حضور انور کے ساتھ ملاقات

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ جماعت احمدیہ کی مرکزی ویب سائٹ alislam.org کے ٹیم ممبران کی ملاقات

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے دست مبارک سے الاسلام ٹیم کی تیار کردہ Ayaat Searchایپ کا اجرا

مورخہ ١٥؍ فرورى٢٠٢٥ء کو امام جماعتِ احمدیہ عالمگیر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ alislam.org ویب سائٹ کی نگرانی کرنے والی ٹیم کے تیرہ١٣ رکنی وفد کو اسلام آباد (ٹِلفورڈ) ميں قائم ايم ٹی اے سٹوڈيوز میں بالمشافہ ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ ٹیم خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے امریکہ اور یورپ سے تشریف لائی تھی۔

جیسا کہ احباب بخوبی واقف ہیں کہ www.alislam.org جماعتِ احمدیہ مسلمہ کی آفیشل ویب سائٹ ہے جو دنیابھر میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے کے لیے وقف ہے۔ یہ ویب سائٹ قرآنِ کریم کے تراجم، تفاسیر، احادیث، جماعتی کتب، خطباتِ جمعہ، مجالس عرفان اور دیگر علمی و روحانی مواد کا ایک جامع ذخیرہ فراہم کرتی ہے۔

اس ویب سائیٹ پر بانیٔ سلسلہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہود، علیہ الصلوٰة والسلام اور خلفائے احمدیت کی کتب، ایم ٹی اے (مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ) کے پروگرامز، جدید اسلامی موضوعات پر مضامین اور تحقیقاتی مواد بھی دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ مختلف زبانوں میں دستیاب تراجم اور

سرچ فیچرز کے ذریعے قارئین آسانی سے اپنے مطلوبہ موضوعات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ ویب سائٹ دنیا بھر میں سچائی کی تلاش کرنے والوں کے لیے احمدیت یعنی حقیقی اسلام سے تعارف حاصل کرنے کا ایک مستند ذریعہ ہے جہاں اسلام کی پُرامن، محبّت بھری اور عقلی بنیادوں پر مبنی تعلیمات کو پیش کیا جاتا ہے۔

جب حضورِانور مجلس میں رونق افروز ہوئے تو آپ نےتمام شاملینِ مجلس کو السلام علیکم کا تحفہ عنایت فرمایا۔

ملاقات کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جس کے بعد مختلف پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں الاسلام ویب سائٹ کی ٹیم کی حالیہ مساعی پر روشنی ڈالی گئی۔

سب سے پہلے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں نئی بنائی گئی موبائل ایپلیکیشن ’’Ayaat search‘‘ کے بارے میں ایک مختصر پریزنٹیشن پیش گئی۔

اس کے حوالے سے عرض کیا گیا کہ یہ ایپلیکیشن مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے قرآنِ کریم کی آیات بذریعہ آڈیو تلاش کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ایپ کا نام حضورِانور کی پُرشفقت منظوری سے Ayaat search رکھا گیا ہے۔ یہ IOS اور Android دونوں پر میسر ہے۔

پھر سکرین کی مدد سے اس ایپ کی ہوم سکرین دکھائی گئی نیز عرض کیا گیا کہ اس پر نظر آنے والا نیلا بٹن دباکر قرآنِ مجید کی کسی بھی آیت کی تلاوت کی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد پریزنٹیشن پیش کرنے والے ٹیم ممبر نے عملی طور پر اس سرچ ایپ پر آیت تلاش کرنے کا ایک نمونہ بھی پیش کیا اور عرض کیا کہ اب یہ ایپ میری آواز ریکارڈ کرے گی اور اس کے نتیجہ میں فوراً مطلوبہ الفاظ پر مبنی آیت تلاش کرے گی۔ نیز عرض کیا کہ ہم اَهْلِہٖ مَسۡرُوۡرًا تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

جب ایسا کیا گیا تو سکرین پر اِلٰۤی اَھْلِہٖ مَسۡرُوۡرًا نمودار ہوا۔ جس پر حضورِ انور کی خدمت میں عرض کیا گیا کہ فوری طور پر سرچ ایپ سورة الانشقاق کی آیت نمبر دس دکھا دیتی ہے نیز ساتھ ہی یہ اوپر نشاندہی کرتی ہے کہ مطلوبہ الفاظ پر مبنی دو آیات ملی ہیں۔

