ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بھارت کے زیر انتظام تبلیغی و تعلیمی پروگرامز کا انعقاد

امرتسر شہر کے Anand Group of Colleges میں جماعت احمدیہ کی جانب سے سیمینار کا کامیاب انعقاد

مورخہ ۲۸؍ستمبر۲۰۲۴ء کو صوبہ پنجاب کے مشہور شہر امرتسر کے Anand Group of Colleges میں جماعت احمدیہ کی جانب سے ’’بین المذاہب مکالمہ: امن کے فروغ میں نوجوانوں کا کردار‘‘ کےعنوان کے تحت ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔

اس سیمینار میں کالج کے طلبہ اور پروفیسر صاحبان کے علاوہ شہر کے مختلف معززین نے بھی شرکت کی۔ سیمینار میں داعی خصوصی صوبہ پنجاب نے شاملین کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور ہندوستان بھر میں جماعت کی طرف سے کیے جانے والے خدمت خلق کے کاموں سے حاضرین کو متعارف کروایا۔

اس سیمینار میں کالج کی انتظامیہ کی طرف سے ایک پروفیسر نے مقررہ موضوع پر تقریر کی۔ اسی طرح جماعت کے نمائندہ نے بھی مقررہ موضوع پر تقریر کی جس میںاسلام احمدیت کاقیام اور امن عالم کا پیغام خلیفہ وقت کے ارشادات کی روشنی میں پیش کیا۔ موصوف نے موجودہ زمانہ میںقیام امن عالم کے حوالہ سے نوجوانوں کی ذمہ داریاں اور تعلیم کے میدان میں ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ بنی نوع انسان کی خدمت کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرنے کے حوالہ سے ارشادات پیش کیے۔

اس سیمینار کے موقع پر ’’امن کے سنہری اصول‘‘ کے عنوان پر ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے زریں ارشادات شاملین کی خدمت میں پیش کیے گئے۔ حاضرین نے اس ڈاکومنٹری کو دلچسپی سے سنا اور جماعتی تعلیمات اور خدمات کو سراہا۔

اس پروگرام میں شامل معززین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی قیام امن کے ليے جاری کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر کالج کے احاطہ میں جماعت کی طرف سے ایک بک سٹال بھی لگایا گیا۔ کالج کے طلبہ نے بک سٹال سے بھی بھرپور استفادہ کیا۔

صوبہ کرناٹک کے شہر جکور میں سیمینارکا کامیاب انعقاد

مورخہ ۵؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو صوبہ کرناٹک کے شہر جکور میں جماعت احمدیہ کی جانب سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار ’’عالمی امن کے قیام میں ماہرین تعلیم کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار میں علاقہ کی ۱۰؍مختلف یونیورسٹیز و کالجز کے وائس چانسلرز، پرنسپل و پروفیسر صاحبان اور طلبہ شامل ہوئے۔

صوبہ کرناٹک کے شہر جکور میںسیمینار

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں داعی خصوصی صوبہ کرناٹک نےجماعت احمدیہ کا تعارف کروایا جس میں موصوف نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد اور جماعت احمدیہ کے قیام کا مقصد و مشن اور جماعت کی طرف سے قیام امن اور خدمت انسانیت کے میدان میں کی جانے والی خدمات کا ذکر کیا۔

اس پروگرام میں جماعتی نمائندہ نے اپنی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس خطاب کا خلاصہ پیش کیا جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے UNESCOمیں ارشاد فرمایاتھا۔ اسی طرح تیسری عالمی جنگ کے حوالے سے حضور انور کے انتباہ اور اس کے بداثرات سے محفوظ رہنے کے حوالے سے حضور انور کے ارشادات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی Koduguیونیورسٹی کے وائس چانسلر تھے جنہوں نے مقررہ عنوان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیمینار میں ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں عالمی سطح پر جماعت احمدیہ کی طرف سے قیام امن عالم کے حوالے سے کی جانی والی کوششوں اور خدمت انسانیت کے میدان میںجماعت کی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کی گئی۔

صوبہ کرناٹک کے شہر جکور میںسیمینار

پروگرام کے اختتام پر صدر صاحب جماعت احمدیہ جکور نے شاملین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجتماعی دعا کروائی۔ اس پروگرام میں شامل ہونے والے مہمانان خصوصی کے درمیان یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔ سیمینار کے موقع پر جماعتی بک سٹال بھی لگایا گیا جس سے حاضرین نے استفادہ کیا۔ علاقہ کے پانچ سے زائد اخبارات و رسائل نے بھی اس سیمینار کی خبریں شائع کیں۔ الحمدللہ

ہندوستان کے دو شہروں رانچی اور مدورائی میں منعقدہ بک فیئرز میں جماعت احمدیہ کا بک سٹال

ماہ ستمبر۲۰۲۴ء میںبھارت کے دو بڑےشہروں میں منعقد ہونے والے بک فیئرزمیں جماعت احمدیہ کی طرف سے بک سٹالز لگائے گئے۔

جماعتی بک سٹالز میںمختلف زبانوں میں جماعتی لٹریچر کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات کے پیش نظر کتاب ’عالمی بحران اور اس کا حل‘ نمایاں طور پر پیش کی گئی۔ اسی طرح جماعت کی طرف سے شائع کردہ قرآن کریم کے مختلف تراجم بھی جماعتی بک سٹال میں رکھے گئے۔

بک فیئر میں جماعتی سٹال

ان بک سٹالز پر آنے والے زائرین کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور اسلام اور قرآن مجید کی امن بخش تعلیمات کے حوالے سے ان کے استفسارات کے جواب بھی دیے گئے اوراسلام کے متعلق ان کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی۔

سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قیام امن عالم کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل خوبصورت بینرز بھی جماعت کےبک سٹالز میں آویزاں کیے گئے تھے۔

بک فیئر میں جماعتی سٹال

تقریباً اڑھائی ہزار احباب نے جماعتی بک سٹالز کا دورہ کیا اور فائدہ اٹھایا۔ اس موقع پر کثرت سے لیف لیٹس بھی تقسیم کیے گئے اور دلچسپی رکھنے والے پڑھے لکھے طبقہ کو جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیا گیا۔

قادیان دارالامان میں احمدیہ مسلم ریسرچ ایسوسی ایشن انڈیا (AMRAI) کی دو روزہ کانفرنس کا شاندار انعقاد

امسال احمدیہ مسلم ریسرچ ایسوسی ایشن انڈیا (AMRAI) کو مورخہ ۲۸و۲۹؍اکتوبر ۲۰۲۴ء اپنی دو روزہ کانفرنس بعنوان ’’قرآن مجید اور بین الشعبی نقطہ نظر:سائنس، معاشرے اور ٹیکنالوجی کے سہ رخی تعلقات کا انکشاف‘‘ (The Holy Quran and interdisciplinary approach: Revealing triangular relationship of science, society and technology)مسجدانوار، قادیان میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

AMRAIکانفرنس

اس دو روزہ کانفرنس میں آٹھ اجلاسات منعقد ہوئے جن میں احمدی سکالرز اور ریسرچرز نے ۲۰؍مختلف علمی اور معلوماتی ریسرچ پیپرز اور پریزنٹیشنز پیش کیں۔ اس میں سے ۱۶؍تحقیقاتی مضامین احمدیہ مسلم ریسرچ ایسوسی ایشن انڈیا کے ممبران کی جانب سے اور بقیہ چار مضامین جامعہ احمدیہ قادیان کے طلبہ کی طرف سے پیش کیے گئے تھے۔ اس کانفرنس میں مجموعی طور پر کم و بیش ۱۵۰؍سکالرز نے شرکت کی اور استفادہ کیا۔ شاملین نے بڑی دلچسپی کے ساتھ ریسرچ پیپرز کو سنا اور موضوع سے متعلق اپنے استفسارات بھی پیش کیے اور سکالرز نے ان کے جواب بھی دیے۔

اس دو روزہ کانفرنس کا اختتامی اجلاس زیر صدارت مکرم ناظر صاحب اعلیٰ وامیر مقامی قادیان منعقد ہوا۔ صدارتی تقریر و دعا سے یہ کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔

AMRAIکانفرنس

اللہ تعالیٰ ان تمام پروگرامز کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button