گیمبیا کی جماعت بصے اور جماعت مانساکونکو کی رمضان المبارک میں مساعی
جماعت احمدیہ بصے میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
مکرم ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع احمد خان صدر جماعت احمدیہ بصے تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے Upper River Region کے ریجنل ہیڈکوارٹر کی جماعت بصے کو مورخہ۲۰؍فروری ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک جلسہ یوم مصلح موعود منانے کی توفیق ملی۔

اس سلسلہ میں مکرم یوسف فاٹی مبلغ سلسلہ نے پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے خطبہ جمعہ دیا۔ بعداز نماز جمعہ جلسہ یوم مصلح موعود کی کارروائی کا آغاز خاکسار کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: حضرت مصلح موعودؓ کی جماعت کی خاطر قربانیاں اور حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت اسلام۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا جوکہ مکرم یوسف فاٹی مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ اس جلسہ کی حاضری ۵۲؍رہی۔ الحمدللہ
روزانہ افطار کا انعقاد:اس کے علاوہ جماعت احمدیہ بصے کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے روزانہ مسجد کے باہر اجتماعی افطاری کروانے کی بھی سعادت نصیب ہوئی جس میں تقریباً ۲۰ سے ۲۵؍احمدی و غیراحمدی احباب، قریبی غریب ہمسائے اور راہگیر مسافر شامل ہوتے رہے۔ افطاری اور نماز مغرب کے بعد مسجد میں تربیتی کلاس ہوتی اور بعدازنماز عشاء تمام حاضرین نماز تراویح میں شامل ہوتے۔
مفت راشن کی تقسیم:اسی طرح ماہ رمضان مبارک میں جماعت کے کلینک میں موجود سٹاف اور مسجد کے گردو نواح میں موجود غریب مستحقین میں مفت اشیائے خور و نوش تقسیم کی گئیں۔ ان اشیاء میں چاول، پیاز، گھی، چینی، چائے وغیرہ شامل تھیں۔ ان اشیاء سے کلینک کے سٹاف کے علاوہ تقریباً ۲۰؍غریب خاندانوں کی مدد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
لوئر ریور ریجن کی جماعت مانساکونکو میں جلسہ یوم مصلح موعودو قومی دن کا انعقاد
اسی طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت مانساکونکو کو مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
نماز عصر کی ادائیگی کے بعد قرآن کریم کے ایک پارہ کا درس ہوا جس کے بعد جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حدیث سے ہوا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے جلسہ کا پس منظر بیان کیا اور حضرت مصلح موعودؓ کی نمازوں، عبادت اور قرآن کریم سے عشق کے حوالے سے ایمان افروز واقعات بیان کيے۔ اس کے بعد صدر جماعت نے تمام احباب کو رمضان المبارک سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی نصیحت کی اور دعا کروائی۔

مورخہ ۱۸؍فروری گیمبیا کا قومی دن ہے۔ اس سلسلہ میں جماعت احمدیہ مانسکونکو کو بعد از نماز عصر ’’حب الوطنی‘‘ کے عنوان کے تحت جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں تلاوت قرآن کریم اور حدیث کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعدخاکسار نے حب الوطنی کے موضوع پر قرآن کریم، احادیث اور خلفائے کرام کے حوالے سے اسلامی تعلیمات پیش کیں اور آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ سے واقعات بیان کيے۔ آخر پر ملک کی سلامتی و ترقی کے ليے دعا کی گئی۔
اللہ تعالیٰ ان جلسوں کے دوررس نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں خلافت کے ساتھ جوڑے رکھے۔ آمین
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




