جماعت احمدیہ بومی کاؤنٹی، لائبیریا میں چھٹا آن لائن مقابلہ تلاوت قرآن کریم
مکرم آصف احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بومی کاؤنٹی، لائبیریا کی جانب سے مسلسل چھ سالوں سے رمضان المبارک میں ریڈیو کے ذریعے آن لائن مقابلہ تلاوت قرآن کریم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ امسال اس سلسلہ میں چھٹا مقابلہ منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز پہلے دو ہفتہ وار پروگراموں سے ہوا جو ہر جمعہ کی رات ۹سے ۱۰؍بجے کے درمیان نشر کیے گئے جس میں مجموعی طور پر ۳۰؍شرکاء نے اپنی رجسٹریشن کروائی اور تلاوت کی سعادت حاصل کی۔

مقابلے کے تیسرے مرحلہ کے لیے امیدواروں کو تلاوت کے ليے مخصوص حصہ دیا گیا تھا جس کی بنیاد پر جانچ پڑتال کے بعد ۶؍قراء کو فائنل مقابلہ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ۱۳؍مارچ جمعہ کی شب اس سلسلہ کا فائنل پروگرام منعقد ہوا جس میں ان منتخب شرکاء نے مخصوص قرآنی حصے کی تلاوت پیش کی۔
نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے قراء کو لجنہ اماءاللہ لائبیریا کی طرف سے مہیا کردہ انعامات مکرم حافظ ابراہیم سعید صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا نے تقسیم کیے۔ ریڈیو پر نشر ہونے والے اس علمی و روحانی مقابلہ کو مقامی سامعین نے خوب سراہا اور پروگرام کے دوران متعدد فون کالز اور پیغامات موصول ہوئے جن میں اس کاوش کی مقبولیت کا اعتراف کرتے ہوئے منتظمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو قرآن کریم کی سچی محبت پیدا کرنے کا ذریعہ بنائے اور تمام شاملین و منتظمین کو اپنی رضا سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )
مزید پڑھیں: جماعت ہائے فجی میں جلسہ جات یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد




