امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ہیٹی کے تیسرے جلسہ سالانہ کا کامیاب اور بابرکت انعقاد

جماعت احمدیہ ہیٹی کو مورخہ 23 و 24 مارچ2019ء کو تیسرا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ علی ذالک۔ اس جلسہ کا عنوان تھا ’’احمدیت ،اسلام کا احیائے نو‘‘

تیاری جلسہ

جلسہ کی تیاری تقر یباً تین ماہ قبل شروع کر دی گئی تھی۔ احباب جماعت جن کی اکثریت نو احمدیوں کی ہے کو جلسہ سالانہ کی تاریخی حیثیت،غرض و غایت اور اہمیت کےبارہ میں بتایا گیا۔ جلسہ سے ایک ماہ قبل پندرہ احباب کو جلسہ کے جملہ انتظامات کے حوالہ سے تیار کیا گیا اور پانچ افراد کی ٹیم نے تزئین و آرائش کے لیے بھر پور معا ونت کی۔

تیاری پروگرام جلسہ : جلسہ کا پروگرام اور دعوت نامے چھپوا کر مہمانان اورزیر ِتبلیغ احباب و خواتین اور تمام جماعتوں میں بھجوا ئےگئے اور جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے بینرز تیار کر وا ئے گئے۔
امسال تقاریر فرانسیسی اور لوکل زبان کریول میں پیش کی گئیں۔یہ جلسہ چونکہ 23مارچ کو تھا ا س لیے اکثر تقاریر احمدیت،حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلافت احمدیہ کے موضوع پر تھیں ۔

قیام شعبہ جات

جلسہ کے انتظامات کےلیے جلسہ کمیٹی بنائی گئی ۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم محمد الیاس صا حب کو افسر جلسہ سالانہ مقرر فرمایا۔

شعبہ جات کی فہرست درج ذیل ہے:شعبہ خرید اشیاء،شعبہ کچن وتقسیم خوراک ،شعبہ سیکیورٹی، ،شعبہ استقبال،رجسٹریشن وریکارڈنگ، شعبہ نظم وضبط، شعبہ بکسٹال۔

آمد مہمانان جلسہ: معاونین کی آمد ایک ہفتہ قبل شروع ہو چکی تھی۔

ہیٹی چونکہ پہاڑی ملک ہے اس لیے یہاں سفر بہت کٹھن اور مہنگا ہے۔کئی افراد پیدل اور موٹر سائیکلوں پر سفر کر کے پہنچے۔

پہلا دن 23مارچ بروز ہفتہ

پہلا اجلاس: پروگرام کے مطابق جلسے کا باقاعدہ افتتاح دو بجے دوپہر نماز ظہر وعصر کے بعد لوائے احمدیت اور ہیٹی کا پرچم لہرا کر کیا گیا۔

پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔اس اجلاس کی صدارت قیصرمحمود طاہر صاحب صدر و مبلغ انچا رج جماعت ہیٹی نے کی ۔

تلاوت مع فرانسیسی ترجمہ ،قصیدہ و فرانسیسی ترجمہ ’’یا عین فیض اللّٰہ والعر فان‘‘۔ بعدہٗ ان عناوین پر تقاریر ہوئیں،’’سیرۃ و سوانح حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام‘‘، ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘، ’’امام مہدیؑ کی آمد کی غرض وغایت اور مقصد‘‘، ’’جماعت احمدیہ کا نظام خلافت‘‘، ’’23مارچ یوم مسیح موعودؑ‘‘۔آخر پر حضور انور ایدہ اللہ بنصر ہ العزیز کے خطبہ جمعہ کافرانسیسی ترجمہ سنایا گیا ۔ مغرب و عشاء کی نمازوں کے ساتھ جلسے کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن24مارچ بروز اتوار

دوسرا اجلاس: دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد،فجر اور اس کے بعد درس القرآن سے ہوا۔

