آسٹریلیا (رپورٹس)

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مسجد بیت السمیع کے قیام کےليے ایک عمارت کی خرید

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آسٹریلیا کو میلبرن شہر میں مسجد کے قیام کے ليے ۳. ۷؍ملین ڈالر کی خطیر رقم سے ایک پراپرٹی خریدنے کی توفیق ملی ہے۔ اس خوبصورت پراپرٹی کی خرید کے بعد میلبرن شہر میں مساجد کی تعداد تین جبکہ پورے آسٹریلیا میں مساجد کی کل تعداد نو ہوگئی ہے۔ الحمدللہ

ریاست وکٹوریہ میں کُل چھ جماعتیں قائم ہیں جن میں سے پانچ میلبرن شہر کی حدود میں جبکہ ایک جماعت ریجنل ٹاؤن شیپرٹن میں قائم ہے۔ مذکورہ بالا پراپرٹی جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ میں واقع ہے۔

میلبرن جماعت کی بڑھتی ہوئی تجنید کو مد نظرکھتے ہوئے ۲۰۱۴ء میں میلبرن شہر کے مغربی جانب جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس وقت جماعت کی تجنید ۸۰؍تھی۔ جماعتی پروگراموں کو منعقد کرنے کےليے راک بنک (Rockbank) میں ایک گھر کرائے پر حاصل کیا گیا جو بطور نماز سنٹر زیر استعمال رہا۔ جماعت کی بڑھتی ہوئی تجنید کے باعث یہ نماز سنٹر جلد ہی چھوٹا پڑ گیا، اس ليے فوراًہی مسجد کے لیے ایک مستقل جگہ کی تلاش کے لیے کوشش شروع کردی گئی۔

مورخہ ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو پراپرٹی کی کاغذی کارروائی مکمل ہوئی اور جماعتی وفد نے پراپرٹی کی چابیاں وصول کیں۔ عزیزم جاذب احمد نے پہلی اذان دی اور مکرم امتیاز احمد نویدصاحب مبلغ سلسلہ نے نماز ظہر و عصر پڑھائی اور بعد ازاں خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے دعا کروائی۔

پراپرٹی کی تفصیل درج ذیل ہے۔ یہ پراپرٹی میلبرن ہوئی اڈے سے ۲۸؍کلومیٹر اور میلبرن شہر کے مرکزی مقام سے ۴۷؍کلومیٹر کی دوری پر بینڈیگو (Bendigo)شہر کی جانب جانے جانے والی مشہور موٹر وے Calder Freeway M79 پر واقع ہے۔ موٹروے کےاس حصہ سے روازانہ تقریباً ساڑھےتیس ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں۔ اس پراپرٹی پر تین بڑے سائن بورڈ آویزاں ہیں جو موٹروے کی دونوں جانب سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس طرح یہ مسجد تبلیغ کا ایک بڑا ذریعہ ثابت ہوگی۔ ان شاءاللہ

اس پراپرٹی کا کل رقبہ ۱۲.۱؍ایکڑہے۔ ایک فنکشن سنٹر بنا ہوا ہے جس میں تین بڑے ہال اور ایک نسبتاً چھوٹا ہال موجود ہے۔ تین سو لوگوں کی gatheringکی اجازت پہلے سے ہی موجود ہےجبکہ اس بلڈنگ کی کل گنجائش ۵۰۰؍سے بھی زائد ہے۔ اس عمارت میں ہر قسم کی سہولیات موجود ہیں جن میں چند دفاتر، کمرشل کچن، سٹور روم، مرد و خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز اور ٹائلٹس بھی شامل ہیں۔ اسی طرح چار کمروں پر مشتمل ایک گھر علیحدہ سے بنا ہوا ہے جو بطورمشن ہاؤس استعمال میں آ ئے گا۔

مورخہ یکم جنوری۲۰۲۶ء کو نئے سال کے موقع پر مقامی جماعت کی جانب سے شکرانہ اوردعا کی ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر و مبلغ انچارج خصوصی طورپر سڈنی سے اس پروگرام کے ليے تشریف لائے۔ نماز ظہرو عصر کی ادائیگی کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مقامی جماعت کے صدر مکرم وقاص احمد صاحب نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس عمارت کی خریداری پر اللہ تعا لیٰ کا شکر ادا کیا۔ بعد ازاں نیشنل ہیڈکوارٹر سے آئے مہمانوں، مربیان سلسلہ اورمقامی جماعت کے احباب نے اس عمارت کےحوالے سے اپنے جذبات کا اظہارکیا۔ آخر پر امیر صاحب نے اپنی تقریر میں عمارت کی خریداری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے مسجد کی اہمیت و ضرورت اور اس کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ نیز اُن احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عمارت کی خریداری کے لیے مالی قربانی کی توفیق پائی اور ان احباب کے لیے دعائیہ کلمات کہے اور دعا کروائی۔

اس خوشی کے موقع پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا اور شیرینی پیش کی گئی۔

اس عمارت کی خرید میں مقامی جماعت میلبرن ویسٹ نے نو لاکھ ڈالر اور آسٹریلیا کی دیگر تمام جماعتوں نے اپنے اپنے تناسب سے حصہ ڈالا۔ اللہ تعالیٰ تمام قربانی کرنے والوں کی قربانی کوقبول فرمائے اور ان کے امو ال و نفوس میں بےانتہابرکت عطا فرمائے۔ آمین

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اس پراپرٹی کا نام ’’بیت السمیع‘‘ رکھا ہے۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور یہ مسجد تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ تبلیغ کا بھی ایک اہم ذریعہ ثابت ہو۔ آمین

(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button