حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ:پاکستان سپرلیگ کے گیارھویں سیزن کاآغاز ۲۶؍مارچ سے ہوا، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہورقلندرزاورپی ایس ایل میں نئی شامل ہونے والی ٹیم حیدرآبادکنگزمین کے مابین کھیلا گیا۔ لاہورنے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں ۱۹۹؍رنز بنائے جس کے جواب میں حیدرآبادکی ٹیم ۱۳۰؍رنز بناسکی۔ دیگر میچزمیں کراچی کنگزنےکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے خلاف ۱۴؍رنز سے اور لاہورقلندرزکے خلاف چاروکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔پشاورزلمی نے راولپنڈیزکے خلاف ۲۱۵؍رنزکا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔اسلام آبادیونائیٹڈکو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑاجبکہ کوئٹہ کی ٹیم نے اپنا دوسرامیچ حیدرآبادکے خلاف ۴۰؍رنزسے جیت لیا۔

انڈین پریمیئرلیگ:بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (IPL) کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرزبنگلورو (RCB) نے سن رائزرزحیدرآبادکے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔حیدرآبادنے ۲۰؍ اوورزمیں ۲۰۱؍رنزبنائے جس میں ایشان کشن کے ۳۸؍گیندوں پر۸۰؍رنزشامل تھے۔بنگلورونے مطلوبہ ہدف ۱۶ویں اوورمیں حاصل کرلیا۔ویرات کوہلی ۶۹؍رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلوروکے کیوی فاسٹ باؤلرJacob Duffy نے ۲۲؍رنزکے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔آئی پی ایل کے دوسرے میچ میں ممبئی انڈینزنے کولکتہ کی ٹیم کوچھ وکٹوں سے ہرایا۔ممبئی نے ۲۲۱؍رنز کا ٹارگٹ آخری اوورمیں پوراکیا، روہت شرمانے ۷۸؍ جبکہ Ryan Rickletonنے ۸۱؍رنزکی شاندارباری کھیلی۔ چنئی سپرکنگز(CSK)کو راجستھان رائلزکے ہاتھوں آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فارمولا وَن ریسنگ:جاپان کے شہرسوزوکا میں ہونے والی Japaneseگراں پری مرسیڈیز کے A.K. Antonelliنے جیت لی۔ اٹلی سے تعلق رکھنے والے فاتح ڈرائیورنے ۸۰۷.۵؍کلومیٹرٹریک کے۵۳؍چکروں پرمشتمل فاصلہ ایک گھنٹہ ۲۸؍منٹ اور۳؍سیکنڈ میں پوراکرتے ہوئے رواں سیزن میں لگاتاردوسری ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔میکلیرن کےبرطانوی ڈرائیور Oscar Piastriنےدوسری جبکہ مناکو سے تعلق رکھنے والےفیراری ڈرائیور Charles Leclercنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹینس:میامی اوپن مینزسنگلزکا ٹائیٹل اٹلی کے Jannik Sinnerنے جیت لیا۔فائنل میچ میں انہوں نے چیکیا کے Jiri Leheckaکےخلاف ۶۔۴؍اور۶۔۴؍کے سکور سے کامیابی حاصل کی۔ویمنزسنگلزایونٹ میں عالمی نمبرایک بیلاروس کی Aryna Sabalenkaنے امریکہ کی Coco Gauff کو شکست دے کر میامی اوپن میں اپنے ٹائیٹل کا کامیاب دفاع کیا۔سبالینکا کی جیت کا سکور۶۔۲، ۴۔۶؍اور۶۔۳؍رہا۔

فٹ بال:فیفا سیریز۲۰۲۶ءکے تحت ۳۴؍ممالک کے درمیان نومختلف ممالک میں فٹ بال کے دوستانہ میچزکھیلے جارہے ہیں۔ آسٹریلیامیں ہونے والی سیریز میں چین نے Curacaoکے خلاف ۲۔صفر سے کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا نے کیمرون کو ۱۔صفرسے ہرایا۔آذربائیجان میں ہونے والے مقابلے میں میزبان آذربائیجان کی ٹیم نے سینٹ لوشیا کےخلاف ایک کے مقابلہ میں چھ گول سے فتح حاصل کی۔انڈونیشیامیں منعقدہ سیریزکے فائنل میں بلغاریہ نے انڈونیشیا کو۱۔صفر سے شکست دی جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس نے Solomon Islandsکو۴۔۲؍سے ہرایا۔قازقستان میں ہونے والے میچز میں میزبان ٹیم نے نمیبیاکو۲۔صفر سے شکست دی جبکہ نمیبیا اور Comorosکا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابررہا۔نیوزیلینڈکی میزبانی میں کھیلی گئی سیریزمیں فن لینڈ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ پورٹوریکومیں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں میزبان ٹیم نے یوایس ورجن آئی لینڈزکے خلاف فتح حاصل کی۔

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button