قادیان دارالامان کی حالیہ مساعی کی ایک جھلک
٭… واقفین نو کے پندرہ روزہ ریفریشر کیمپ میں ۱۶۰؍واقفین نو کی شمولیت
٭… قادیان دارالامان میں جملہ محلہ جات کی مساجد میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد
٭… جامعہ احمدیہ قادیان میں تقریب تقسیم اسناد شاہد کا انعقاد
نیشنل وقف نو ریفریشر کیمپ کا شاندار انعقاد
مورخہ ۲۱؍اپریل تا ۵؍مئی ۲۰۲۴ء قادیان دارالامان میں شعبہ وقف نو بھارت کے زیر اہتمام واقفین نو کے لیے نیشنل وقف نو ریفریشر کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں امسال انڈیا کے چھ صوبہ جات سے کُل ۱۶۰؍واقفین نو شامل ہوئے۔ نیشنل وقف نو ریفریشر کیمپ میں شامل ہونے والے جملہ واقفین کے لیے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے تفصیلی تربیتی شیڈول تیار کیا گیا جس کے مطابق واقفین کی تعلیم و تربیت کا انتظام کیا گیا۔
واقفین نو کے اس پندرہ روزہ ریفریشر کیمپ میں تمام واقفین پنج وقتہ نماز باجماعت کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نماز فجر کے بعد تلاوت قرآنِ کریم اور پھر مزار مبارک حضرت مسیح موعودؑ پر جا کر دعا کرتے رہے۔
کیمپ کے دوران واقفین نو کے لیےمختلف تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے جن میں تجویدالقرآن کلاسز، ۱۲؍مختلف عناوین پر خصوصی تربیتی لیکچرز (جن میں سوال و جواب کا سیشن بھی شامل ہے)، خصوصی علمی ڈاکومنٹریز، خصوصی ڈسکشن سیشنز، زیارت مقاماتِ مقدسہ، جماعتی عمارات کا دورہ، قرآن نمائش، النور نمائش اور اسلام امن عالم نمائش ، مخزن تصاویر، مقام چلہ کشی حضرت مسیح موعودؑ بمقام ہوشیارپور اور دارالبیعت بمقام لدھیانہ کی زیارت، مکرم ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند کے ساتھ خصوصی نشست، جامعہ احمدیہ کے حوالے سے خصوصی نشست، کھیلیں وغیرہ شامل ہیں۔
مورخہ ۱۵؍مئی کو بعد نماز مغرب و عشاء سرائے خدمت میں ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان مولانا محمد انعام غوری صاحب کی زیر صدارت نیشنل وقف نو ریفریشر کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اختتامی تقریب میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے واقفین کو سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں مختلف تربیتی امور کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی تقریب میں کیمپ میں شامل ہونے والے جملہ واقفین کو سندات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مکرم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان نے صدارتی تقریر کی اور واقفین کو تحریک وقف نو کی اہمیت و برکات کا ذکر کرتے ہوئے سیدنا حضور انور کے ارشادات کی روشنی میں تربیتی امور کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
جلسہ یوم خلافت کا انعقاد
مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۴ء کویوم خلافت کے موقع پر قادیان دارالامان کے جملہ محلہ جات کی مساجد میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔
مسجد اقصیٰ قادیان میں یہ جلسہ مکرم ناظر صاحب دعوت الیٰ اللہ شمالی ہند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت ونظم کے بعد علمائےکرام نے خلافت احمدیہ کی اہمیت و برکات اور اسلام کی سر بلندی کی خاطر خلفائے احمدیت کی عظیم الشان کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالنے والی تقاریر کیں۔
صدارتی تقریر و دعا سے جلسے کا اختتام ہوا۔ افراد جماعت قادیان نے اپنے اپنے محلہ جات کی مساجد میں حاضر ہو کر جلسہ سنا اور بھر پور رنگ میں فائدہ اُٹھایا۔
یوم خلافت سے ایک روز قبل مورخہ ۲۶؍ مئی ۲۰۲۴ء کو مجلس خدام الاحمدیہ قادیان کی جانب سے خلافت کے تعلق سے ایک خصوصی تبلیغی جلسہ بھی منعقد کیا گیا جس میں گرد و نواح سے غیر احمدی و غیر مسلم احباب کو بھی مدعو کیا گیا۔ تلاوت و نظم کے بعد خلافت احمدیہ کے تعارف اور ضرورت و اہمیت کے حوالے سے تقاریر ہوئیں اور حاضرینِ جلسہ کو اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ عصرِ حاضر میں مسلمانوں کی جو دردناک اور افسوسناک حالت ہے اس کا ایک ہی حل ہے کہ امّتِ مسلمہ خلافتِ احمدیہ کے ساتھ چمٹ جائے کیونکہ یہی حقیقی اسلامی خلافت ہے۔
بعد ازاں خلافت احمدیہ کی اہمیت و برکات کے موضوع پر ایک دلچسپ و معلوماتی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ قادیان کی ان کوششوں کے دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
جامعہ احمدیہ قادیان میں تقریب تقسیم اسناد شاہد کا انعقاد
مورخہ ۳۱؍مئی ۲۰۲۴ء کو سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی طرف سے قائم فرمودہ دینی درسگاہ جامعہ احمدیہ قادیان کے صحن میں امسال جامعہ احمدیہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب تقسیم اسناد منعقد کی گئی۔ اس موقع پر جامعہ احمدیہ قادیان کے اساتذہ و طلبہ کے علاوہ قادیان کے مرکزی دفاتر کے ناظر صاحبان اور افسرانِ صیغہ جات نے بھی شمولیت اختیار کی۔
امسال جامعہ احمدیہ قادیان سے ۱۶؍ طلبہ شاہد کی ڈگری حاصل کرکے اور اپنی ٹریننگ مکمل کرکے فارغ التحصیل ہوئے ہیں اور اب میدانِ عمل میں خدمتِ دین بجا لانے جا رہے ہیں۔ الحمدللہ
جامعہ احمدیہ قادیان میں تقسیم اسناد کی یہ تقریب مکرم قائم مقام ناظر صاحب اعلیٰ قادیان کی زیرِصدارت منعقد ہوئی اور مکرم صدر صاحب صدر انجمن احمدیہ قادیان اور مکرم ناظر صاحب تعلیم قادیان بطور مہمانِ خصوصی شامل ہوئے۔
تلاوتِ قرآن مجید سے تقریب کا آغاز ہوا۔ دعا کے بعد ترانہ پڑھا گیااور جامعہ احمدیہ قادیان کی سالانہ کارگزاری رپورٹ ڈاکومنٹری کی شکل میں پیش کی گئی۔ اس موقع پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کینیڈا کے مربیان سلسلہ کے ساتھ منعقدہ ورچوئل ملاقات بھی دکھائی گئی جس میں حضور انور نے مربیان سلسلہ احمدیہ کو زریں ہدایات فرمائی ہیں۔
بعدہٗ مکرم قائم مقام ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے اپنی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں مبلغین کی تبلیغی و تربیتی ذمہ داریوں کے حوالے سے طلبہ کو توجہ دلائی۔
پروگرام کے اختتام پر مکرم قائم مقام ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے جامعہ احمدیہ قادیان کے فارغ التحصیل طلبہ میں ’’اسناد شاہد‘‘ تقسیم کیں۔ اس موقع پر جامعہ احمدیہ قادیان کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ تمام فارغ التحصیل طلبہ کو میدانِ عمل میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی توقعات کے مطابق خدمتِ سلسلہ بجا لانے کی اور حضور انور کا سلطانِ نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)