سری لنکا کے شہر Puttalam میں مسجد بیت الخبیر کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سری لنکا کو مورخہ ۱۰؍جنوری ۲۰۲۵ء کو شہر Puttalam سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر مسجد بیت الخبیر کے افتتاح کی توفیق ملی۔

مسجد کا افتتاح مولانا مرزا نصیر احمد صاحب مربی سلسلہ نے کیا جو مرکزی نمائندہ کے طور پر یوکے سے سری لنکا تشریف لائے تھے۔
جماعت احمدیہ سری لنکا نے ۱۹۹۲ء میں اس مسجد کے لیے اراضی حاصل کی تھی اور ابتدا میں مرد و خواتین کے لیے نماز پڑھنے کے لیے دو ہال بنائے تھے۔ پھر ۶؍اگست ۲۰۲۳ء کو مکرم نظام خان صاحب نیشنل صدر نے اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس تقریب میں مقامی جماعت و دیگر جماعتوں کے احمدی احباب شامل ہوئےتھے۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم نذیر خان صاحب نیشنل صدر نے اپنے استقبالیہ کلمات میں مسجد کی تاریخ اور جماعت پٹلم کے سفر کو اجاگر کیا جس کی بنیاد مکرم خذر محی الدین صاحب مرحوم نے رکھی تھی۔ نیز آپ نے مقامی جماعت کی ذمہ داریوں اور مساجد کی برکات کاتذکرہ کیا۔اس کے بعد مکرم مرزا نصیر احمد صاحب نے اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس موقع پر ایک مختصر تقریر کی۔ نیز آپ ہی کی قیادت میں اس نئی تعمیرشدہ مسجد میں روحانی و دینی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ نماز جمعہ کے بعد تمام شرکاء کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ دن کے اختتام پر ریسپشن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومتی اہلکار اور پڑوسی شریک ہوئے۔
بیت الخبیر مسجد کی تعمیر سری لنکا کی تاریخ میں ایک نمایاں کامیابی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس مسجد میں ۱۷۵؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کی برکات کے ذریعے اسلام احمدیت کا پیغام ملک بھر میں پھیلا کر بہت سے لوگوں کی سچائی کی طرف راہنمائی فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:جاوید رحیم۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کی پانچویں نیشنل تربیتی کلاس اور چھٹے سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا انعقاد