مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام چوتھے آن لائن سالانہ نیشنل تربیتی سیمینار کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سےمجلس انصاراللہ جرمنی کی قیادت تربیت کے زیر اہتمام چوتھا آن لائن نیشنل تربیتی سیمینار سال رواں کے ماٹو ’’الخیر کلہٗ فی القرآن‘‘ یعنی تمام بھلائی قرآن میں ہے پر، مورخہ ۷؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بیت السبوح، فرینکفرٹ میں منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

سیمینار کی صدارت مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے کی جبکہ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے۔ شعبہ سمعی و بصری کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس سیمینار کی کارروائی اردو اور جرمن زبانوں میں آن لائن براہ راست نشر ہوئی جسے جرمنی بھر کے انصاربھائیوں نے سنا اور دیکھا۔ تربیتی سیمینار کی کارروائی دو علمی تقاریر پر مشتمل تھی جبکہ سیمینار کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے پر مشتمل تھا۔ اس سیمینار کے منتظم اعلیٰ مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر اول تھے۔
آن لائن تربیتی سیمینار کا آغازنماز ظہر و عصر کے بعد تقریباً دو بجے بیت السبوح کے لجنہ ہال میں ہوا۔ سیمینار میں نیشنل مجلس عاملہ انصاراللہ جرمنی کے علاوہ بیت السبوح کے دفاتر کے کارکنان اور فرینکفرٹ کے انصار کی بڑی تعداد شامل تھی۔

سٹیج پر مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی، مکرم مبلغ انچارج و نائب امیر جرمنی اور مکرم طاہر احمدصاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت موجود تھے۔ سیمینار کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت نے سیمینار کے مرکزی موضوع پر جبکہ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ’’نظام وصیت کا نظام خلافت سے تعلق‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔
سیمینار کےاختتام پر صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے اپنے اختتامی کلمات میں انصار بھائیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے ماہ رمضان میں ہر ناصر کو کم از کم ایک دور قرآن کریم ختم کرنے کی تلقین کی، اسی طرح انصار اللہ کے عہد کو یاد رکھنے، اپنی کمزوریوں کو دُور کرنے کے ساتھ ساتھ وقف عارضی اور نظام وصیت میں شامل ہونے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ آخر پر آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایک اقتباس پڑھ کر سنایا اور تمام شاملین و انتظامیہ اور مقامی انصاراللہ اور مکرم مبلغ انچارج صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ یہ نیشنل تربیتی سیمینار اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ نیشنل تربیتی سیمینار جرمنی)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بیلجیم کے مختلف علاقوں میں ’New Year Reception‘ پروگرامز کا انعقاد




