عالمی خبریں

اہم عالمی خبروں کا خلاصہ

٭… شام کی صورتِ حال پر اقوامِ متحدہ کے انسانی امور کے ادارے نے رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق اسد حکومت کے خاتمے کے بعد دمشق، دیرالزور، حماۃ اور بڑے شہروں میں خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ادلب، حلب میں ۲۷؍نومبر سے ۹؍دسمبر کے درمیان روٹی کی قیمت میں ۹۰۰؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔مرغی کی قیمت میں ۱۱۹؍فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بنیادی ضرورت کی اشیاء تک رسائی شدید متاثر ہوئی ہے۔ قنیطرہ، منبج، دیرالزور میں خوراک کی تقسیم کا عمل بھی متاثر ہے۔ معاشی عدم استحکام کے نتیجے میں دکانیں بند ہیں، تاجر اجناس ذخیرہ کر رہے ہیں۔

٭…دنیا بھر میں سوشل میڈیا صارفین کو فیس بک اور انسٹاگرام سمیت میٹا کی سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مختلف ممالک میں میٹا کی سروسز متاثر ہوگئیں جبکہ کچھ صارفین نے ایپس بند ہونے کی بھی شکایات کیں۔ صارفین کی جانب سے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز بند ہونے اور ایرر آنے کی شکایات کی گئیں۔ فیس بک پیج پر کمپنی کی جانب سے یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ ہم اس معاملے کو درست کروانے کے لیے کام کر رہے۔سوشل میڈیا ایپس اور ویب سائٹ کا اسٹیٹس بتانے والے پلیٹ فارم ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق فیس بک، واٹس ایپ، میسنجر اور انسٹاگرام سے متعلق صارفین کی شکایات سامنے آئیں۔

٭…اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں غزہ میں فوری، غیرمشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔اجلاس میں اسرائیل اور حماس سے تمام یرغمالیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔غزہ جنگ بندی قرارداد کی منظوری کے لیے ۱۹۳؍میں سے ۱۵۸؍ووٹ پڑے۔ امریکہ اسرائیل اور دیگر سات ملکوں نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، ۱۳؍غیرحاضر رہے۔جنرل اسمبلی اجلاس میں امدادی ایجنسی انروا کے حق میں بھی قرارداد منظور کی گئی۔

٭…نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے سابق انٹیلی جنس چیف رچرڈ گرینل کو ایران کے لیے خصوصی مندوب نامزد کرنے پرغور کر رہے ہیں۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران میں ایلچی کے لیے رچرڈ گرینل کا نام زیر غور ہے۔واضح رہے کہ ابھی تک ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے لیے کسی بھی عملے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی ایران کے حوالے سے کسی حکمتِ عملی میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے، سفارتی تعلقات یا پھر ان کے جوہری پروگرام کو روکنا شامل ہے۔

٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات خوفناک آگ کی لپیٹ میں ہیں، یہ آگ ۴ ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیل گئی ہے۔ کیلیفورنیا کے علاقے ملیبو کے جنگلات میں رواں ہفتے کے آغاز میں آگ لگی تھی جس پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا۔ تقریباً دو ہزار فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ جنگلات کو لگنے والی آگ کے سبب علاقے سے تقریباً ۶۳۰۰؍افراد کا انخلاء کروا لیا گیا ہے جبکہ علاقے کے اسکول اور کاروبار بند ہو گئے ہیں۔ آگ سے ۹؍عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں جبکہ چھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔چند دن قبل لگنے والی فرینکلن فائر پر اب تک صرف سات فیصد تک قابو پایا جا سکا ہے۔

٭…بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ۱۸۵؍سال پرانی مسجد کا ایک حصہ تجاوزات کے نام پر گرا دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے بلڈوزر چلانے کو ناقابلِ قبول قرار دیا تھا تاہم پھر بھی کچھ دنوں بعد فتح پور ضلع میں حکام نے مسجد کا ایک حصہ منہدم کر دیا۔ضلعی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد کا مسمار کیا گیا حصہ غیر قانونی تھا۔ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) کا دعویٰ ہے کہ ۱۷؍اگست کو مسجد کے کچھ حصوں کو غیر قانونی تعمیر کی وجہ سے ہٹانے کا نوٹس دیا گیا تھا۔ مسجد کی انتظامی کمیٹی کے متولی نے کہا ہے کہ نوری مسجد ۱۸۳۹ء میں بنائی گئی تھی اور یہاں کی سڑک ۱۹۵۶ء میں بنائی گئی تھی، اس کے باوجود پی ڈبلیو ڈی مسجد کے کچھ حصوں کو غیرقانونی قرار دے رہا ہے۔

٭…فٹ بال ورلڈ کپ۲۰۳۴ء کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ہم خواب نہیں دیکھ رہے، ہم ایک حقیقت کے بارے میں سوچ رہے ہیں جو سچ ہو گی۔شہزادہ محمد بن سلمان نے دنیا بھر میں فٹبال کے کھیل کو فروغ دینے، محبت، امن اور رواداری کے پیغامات کو پھیلانے کے لیے سعودی عرب کے عزم پر بھی زور دیا۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کونسل اجلاس میں فٹبال ورلڈ کپ ۲۰۳۴ء کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کی تصدیق کی ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب قطر کے بعد فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا دوسرا مسلمان ملک بن گیا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button