جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے اڑتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا انعقاد

٭… مختلف اجلاسوں میں علمی، روحانی اور اصلاحی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر
٭…’’میں احمدی کیوں ہوں‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی اجلاس
٭… ’’انسانی حقوق کی عالمی صورتحال اور اسلامی نقطہ نظر‘‘ پر ایک میڈیا بریفنگ کا انعقاد
٭…کُل چار ہزار ۳۸۰؍احباب کی شمولیت
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ، مغربی افریقہ کو اپنا اڑتیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۰تا ۲۲؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک، ہفتہ اور اتوار ، آئیوری کوسٹ کے معاشی دارالحکومت آبیدجان(Abidjan) میں واقع جماعت کی جگہ مہدی آباد میں منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
جلسہ سالانہ کی تیاریوں کا سلسلہ ماہ اگست سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ افسر جلسہ سالانہ مکرم کریم جوارا صاحب مقرر ہوئے۔ جلسہ کے مہمانان کرام کی آمد جلسہ سے ایک روز قبل مورخہ ۱۹؍دسمبر بروز جمعرات سے شروع ہو گئی تھی جس کے ساتھ شعبہ حاضری نیز شعبہ طعام نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کر دیا۔
پہلا دن: پہلے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو مکرم تراؤرے ابوبکر صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد درس برموضوع ’’حضرت مسیح موعودؑ کی نظر میں جلسہ سالانہ کی اہمیت‘‘ ہوا۔ پھر مہمانان کرام کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ صبح دس بجے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے مہمانان کرام کے ہمراہ جلسہ گاہ کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات دیں۔ بعد ازاں جلسہ گاہ میں ہی حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے براہ راست خطبہ جمعہ سننے کاانتظام کیا گیا جسے جلسہ کے تمام شاملین نے براہ راست سنا۔ حضور انور کے خطبہ جمعہ کے اختتام پر مقامی خطبہ جمعہ کے لیے اذان کے بعد حافظ احسان سکندر صاحب انچارج احمدیہ جماعت Rodrigues Island نے خطبہ جمعہ دیا جس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ نماز جمعہ کے معاً بعد مہمانان جلسہ کی تواضع طعام سے کی گئی۔
جلسہ کے افتتاحی اجلاس کا باقاعدہ آغاز سہ پہر چار بجے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے مہمانان خصوصی کے ہمراہ تشریف لاکر نعرہ ہائے تکبیر کی گونج میں آئیوری کوسٹ کا مقامی پرچم جبکہ مکرم حافظ احسان سکندر صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا اور دعا کرائی۔ بعد ازاں افتتاحی اجلاس کاآغاز ہوا جس کی صدارت امیر صاحب نے کی۔ حافظ فوفانا سعید صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور اس کا فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد عزیزم نافع احمد تبسم صاحب نے اردو نظم پڑھی اور ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے جلسے کی افتتاحی تقریر میں جلسے کے مقاصد اور ہماری ذمہ داریاں بیان کیں۔ افتتاحی تقریر کے بعد مکرم کونے کریم صاحب معلم سلسلہ نے تقریر برموضوع ’’حضرت محمد رسول اللہﷺ ایک بہترین داعی الی اللہ‘‘ کی۔ جس کے ساتھ ہی پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔ چند اعلانات کے بعد نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔ نماز کے فوراً بعد ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب نے پروجیکٹر کے ذریعے شاملین جلسہ کو طب کے حوالے سے کچھ تفصیلات اور بیماریوں سے بچنے اور ان کے طریقہ علاج کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ بعد ازاں شاملین جلسہ کو طعام پیش کیا گیا اور یوں جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔
دوسرا دن:جلسہ کے دوسرے دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو حافظ شہباز احمد صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم انزا وترا صاحب معلم سلسلہ نے ’’اسلام میں خاندانی نظام، تعلیمی اور سماجی ہم آہنگی کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر درس دیا جس کے کچھ وقت بعد سب شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کی کارروائی سے قبل عطیہ خون کی ٹیم بھی جلسہ گاہ پہنچ گئی اور عطیہ خون پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔
