جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

تیاری جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء۔ وقارعمل کا پہلا دن

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کو مورخہ ۲۳ تا ۲۵ اگست ۲۰۲۴ء اپنا ۴۸واں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ

مکرم نورالدین اشرف صاحب مربی سلسلہ وناظم رپورٹنگ اطلاع دیتے ہیں کہ امسال جلسہ سالانہ جرمنی ایک نئی جگہ یعنی جرمنی کے شہر Mendig میں منعقد ہو رہا ہے۔ تقریباً ۲۰ سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کھلے آسمان تلے حدیقۃ المہدی کی طرز پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

یوں توجلسے کی تیاری اور کاموں کا آغاز ایک جلسہ ختم ہونے کے ساتھ ہی شروع ہو جاتا ہے۔ تاہم اس جگہ پر مورخہ ۱۵؍جولائی سے کام شروع کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک مختلف خیمہ جات لگائے جا چکے ہیں لیکن وقارعمل کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۱۴؍ اگست کو ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی بھر سے رضاکار وقار عمل میں شرکت کرنے کے لیے علی الصبح ہی مقام جلسہ گاہ آنے شروع ہوگئے تھے انتظامیہ نے آنے والے کارکنان کے لئے ناشتہ کا انتظام کیاہوا تھا احباب ناشتے سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ دوست احباب سے گپ شپ بھی لگاتے رہے۔

ضیافت کے مین پنڈال میں ناظم صاحب تیاری مکرم ندیم احمد صاحب کی زیرنگرانی ایک عارضی چبوترہ تیار کیا گیا جس پر مکرم احسن فہیم صاحب مربی سلسلہ وناظم سمعی وبصری کی ٹیم نے فوری طور پر ساؤنڈ سسٹم نصب کیا تاکہ اس دعائیہ تقریب کی آواز تمام احباب تک پہنچ سکے۔ ٹھیک صبح ۱۱بجے محترم نیشنل امیر جماعت احمدیہ جرمنی، محترم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی، مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب افسر جلسہ سالانہ، مکرم حافظ فرید احمد خالدؔ صاحب افسر جلسہ گاہ، مکرم امتیاز شاہین صاحب افسر خدمت خلق و صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے علاوہ نائب افسران اور بعض ناظمین سٹیج پرتشریف لے آئے۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع جرمن، اردو ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت عزیزم راحیل احمد متعلم جامعہ احمدیہ درجہ ثالثہ کے حصہ میں آئی۔

مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے شاملین وقارعمل کو خوش آمدید کہا اور جلسہ کے مختلف شعبہ جات کواپنی قیمتی نصائح سے نوازا۔ اسی طرح وقار عمل کرنے والوں کو کہا کہ کام کرتے ہوئے ہمیشہ دعائیں کرتے رہیں اور درود شریف کے ورد کو اپنا شعار بنائیں نیز فرمایا :۔ ہمیں یہ بات مدنظر رکھنی چاہیے کہ تقریباً ایک ہفتہ کے بعدانشاء اللہ ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہمارے درمیان موجود ہوں گے تب روحانیت کا مرکز یہ جگہ ہوگی اس لیے ہم میں سے ہر ایک کو اپنے اندر ایک تبدیلی پیدا کرنی چاہیے چونکہ ایک لمبے عرصے کےبعد کھلے میدان میں جلسہ سالانہ منعقد کیا جا رہا ہے اس لیے کچھ مشکلات بھی پیش آئیں گی جنہیں ہمیں خوش اسلوبی سے حل کرنا ہوگا۔

اس کے بعد مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ نے شاملین وقارعمل کو بعض انتظامی ہدایات دیں۔ آپ نے کہا کہ موسم اگلے دنوں میں کچھ خراب ہوگا اس لیے احتیاط کی جائے نیز جو چھوٹے بچے ساتھ ہیں ان کا خیال رکھا جائے اس کےبعد آپ نے تمام نائب افسران اور بعض ناظمین کا تعارف کروایا۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے اعلان کیا کے آپ لوگوں کے لیے شعبہ ضیافت نے مٹھائی کا انتظام کیا ہے کام شروع کرنے سے پہلے منہ میٹھا ضرور کریں۔

آخر پرمحترم مبلغ انچارچ صاحب نے دعا کروائی۔

دعا کے بعد جملہ حاضرین کے ساتھ ایک گروپ تصویر ہوئی اس افتتاحی تقریب میں جامعہ احمدیہ جرمنی کےطلباء کے علاوہ جرمنی بھر کی جماعتوں سے تشریف لوانے والے۴۰۰کے قریب احباب شامل تھے۔(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

[نوٹ: یہ رپورٹ الفضل کی ویب سائٹ پر۱۶؍اگست ۲۰۲۴ء کو شائع ہوئی۔ بعد ازاں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ جرمنی میں بنفسِ نفیس شمولیت کا پروگرام بوجوہ ملتوی ہو گیا لہٰذا حضورِ انور اسلام آباد ٹلفورڈ سے براہِ راست جلسہ سالانہ جرمنی سے خطابات فرمائیں گے۔]

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button