اس مختصر پریزنٹیشن کے بعد حضورِ انور نے اپنے دستِ مبارک سے اس ایپ کا باضابطہ اجرابھی فرمایا۔

بعد ازاں ایک اَور ٹیم ممبر نے عرض کیا کہ گذشتہ سال کی ملاقات میں جب حضورِ انور کی خدمت میں ڈیجیٹل لائبریری کا تعارف پیش کیا گیا تھا تو حضورِ انور نے ازراہِ شفقت اس طرف توجہ مبذول کرائی تھی کہ اردو اور انگریزی ترجمہ شدہ کتب کے موضوعات کا کراس ریفرنس بھی درج کیا جائے۔ اس حوالے سے حضورِ انور نے کتاب ’’مرزا غلام احمد قادیانی اپنی تحریروں کی رُو سے‘‘ کی ذاتی کاپی بھی دکھائی تھی کہ جس میں Essence of Islam کے حوالے درج تھے۔

(یہاں جس ملاقات کا حوالہ دیا گیا ہے، وہگذشتہ برس مورخہ۲۴؍فروری۲۰۲۴ء کو اسلام آباد (ٹِلفورڈ) ميں قائم ايم ٹی اے سٹوڈيوز میں منعقد ہوئی تھی۔ اس ملاقات پر مبنی تفصیلی رپورٹ مورخہ ٧؍ مارچ ۲۰۲۴ء کے روزنامہ الفضل کے شمارے کی زینت بھی بن چکی ہے۔)

مزید عرض کیا گیا کہ الحمدللہ! یہ کراس ریفرنس لگانے کا کام اب مکمل ہو چکا ہے۔ نیز سکرین پر دکھاتے ہوئے عرض کیا گیا کہ جیساکہ سکرین پر واضح ہے، مرزا غلام احمد قادیانی اپنی تحریروں کی رُو سے کی فہرست مضامین میں اردو عناوین کے ساتھ انگریزی عناوین بھی شامل کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قاری کو یہ سہولت میسر ہوگی کہ اگر وہ اردو کتاب کا مطالعہ کرتے ہوئے انگریزی ماخذ کی طرف جانا چاہے تو انگریزی عنوان پر کلِک کرنے سے براہِ راست Essence of Islam کے متعلقہ صفحے پر پہنچ جائے گا جہاں وہی مضمون بیان ہوا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی Essence of Islam کا مطالعہ کر رہا ہو اور وہ اصل اردو متن تک رسائی چاہے تو اردو عنوان پر کلِک کرنے سے وہ براہِ راست اسی صفحے پر پہنچ جائے گا جہاں متعلقہ مضمون موجود ہوگا۔

یہ ملاحظہ فرمانے کے بعد حضورِ انور نے ٹیم کو توجہ دلائی کہ وہ ان مختلف فیچرز کو پروموٹ کریں جو انہوں نے تیار کیے ہیں۔

حضورِ انور نے راہنمائی فرمائی کہ اس کو لوگوں تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔ ایم ٹی اے پر اس کا اشتہار دیں اور الاسلام ویب سائٹ پر بھی اس کی تشہیر کریں تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ یہ ایپلیکیشن دستیاب ہے۔

مزید برآں حضورِانور نے فرمایا کہ لوگ پھر خط لکھ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ نہیں ہوتا، وہ نہیں ہوتا، اور مشورے دے دیتے ہیں حالانکہ جو مشورے وہ دیتے ہیں وہ کام پہلے ہی ہو چکا ہوتا ہے۔

پھر ایک اَور ٹیم ممبر نے نئی ڈیجیٹل لائبریری کی بابت حضورِ انور کی خدمت میں عرض کیا کہ یہ نئی ڈیجیٹل لائبریری قرآنِ مجید کے لیے ایک خصوصی پیج فراہم کرتی ہے جس میں قرآنِ کریم کے ٣٩؍ تراجم موجود ہیں۔ اس کے علاوہ تفاسیر کے لیے بھی ایک مخصوص سیکشن ہے جہاں صارفین تفسیرِ کبیر پڑھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی سرچ بھی کر سکتے ہیں۔

