خدا کا زندہ نشان احمد

غلامِ صادق غلامِ احمد خدا سے پایا ہے نامِ احمد
خدا کا زندہ نشان احمد نبی کا نائب غلامِ احمد
نبی کا قولِ کریم سن لو ملے جو تم کو زمانِ احمد
پہاڑ سےبھی گزر کے جانا تو کہنا اس کو سلامِ احمد
خداسے ملنے کی رہ دکھائے دلوں میں عشقِ نبی بسائے
کرے مثیلِ صحابہ تم کو کہ جاوداں ہے پیامِ احمد
صلیب توڑی جہاد چھوڑا تو حق سے باطل کا سر بھی پھوڑا
کہ تیر جیسا قلم تھا اس کا تو سیف جیسا کلامِ احمد
نجاتِ دائم جو ڈھونڈتے ہو سکون و راحت بھی چاہتے ہو
اِدھر اُدھر کیا بھٹک رہے ہو اب آؤ زیرِ نظامِ احمد
محبتوں کی قبا کو پہنو تو نفرتوں کی ردا اتارو
لباسِ تقویٰ ہی زیبِ تن ہو یہی ہے پندِ امامِ احمد
ہیں خشک دیں سب ہی مثلِ مردہ وہ زندگی کی ندا ہی کیا دیں
حیاتِ ازلی جو بخشتا ہے پیو تم آ کر وہ جامِ احمد
زمانے بیتے بشر بھی گزرے مگر نہ آیا تمہارا مہدی
جو آ گیا ہے تم اس کو مانو سنو خدا را پیامِ احمد
تمام نبیوں سے مرتبہ میں بلند تر خاتم الرسلؐ ہیں
مسیحِ موسیٰ بھی ہیں مکرم مگر ہے بڑھ کر مقامِ احمد
(ابو بلال)
مزید پڑھیں: بتائیں کس طرح دنیا کو ہم برکت خلافت کی




