یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ بیت الفتوح ریجن کے زیر اہتمام قرآن سیمینار کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ برطانیہ کے بیت الفتوح ریجن کو مورخہ ۳؍مارچ بروز منگل نماز عصر و درس القرآن کے بعد طاہر ہال میں قرآن سیمینار منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ریجنل ناظم تعلیم القرآن مکرم مظفر حسین فراز صاحب کی نگرانی میں دو ہفتے قبل ہی بھرپور تیاری شروع کردی گئی تھی۔ ریجن کی مجالس کے مقامی منتظمین کے ذریعے تمام انصار سے رابطہ کیا گیا اور تقریباً روزانہ کی بنیاد پر پیغامات بھی ارسال کیے گئے۔

قائد تعلیم القرآن مجلس انصاراللہ یوکے مکرم نویدالظفر صاحب کی زیر صدارت مکرم محمود وردی صاحب مبلغ سلسلہ کی تلاوت قرآن کریم سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم رضا احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے ’’قرآن کریم میں انبیاء کے واقعات‘‘ کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے مختلف انبیاء کے ادوار میں لوگوں کو توحید باری تعالیٰ کی دعوت دینے کے حوالے سے ایمان افروز واقعات اور انبیاء کرام کی قربانیوں کا ذکر کیا۔ بعد ازاں مکرم شیخ رفیق احمد طاہر صاحب نے’’قرآن کریم میں سائنسی حقائق‘‘ کے موضوع پر پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں سائنسی علوم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ جبکہ آخری پریزنٹیشن میں قائد صاحب تعلیم القرآن مجلس انصاراللہ یوکے نے ’’قرآن کریم اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات کو ایک عظیم خزانہ اور خدا تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم کرنے کا ذریعہ اہم قرار دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے شعبہ تعلیم القرآن کا آئندہ لائحہ عمل بھی پیش کیا۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ اس سیمینار کا اختتام ہوا۔

اس سیمینار کے انعقاد کا بنیادی مقصد انصار اور ان کے اہل خانہ میں قرآن کریم کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط کرنا، اس کے پیغام کو سمجھنے اور روزمرہ زندگی میں اس پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلانا تھا۔ حاضرین نے نہایت دلچسپی اور توجہ کے ساتھ تمام پریزنٹیشنز کو سنا اور مقررین کی پیش کردہ معلومات سے بھرپور استفادہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر بعض شرکاء نے مقررین سےسوال کرکے مزید راہنمائی بھی حاصل کی جس سے اس سیمینار کی افادیت میں مزید اضافہ ہوا۔

اس موقع پر طاہر ہال کو پروگرام کی مناسبت سے قرآنی تعلیمات پر مشتمل خوبصورت پوسٹرز اور بینرز سے مزین کیا گیا تھا۔ مزید برآں قرآن کریم کے مختلف تراجم کے کئی نسخہ جات بھی شرکاء کے مشاہدے کے لیے رکھے گئے تھےجس سے حاضرین کو قرآن کریم کے پیغام کو مختلف زبانوں میں سمجھنے کا موقع ملا۔

ناظم اعلیٰ مجلس انصاراللہ بیت الفتوح ریجن مکرم ڈاکٹر طیب احمد منصور صاحب نے پروگرام کی کامیابی پر قائد تعلیم القرآن، مقررین، حاضرین اور رضاکاران کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ پروگرام کامیابی سے منعقد ہوا۔ شرکاء کی جانب سے پروگرام کے مواد، انداز پیشکش اور مجموعی افادیت کے حوالے سے نہایت مثبت اور حوصلہ افزا تاثرات موصول ہوئے۔ تمام شاملین کی خدمت میں افطاری پیش کی گئی جبکہ وقفہ نماز مغرب کے بعد عشائیہ سے بھی تواضع کی گئی۔

یہ پروگرام اگرچہ ایک ورکنگ ڈے میں منعقد کیا گیا تھا اس کے باوجود اس بابرکت تقریب میں ۷۹؍انصار نے اپنے ۷۷؍اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی اور اس طرح مجموعی حاضری ۱۵۶؍رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام منتظمین اور شرکا کو اس کا بہترین اجر عطا فرمائے اور ان کی مساعی کو قبول فرمائے۔ آمین

(رپورٹ :لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button