بیت السبوح فرانکفرٹ، جرمنی میں زیرتبلیغ ترک احباب کے ساتھ اجتماعی افطاری
اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ تبلیغ جرمنی کو مختلف النوع تبلیغی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ مورخہ ۸؍مارچ ۲۰۲۶ء کو ترکش ڈیسک جرمنی کو رمضان المبارک کی مناسبت سے بیت السبوح، فرانکفورٹ میں ترک زبان بولنے والے زیرِتبلیغ مہمانوں کے اعزاز میں ایک بابرکت افطار پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں۳۰؍مرد اور۱۵؍ترک خواتین کے علاوہ متعدد احمدی ترک احباب اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوئے۔ اس لحاظ سے کل ۹۲؍مہمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد مہمانوں کو جماعت احمدیہ اور امام الزماں حضرت مسیح موعودؑ کے تعارف سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ افطار سے قبل مہمانوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات پر مبنی خصوصی نمائشیں دکھائی گئیں جس میں اسلام، قرآن کریم اور سائنس کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا گیا تھا۔ اسی طرح تاریخ احمدیت جرمنی کے حوالے سے بھی نمائش لگائی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ترک زبان میں تیار کردہ بینرز، پوسٹرز اور ڈیجیٹل سکرینز کے ذریعے جماعت احمدیہ کی مختلف سماجی اور فلاحی خدمات کا تعارف بھی پیش کیا گیا جسے مہمانوں نے بڑی دلچسپی سے دیکھا اور سراہا۔

اس موقع پر ترکش احمدی احباب اور مربیانِ کرام نے نہایت خلوص کے ساتھ مہمانوں کی میزبانی کی اور ان کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کے پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
اس تقریب کے لیے بیت السبوح کے دونوں بڑے ہالوں کو استعمال کیا گیا تھا تاکہ مہمانوں کے لیے مناسب انتظامات کیے جا سکیں۔ اس پروگرام کی تیاری اور ترتیب میں مکرم تلمیذ احمد صاحب مبلغ سلسلہ ترکش ڈیسک نے نہایت محنت، لگن اور دلجمعی کے ساتھ خدمات سرانجام دیں۔
شام ۵؍بجے سے پہلے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ مردانہ سپورٹس ہال میں گول میز اور کرسیاں لگا کر مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ہال کا ایک چوتھائی حصہ خواتین کے ليے علیحدہ مختص کیا گیا تاکہ خواتین پردے میں رہ کر احمدی خواتین سے گفتگو کریں اور روزہ افطار کرسکیں۔

سٹیج پر مکرم عبداللہ واگز ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی کے علاوہ ترکش ڈیسک کی نمائندگی میں مکرم چنگیز وارلی صاحب ایڈیشنل نیشنل سیکرٹری تربیت نومبائعین وقف جدید براجمان تھے جو آج کی تقریب کے میزبان بھی تھے۔ جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض مکرم نوید خان صاحب نے سرانجام دیے۔
ناظم پروگرام نے معزز مہمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی طرف سے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور بالخصوص ترک مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ نیز بتایا کہ اس پروگرام میں ترک مہمانوں کی سہولت کے پیش نظر بعض حصوں کا ترکش زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا جائے گا تاکہ پیغام کو بہتر انداز میں سمجھا جاسکے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز شام ۵ بج کر ۳۵؍منٹ پر تلاوتِ قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم حسن عودہ باسی صاحب جو ترکش ڈیسک کے فعال ممبر ہیں نے آنحضرتﷺ کی رمضان المبارک کی فضیلت کے حوالے سے چند احادیث مبارکہ ترکی زبان میں پیش کیں۔ اسی طرح مکرم چنگیز وارلی صاحب نےحاضرین کوترکش زبان میں رمضان المبارک کی حقیقی روح پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ روزہ محض بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کی اخلاقی اور روحانی اصلاح کا ذریعہ ہے۔ رمضان انسان کو صبر، ہمدردی، ایثار اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
اس کے بعد حاضرین مجلس کو مکرم تلمیذ احمد صاحب کی ترکی زبان میں تیار کردہ جماعت احمدیہ کے مفصل تعارف پر مبنی ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی۔
مزید براں جماعت کی فلاحی خدمات کا بھی ذکر کیا گیا کہ جماعت احمدیہ کی بین الاقوامی امدادی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ دنیا کے مختلف ممالک میں انسانی خدمت کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔
محترمہ Fatima Cagin صاحبہ نے اپنی مختصر تقریر میں جماعت احمدیہ کی انسانی ہمدردی، باہمی احترام اور معاشرتی ذمہ داری کے جذبے کی بہت تعریف کی اور دکھی انسانیت کی مدد کرنے پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ چھوٹے چھوٹے نیک اعمال بعض اوقات کسی کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا سبب بن جاتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پرسٹی پارلیمنٹ فرانکفورٹ کے رکن اور سیاسی جماعت BIGکے سربراہ جناب Haluk Yildiz نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلمانوں اور دیگر تنظیموں کو مل کر امن، انصاف اور باہمی احترام کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔
افطاری سے چند لمحے قبل مکرم امیر صاحب نے مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد تمام شاملین نے روزہ افطار کیا۔
تقریب کے اختتام پر ناظم صاحب سٹیج نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
جناب Yildirim Ulaş صاحب نے کہا کہ میں تمام بھائیوں کو رمضان مبارک کہتا ہوں۔ ان شاء اللہ اس کے بعد ہم مل کر کام کرنے کی تمنا رکھتے ہیں۔ احمدیوں کی مساجد میں مَیں خوشی کے ساتھ جاتا ہوں اور پیارے احمدی بھائیوں سے مل کر خوشی ملتی ہے۔
جناب Enes Gülegenصاحب نے کہا کہ میں جماعت کو آج شام کی تقریب کے لیے شکریہ کہنا چاہتا ہوں۔ فرانکفورٹ میں اتنے زیادہ مختلف لوگوں کا اکٹھا ہونا اور آپس میں باہمی امن، محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم ہونا معاشرے کے لیے ایک بہت ضروری پیش رفت ہے۔ اس لحاظ سے میں جماعت کی اس کاوش کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اس پروگرام میں شعبہ سمعی وبصری، نیشنل شعبہ ضیافت کی ٹیموں کے علاوہ نیشنل شعبہ تبلیغ کی ٹیم نے بھر پور تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ سب معاونین وکارکنان کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت ہائے فجی میں جلسہ جات یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد




