جرمنی کے شہر کاسل میں نئے سال کی استقبالیہ تقریب
مکرم عبدالقیوم صاحب صدر جماعت احمدیہ کاسل (جرمنی) تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۲۹؍جنوری ۲۰۲۶ء کو جماعت احمدیہ کاسل کو جرمن غیرازجماعت احباب کے لیے نئے سال کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
اس پروگرام کی نظامت کے فرائض مکرم عبدالسلام برگہارڈ صاحب سیکرٹری امورخارجہ نے ادا کيے۔ پروگرام کے آغاز میں ناظم صاحب نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا اور تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ جرمنی کی تیار کردہ ایک جامع تعارفی ویڈیو مہمانانِ گرامی کو دکھائی گئی جس میں سال ۲۰۲۵ء کے دوران جماعت احمدیہ جرمنی کی مختلف دینی، سماجی اور رفاہی سرگرمیوں کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔

اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کاسل کے سابق لارڈ ميئر، جرمنی کے سابق وفاقی وزیرِ خزانہ اور صوبہ ہیسن کے سابق وزیرِاعلیٰ جنابHans Eichel صاحب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ پروگرام میں مزید سات مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین میں مختلف مذہبی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شامل تھیں جن میں بوسنین مسجد کے امام بھی شامل تھے۔
مقررین نے جماعت احمدیہ کی مختلف خدمتِ خلق اور رفاہی سرگرمیوں کو سراہا اور خاص طور پر جماعت احمدیہ کے عالمی پیغام ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے اس کے مثبت معاشرتی اثرات کو اجاگر کیا۔
آخر میں مکرم امیر صاحب نے اس تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانانِ گرامی اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی مختصر تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں جماعت احمدیہ کے امن، خدمتِ انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا۔ عشائیہ کے ساتھ یہ بابرکت تقریب رات دس بجے اختتام پذیر ہوئی۔
اس تقریب میں مختلف قومیتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے ۱۲۴؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید بہتر رنگ میں دنیا کے کناروں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ہیومینٹی فرسٹ جارجیا کا رمضان فوڈ پروگرام ۲۰۲۶ء




