اوسٹینڈ (Oostende)، بیلجیم میں ایک تبلیغی پروگرام میں جماعت کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ اوسٹینڈ (Oostende) بیلجیم کو مورخہ ۲۱؍اپریل۲۰۲۴ء بروز اتوار پروفنڈو نامی پروگرام میں شرکت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
بیلجیم کے شہر اوسٹینڈ میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں مختلف مذاہب اور جماعتوں کو دعوت عام دی گئی جس میں شامل ہونے والے شرکاء نے مختلف عقائد ہونے کے باوجود محبت ، اخوت اور وحدت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا تاکہ معاشرے کو پُرامن اور مثالی بنایا جاسکے۔ اسی حوالے سے شہر کی انتظامیہ نے جماعت احمدیہ کو بھی دعوت دی کہ وہ پروگرام میں شامل ہوکر اپنے عقائد و دیگر تعلیمات کا تعارف پیش کریں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سےاس پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے صدر جماعت احمدیہ نےمیٹنگ کر کے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرکے پروگرام ترتیب دیا۔
جماعتی روایت کے مطابق پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں شہریار اکبر صاحب مربی سلسلہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔اس کے بعد مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے گئے اور ان کو چاکلیٹس اور کتابیں وغیرہ بھی دی گئیں۔
تمام مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ جماعت کے عہدیداران و معاونین نے بڑے احسن طریقے سے ان کو جماعت احمدیہ اورحقیقی اسلام کا تعارف کروایا اور ان کے سوالات کے جواب دیے۔
اس پروگرام کا دورانیہ تین گھنٹے تھا۔ پروگرام کے آخر میں منتظمین نےجماعت احمدیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)