فن لینڈ کے شہر Kerava میں ایک ماہ کے دورانیہ پر مشتمل قرآن کریم کی نمائش
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو مورخہ ۲ تا ۳۱؍مارچ ۲۰۲۶ء شہر Kerava کی سٹی لائبریری میں قرآن کریم کی ایک بابرکت نمائش منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش فن لینڈ بھر میں جاری مہم کا حصہ تھی جس کا مقصد قرآنی تعلیمات کے ذریعہ امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرتی روابط کو فروغ دینا ہے۔

نمائش کا باقاعدہ افتتاح Kerava شہرکی ڈائریکٹر آف لائبریریز محترمہ Maria Bang نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر مقامی معززین اور جماعت احمدیہ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ موصوفہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےاس کاوش کو سراہا اور کہا کہ جماعت احمدیہ کی جانب سے امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی یہ کوشش نہایت قابل قدر ہے۔ یہ مقامی افراد کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ خود براہِ راست قرآن کریم کی تعلیمات کواپنی زبان میں سمجھ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں روزانہ تقریباً ۷۰۰؍افراد آتے ہیں جو اس نمائش سے مستفید ہوسکیں گے۔
تقریب کے دوران جماعت احمدیہ کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور اس امر کو نمایاں کیا گیا کہ جماعت احمدیہ کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرآن کریم کے ۷۰؍سے زائد زبانوں میں تراجم کی اشاعت کی توفیق ملی ہے۔ نمائش کے حوالے سے مقامی اخبار Keski-Uusimaa میں ۲۸؍فروری ۲۰۲۶ء کو ایک تفصیلی خبر شائع ہوئی جس میں اس نمائش کا باقاعدہ اعلان کیا گیا اور عوام الناس کو ۲تا۳۱؍مارچ Kerava لائبریری کا دورہ کرنے کی ترغیب دی گئی۔ خبر میں بتایا گیا کہ یہ نمائش جماعت احمدیہ کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد بین المذاہب مکالمے اور امن کے قیام کو فروغ دینا ہے۔ خبر میں مبلغ انچارج فن لینڈ مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب کا موقف بھی شامل کیا گیا کہ اس نمائش کا مقصد غیر مسلم افراد کو قرآن کریم سے متعارف کروانا اور مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے مابین باہمی سمجھ بوجھ کو بڑھانا ہے، کیونکہ جب لوگ ایک دوسرے کو بہتر طور پر جانتے ہیں تو معاشرتی ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔
نمائش میں قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے ساتھ ساتھ ایسے پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے تھے جن میں قرآنی تعلیمات اور جدید سائنس کی عظیم دریافتوں کے حوالے سے قرآن کریم کی راہنمائی کو واضح کیا گیا تھا۔ مزید برآں زائرین کے لیے یہ سہولت بھی مہیا کی گئی کہ وہ آن لائن قرآن کریم کی تلاوت سن سکیں اورopenquran.com سرچ انجن کے ذریعہ کسی بھی موضوع پر قرآنی تعلیمات تلاش کر سکیں۔ اگر کوئی زبان نمائش میں موجود نہ ہو تو زائرین ویب سائٹ کے ذریعہ اپنی مطلوبہ زبان میں قرآن کریم pdf میں ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہِ مارچ کے دوران لگی قرآن کریم کی نمائش سے تقریباً ۲۱؍ہزار افراد مستفید ہوئے۔ الحمدللہ
(رپورٹ: بشارت الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ)




