ایشیا (رپورٹس)

جاپان میں تقریب آمین اور دعاؤں کے ساتھ رمضان کا بابرکت اختتام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جاپان کو رمضان المبارک کے اختتامی ایام نہایت بابرکت انداز میں دعاؤں، تقریب آمین اور اجتماعی افطار کے ساتھ گزارنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مورخہ ۲۰؍مارچ کو جاپان میں موسم بہار کی آمد کے باعث عام تعطیل تھی جس کے نتیجہ میں طلبہ و طالبات اور احباب جماعت کی کثیر تعداد نے نماز جمعہ میں شرکت کی۔ نماز عصر کے بعد عزیزم ہادی میر ابن میر غضنفر پرویز صاحب کی تقریب آمین منعقد ہوئی۔ نیز ان تمام احباب کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی جنہیں رمضان المبارک میں قرآن کریم کا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

اس موقع پر مکرم انیس رئیس صاحب مبلغ انچارج جاپان نے تلاوت قرآن کریم کی برکات اور تکمیل قرآن کی خوشی کے حوالے سے صحابہ کرامؓ کی سیرت طیبہ سے نہایت ایمان افروز واقعات پیش کیے۔ نیز حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام ’محمود کی آمین‘ کا پس منظر بیان کرتے ہوئے احباب جماعت کو قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت اور اس کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے کی تلقین کی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم سے حقیقی تعلق قائم رکھنے اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: دانیال داؤد۔ مبلغ سلسلہ جاپان)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جاپان کی بعض مساعی

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button