جماعت احمدیہ گلاسگو کے زیر اہتمام پین افریقن امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد
اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
مورخہ9؍نومبر 2019ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ گلاسگو نے اپنی سالانہ امن کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس سال یہ کانفرنس افریقہ سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کے لیے مختص تھی جس میں خصوصی طور پر افریقن دوستوں کے ساتھ ساتھ مقامی اسکاٹش مسلم و غیر مسلم احباب کو بھی مدعو کیا گیا۔
افریقن سینٹر گلاسگو کے ہال میں شام چار بجےمنعقد ہونے والی اس کانفرنس کے ساتھ قرآنِ کریم کی ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ مکرم احمد اووزو کونیڈو سیکرٹری تبلیغ گلاسگو نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا جس کے بعد مولانا عبدالغفار صاحب مربی سلسلہ نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام برموقع پین افریقن امن کانفرنس 2019ء لندن پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد جماعتی تعارف اور افریقہ میں جماعت کی مساعی کے متعلق مختصر دورانیے کی دو عدد دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں جس میں ہیومینٹی فرسٹ کے افریقہ میں جاری منصوبہ جات کا بھی ذکر تھا۔ اس کے بعد مہمانوں نے مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی افریقہ میں جاری انسانیت کی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں اس کانفرنس کے مہمانِ خصوصی مکرم ٹومی کالون صاحب (صدر پین افریقن احمدیہ ایسوسی ایشن برطانیہ )نے خطاب کیا اور پین افریقن تنظیم کے مقاصد ، افریقہ میں جماعت کی خدمات اور نظامِ خلافت کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ آخر میں افریقن سنٹر گلاسگو کے بانی چیف آمو لوگوٹے صاحب نے اس کانفرنس پر تشریف لانے والے مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کو سوالات کرنے کا بھی موقع دیا گیا جس کے جوابات وہاں موجود علمائے سلسلہ نے دیے۔ اس پروگرام کا اختتام دُعا سے ہوا جو مولانا داوٴد احمد قریشی صاحب مبلغ انچارج اسکاٹ لینڈ نے کروائی۔ اس کانفرنس میں 70سے زائد غیر مسلم مہمانوں سمیت 110؍مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: ارشد محمود۔ سیکرٹری اشاعت جماعت گلاسگو)
٭…٭…٭