دوسرے روز کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز صبح دس بجے زیر صدارت مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر آئیوری کوسٹ ہوا۔ مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن پاک کی اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم آمو وترا صاحب نے اردو نظم پڑھی اور ترجمہ پیش کیا۔ اجلاس کی پہلی تقریر حافظ محمد احسان سکندر صاحب مربی سلسلہ نے برموضوع ’’خلافت احمدیہ:امن و سلامتی کا ذریعہ‘‘ کی۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے آئیوری کوسٹ جماعت کی سالانہ رپورٹ پیش کی جس کا ساتھ ساتھ جولا زبان میں ترجمہ بھی کیا جاتا رہا۔ بعد ازاں جلسہ میں شامل مہمانان خصوصی نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اجلاس کی آخری تقریر مکرم سلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا مقصد‘‘ کی۔ اعلانات کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد طعام پیش کیا گیا۔
مکرم امیر صاحب مع مہمانان خصوصی جلسہ میں لگائے گئے مختلف سٹالز دیکھنے کے لیے تشریف لے گئے۔ جس دوران سب سے اول تصویری نمائش، نمائش ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ، نمائش IAAAE، عطیہ خون سٹال اور میڈیکل سٹال کا دورہ کیا۔ اور انہیں فرانسیسی جماعتی کتب کے تحفہ کے ساتھ ساتھ ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
دوسرے دن کے دوسر ےاجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم Elkamssi Issam صاحب صدر جماعت مراکش ساڑھے تین بجے ہوا۔ مکرم شاہداحمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن پاک کی اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد مکرم وقار الحق صاحب مبلغ سلسلہ نے نظم پڑھی جس کا فرانسیسی ترجمہ مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکر م تراؤرے شمس الدین صاحب معلم سلسلہ نے تقریر برموضوع ’’ایمانداری، ایک مسلمان کی زندگی اور مسلم معاشرہ میں اس کا مقام‘‘ بزبان جولا کی۔ اس کے بعد مکرم آصف عارف صاحب ایڈووکیٹ برائے فرانس و امریکہ نیز نائب سیکرٹری امور خارجہ برائے جماعت احمدیہ امریکہ نے تقریر بعنوان ’’سوشل میڈیا کے بداثرات اور ایک احمدی مسلمان کی ذمہ داری‘‘ کی۔ چند اعلانات کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔ پھر نماز مغرب و عشاء اداکی گئیں۔
اعلان مرحومین و تقریب آمین: نماز مغرب و عشاء کے بعد جماعتی روایات کے مطابق اولاً امسال وفات پا جانے والے احباب کرام کی فہرست سنائی گئی جس کے بعد مکرم محمداحسان سکندر صاحب کی زیر صدارت تقریب آمین کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ بچیوں سے قرآن کریم صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ نے سنا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد شاملین جلسہ کو عشائیہ پیش کیا گیا۔
تیسرا دن:تیسرے دن کے آغاز پر مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے نماز تہجد پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ نے درس برموضوع ’’جھوٹ: منافقت کی علامت‘‘ دیا۔ جس کے بعد ناشتےکا اہتمام کیا گیا۔ جلسہ کے اختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے زیر صدارت مکرم محمد احسان سکندر صاحب ہوا۔مکرم حافظ شہباز احمد صاحب نے تلاوت قرآن پاک کی اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم یحییٰ جارا صاحب معلم سلسلہ نےاردو نظم پڑھی اور ترجمہ پیش کیا۔جس کے بعد مکرم صدر صاحب جماعت مراکش نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ بعدازاں مکرم کریم جوارا صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے اپنے شعبہ کے حوالے سے گزارشات پیش کیں۔ صدر لجنہ اماء اللہ مکرمہ مادام شکورا صاحبہ نے لجنہ اماء اللہ کی نمائندگی میں جلسہ گاہ مستورات سے تقریر کی۔ بعد ازاں جلسہ میں شامل مہمانان خصوصی نے اظہار خیال کیا اور جلسہ کے انعقاد کو سراہا۔ جس کے بعد جلسہ کا ایک پروگرام ’’میں احمدی کیوں ہوں‘‘ کے عنوان سے دو مردوں اور ایک خاتون نے اپنے احمدی ہونے کے واقعات سنائے جو احباب کرام کے ازدیاد ایمان کا موجب بنے۔ اس پروگرام کے بعد دوران سال نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے مرد وخواتین کو اسناد اور میڈلز، نیز قرآن کریم ختم کرنے والے بچوں کو بھی اعزازی اسناد اور میڈلز دیے گئے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے جلسہ کی اختتامی تقریر کی اور دعا کے ساتھ جلسہ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کے ساتھ مہمانان کرام کی گروپ تصاویربنائی گئیں۔ بعد ازاں شاملین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔جس کے بعد مہمانان کرام اپنے اپنے مقامات کو روانہ ہوئے۔
جلسہ کے اختتام پر سہ پہر چار بجے سنٹرل مبلغین کرام کی فیملیز کے ریفریشر کورس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کی اہلیہ صاحبہ نے کی۔
عشائیہ بااعزاز کارکنان جلسہ سالانہ: نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد رات نو بجے جلسے کے کارکنان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مکرم امیر صاحب کے علاوہ دیگر مہمانان خصوصی نے بھی شرکت کی۔ مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی جس کے بعد مکرم محمد احسان سکندر صاحب نے مختصر تقریر کی اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد تمام کارکنان جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
میڈیا بریفنگ: جلسہ سے اگلے دن مورخہ ۲۳؍دسمبر کو بعد نماز عشاء نیشنل جماعتی سنٹربمقام والوں آبیدجان، میں میڈیا بریفنگ بعنوان ’’انسانی حقوق کی عالمی صورتحال اور اسلامی نقطہ نظر‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ نمائندگان کو بلایا گیا۔ جن کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب مکرم آصف عارف صاحب، مکرم Elkamssi Issam صاحب، حافظ محمد احسان سکندر صاحب اور امیر صاحب نے دیے جس کے بعد انہیں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اس بریفنگ میں شرکت کرنے والے نمائندگان میں RTI2, Koaci.com, L’expression, Le matin, Fraternite Matin, L’avenir, La Voie Originale, L’Infodrome, Abidjan.net, Soir Info, Le Mandat کے نمائندے شامل ہیں۔ اس میڈیا بریفنگ میں مکرم Haycinthe Djezou صاحب ڈپٹی ڈائریکٹر برائے نیشنل انٹیلیجنس آف پولیس، مکرم Mamadou Yoda ڈائریکٹر برائے بزنس ڈیویلپمنٹ آف SMEs نیز دیگر اہم میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی جلسہ کے دوران تمام شعبہ جات نے بھرپور رنگ میں خدمت کی توفیق پائی۔ جبکہ جلسہ کے بازار میں مختلف سٹالز اور فروخت کی اشیاء رکھی گئیں۔ نیز مستورات نے بھی الگ سے اپنے بازار کااہتمام کیا۔امسال اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سےانتظامیہ کے مطابق جلسہ سالانہ کی حاضری ۴۳۸۰؍رہی۔ایک احمدی ممبر کو اپنے دفتر میں اس دفتر کی جانب سےنمایاں خدمت کے اعتراف میں بھی اعزازی سند سے نوازا گیا۔ جلسہ کی تمام کارروائی جماعتی فیس بک چینل پر براہ راست دکھائی جاتی رہی جبکہ دیگر جماعتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اس کی تشہیر کی جاتی رہی۔ جلسہ سے قبل دومختلف اخبار Le Patriote, Fraternite Matin جبکہ نیشنل چینل RTI1پر خبر چلائی گئی۔نیز جلسہ کے بعد جلسہ کے انعقاد کی رپورٹ مختلف پرنٹ اور آن لائن اخبارات مثلاًLe Jour Plus, Patriote, L’expression, L’inter, Soir Info, Abidjan.net, Fraternite Matin جبکہ ایک ٹی وی چینل Business24 Africa پر اس کے انعقاد کی خبر چلائی گئی۔ جلسہ میں آبیدجان شہر کے گورنر کے سیکرٹری نے بطور گورنر کے نمائندہ شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جلسہ کے انعقاد کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے نیز شاملین جلسہ کو حقیقی رنگ میں اپنے اندر روحانی تبدیلیاں پیدا کرنے کی توفیق عطا کرتا چلا جائے نیز انہیں حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔آمین
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ مالی کے سولہویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد