل/کومبو میں مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت جلسہ یوم مصلح موعود و افطار
مکرم محمد اکمل صاحب مبلغ سلسلہ و ریجنل قائد بانجل/کومبو تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بانجل/کومبو گیمبیا کو جلسہ یوم مصلح موعود منانے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ جماعت کی مرکزی مسجد بیت السلام میں مورخہ۷؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بعد از نماز عصر منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ کی صدارت صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا مکرم ڈیمبا باہ صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم محمد جالو صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود اور اس کے پورا ہونے کے متعلق تقریر کی۔ مکرم عثمان باہ صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت مصلح موعودؓ کی جاری کردہ تحریکات پر روشنی ڈالی۔ ان دو تقاریر کے بعد حضرت مصلح موعودؓ کی زندگی، آپؓ کے عظیم الشان دور خلافت اور آپؓ کی جماعتی خدمات پر مبنی ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے ’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا مقصد اور آپؑ کی عظیم الشان پیشگوئی مصلح موعود کا پورا ہونا‘ کے موضوع پر تقریر کی اور خدام کو یہ بھی باور کروایا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جب بھی کسی پروگرام کا انعقاد کیا جائے تو ہمیں اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ بعدازاں خاکسار (ریجنل قائد) نے صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کا اور تمام حاضرین کا جلسہ میں شمولیت پرشکریہ ادا کیا اور پھر صدر صاحب نے اجلاس کا اختتام دعا سے کروایا۔ اختتامی دعا کے بعد تمام حاضرین گروپ فوٹو میں شامل ہوئے۔ جلسہ کی حاضری ۴۱؍رہی۔ الحمدللہ
انڈور گیمز:جلسہ کےبعد خدام اور اطفال کی دلچسپی کے ليےمقابلہ پنجہ آزمائی اور فیفا پلے سٹیشن کے مقابلے کروائے گئے جن سے اطفال اور خدام خوب محظوظ ہوئے۔
افطار:جلسہ اور انڈور گیمز کے بعد اجتماعی افطار کا انعقاد کیا گیا جس میں مکرم امیر صاحب گیمبیا، مبلغ انچارج گیمبیا، مینیجر احمدیہ مسلم پرنٹنگ پریس، ایریا مشنری بانجل/کومبو، ڈاکٹر انچارج احمدیہ مسلم ہسپتال، ڈاکٹر انچارج احمدیہ مسلم ڈینٹل سرجری و دیگر جماعتی نیشنل سیکرٹریان کے علاوہ دیگر احباب بھی شامل ہوئے۔ افطار کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی اور پھر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ افطار میں شامل احباب کی حاضری ۷۳؍رہی۔
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ بماکو، مالی کے زیر اہتمام ’نظام وصیت‘ کے موضوع پر تربیتی سیمینار کا کامیاب انعقاد




