جماعت احمدیہ گیانا کی رمضان المبارک میں مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے امسال بھی جماعت احمدیہ گیانا میں رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں بھرپورمصروفیت رہی۔ الحمدللہ
جماعت احمدیہ گیانا کی تین مساجد میں ہر روزباقاعدہ نماز تراویح اور افطاری کے انتظامات کيے گئے تھے اور ایک سینٹر میں ویک اینڈ پر نماز تراویح اور افطاری کے انتظامات تھے۔ احباب جماعت کو افطاری کے انتظامات کے لیے مالی قربانی کی بھی توفیق ملی۔ بعض افراد خود سے کچھ اشیاء لے آتے تھے یا بعض دن مکمل افطاری کے انتظامات کرتے تھے۔ اسی طرح جارج ٹاؤن میں ایک خادم نے ۲۰؍دن کھانا پکانے کی توفیق پائی۔

رمضان المبارک میں غرباء کابھی خیال رکھا گیا اوران میں ۳۰؍فوڈ راشن بیگز تقسیم کيے گئے۔ ۳۰؍فوڈ راشن بیگز نیشنل ایڈز سیکرٹریٹ کو بھی ديے گئے۔ کل ۶۰؍فوڈ ہیمپرز تقسیم ہوئے۔
رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کے دوران ایک دن خاکسار مبلغ سلسلہ کو نیشنل ٹی وی چینل پر اسلام کی خوبصورت تعلیم کی روشنی میں روزے پر گفتگو کرنے کا موقع بھی ملا۔ اس پروگرام میں ہندو اور عیسائی پادری بھی شامل تھے اور انہوں نے بھی اپنے روزوں سے متعلق گفتگو کی۔

خاکسار نے رمضان المبارک کے دوران مختلف جماعتوں کا بھی دورہ کیا۔ ایک دورہ کے دوران اپوزیشن لیڈر مکرم اظہرالدین محمد صاحب ہماری مسجد میں تشریف لائے اور احباب جماعت سے ملاقات بھی کی۔
اسی طرح عید کی نماز تین مساجد اور ایک سینٹر میں پڑھی گئی جس کی کل حاضری ۹۷؍افراد تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ جارج ٹاؤن کے بعض احباب کلوا جمعیاً کے تحت کچھ کھانے پینے کی اشیاء بھی لے کر آئے۔ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کيے گئے۔ اسی طرح غرباء میں بھی میٹھا اور عیدی تقسیم کی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ایک سو ایک ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا بابرکت انعقاد