موصوف نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید عرض کیا کہ الحمد للہ! اب ہمارے پاس احادیث کے لیے بھی ایک خصوصی پیج ہے جہاں حدیقةالصالحین اور صحیح بخاری کی تمام جلدیں شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ صحیح مسلم کی تمام جلدیں اور سنن ابن ماجہ کی ایک جلد بھی دستیاب ہے۔

حضورِ انور نے استفسار فرمایا کہ صحیح بخاری جو جماعت نے شرح کے ساتھ پرنٹ کی ہے، وہی آ گئی ہے؟ اور صحیح مسلم کی بھی کچھ collection جو کہ شاید بارہ، تیرہ جلدوں پر مشتمل ہے؟

جس پر موصوف نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے اس عرض کیا کہ یہ ساری کتب آ گئی ہیں اور سب میں سرچ بھی کی جا سکتی ہے۔

اسی طرح مزید عرض کیا کہ اس میں حضرت خلیفة المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کا ایک خصوصی پیج بھی مختص کیا گیا ہے اور صارفین اس پیج پر جا کر انوار العلوم کو کھول سکتے ہیں جہاں انوار العلوم کی چھبیس جلدیں دستیاب ہیں اور اس میں بھی سرچ کرنے کی سہولت موجود ہے جیسا کہ دوسری کتب میں میسر ہے۔

قارئین کی معلومات کے پیشِ نظر تحریر کیا جاتا ہے کہ انوارالعلوم حضرت صاحبزادہ مرزا بشیرالدین محمود احمد خلیفةالمسیح الثانی المصلح الموعود رضی اللہ عنہ کی تحریرات، خطابات اور دیگر علمی و روحانی مضامین کا مجموعہ ہے۔ یہ چھبیس جلدوں پر مشتمل ایک وسیع علمی و روحانی ذخیرہ ہے جو نہ صرف احبابِِ جماعت کے لیے بلکہ اسلامی علوم، تاریخ اور فلسفے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بھی ایک بیش قیمت علمی خزانہ ہے۔

یہ مجموعہ قرآنی تفاسیر، دینی و فکری موضوعات، اصلاحی نکات اور علمی و تحقیقی مضامین پر مشتمل ہے جو گہرے مطالعے اور فہمِ دین کے حصول کا ایک بیش قیمت خزانہ ہے۔ اگر کوئی شخص قلیل وقت میں کثیر اور گہرا علم حاصل کرنے اور قرآن و حدیث کی روشنی میں معرفتِ الٰہی کے روز جاننے کا خواہاں ہو تو حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے علم و عرفان کا یہ خزانہ اس کے لیے بہترین راہنما ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ بلاشبہ ان تحریرات میں خدا بولتا ہے اور ان کو پڑھ کر یا سن کر انسان کے دل پر ایک وجد طاری ہو جاتا ہے۔

اسی تناظر میں حضورِ انور نے اپنے تازہ ترین خطبہ جمعہ ارشاد فرمودہ مورخہ ٢١؍ فرورى٢٠٢٥ء بمقام مسجد مبارک اسلام آباد (ٹِلفورڈ) برطانیہ کے آخر میں خطبہ ثانیہ سے قبل تحریک بھی فرمائی تھی کہ آپؓ کے علم و عرفان کے اس لٹریچر کو ہمیں پڑھنے کی بھی کوشش کرنی چاہیے اور بہت ساری ایسی باتیں ہیں جو آجکل کے حالات میں بھی منطبق ہو رہی ہیں اور اس سے ہم فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ اس کی اللہ تعالیٰ توفیق دے۔

آخر میں موصوف نے عرض کیا کہ الحمدللہ! اس نئی ڈیجیٹل لائبریری میں اب تک تقریباً ایک ہزار کتب دستیاب ہیں، جن میں انگریزی اور اردو دونوں زبانوں کی کتب شامل ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر تمام حاضرینِ مجلس کو از راہِ شفقت حضورِ انور کے ہمراہ گروپ تصویر بنوانے اور بطورِ تبرک قلم حاصل کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ اور یوں یہ ملاقات بفضلہ تعالیٰ بخیر و خوبی انجام پذیر ہوئی۔

مزید پڑھیں: امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے شعبہ حفاظتِ خاص کے ٹیم ممبران کی ملاقات

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button