تیسرا اور آخری اجلاس : اس اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نظم سے کیاگیا۔پھر ان عناوین پر تقاریر ہوئیں ’’احمدیت پر ہونے والے خدا کے افضال‘‘، ’’اسلام میں جہاد کے حقیقی معنی ‘‘، ’’اسلام احمدیت میں عورت کا مقام ‘‘،’’دس شرائط بیعت اور ایک احمدی کی ذمہ داریاں۔‘‘

حضور انور ایدہ اللہ تعا لیٰ بنصر ہ العزیز کا پیغام مع فرانسیسی ترجمہ پیش کیا گیا۔

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

احمدیہ مسلم جماعت ہیٹی کے پیارے ممبران،

السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ

مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ 23 اور 24 مارچ 2019ء کو اپنا تیسرا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری یہ دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ کو کامیاب کرے اور برکت دے اور یہ کہ تمام شرکا اس منفرد مذہبی اجتماع میں حصہ لے کر بہت زیادہ روحانی فوائد اور بے شمارافضال حاصل کرسکیں۔

احمدیہ مسلم جماعت کے جلسوں کو منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اس مقدس ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنی اصلاح کرسکیں۔ یہ اجتماعات ہمارے عقیدے کو مضبوط بنانے اوراپنے تقویٰ کے معیار کو بلند کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں، یہ وہ راستہ ہے جو ہمارے اندر خدا کے سچے خوف کو فروغ دیتا ہے۔یہ ہمارے دلوں میں ہمدردیٔ خلق ، احسان اور نیکی کو پروان چڑھانے کا باعث بنتا ہے۔ یہ جماعت کے اندر ہم آہنگی اور بھائی چارے کا ایک ذریعہ بنتا ہے ، اوریہ ہمیں نہ صرف ایک دوسرے کا خیال رکھنے بلکہ بنی نوع انسان کے لیے بھی ایک عمدہ مثال بناتا ہے۔ ہمیں اپنے اندرحلم اور بردباری پیدا کرنی چاہیے۔ سب سے اہم یہ کہ ہمیں اسلام کی خدمت کے لیے ہمت و حوصلہ اپنے اندر پیدا کرنا ہو گا اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک زندہ تعلق قائم کرنے کی کوشش کرنی ہو گی۔

لہٰذا جلسہ کے یہ ایام ہمیں فرض نمازوں اور نوافل کی ادا ئیگی کے ساتھ ساتھ ذکر الٰہی میں گزارنے چاہئیں۔ آپ کے خیالات پاک اور آپ کی توجہ اللہ تعالی کی طرف ہونی چاہیے ۔ جس کے نتیجے میں آپ ہر برائی سے محفوظ رہیں گے ۔ یہی عبادت کا مقصد ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ذکر فرض نمازوں کی ادا ئیگی کی طرف توجہ دلاتا ہے۔ اگر ایک شخص باقاعدگی سے فرض عبادات کی ادائیگی کرتا ہے تو نتیجۃً یہ عبادت اسے ذکرِ الٰہی کی طرف متوجہ رکھتی ہے چنانچہ پنجوقتہ فرض نمازوں کی اد ائیگی کےساتھ ساتھ آپ کو اپنے روحانی معیاروں کو بلند کرتے ہو ئے خدا تعالیٰ سے ایک پختہ تعلق استوار کرنا ہو گا ۔ اس ضمن میں
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں :

“اے وے تمام لوگو! جو اپنےتئیں میری جماعت شمار کرتے ہو تم خدا کے نزدیک میری جماعت تب شمارکیے جا ؤگے جب تم حقیقی راستبازی اور تقویٰ کی راہوں پر قدم مارو گے،پس تم اپنی پنجگانہ نمازوں کو ایسے خوف اور توجہ سے ادا کرو گویا تم خدا کو دیکھتے ہو۔”

میں آپ سب کو میرے خطبات جمعہ اور مختلف مواقع پر کیے جانے والے خطابات بھی با قاعدگی سے سننے کی طرف توجہ دلاتاہوں یہ نہ صرف آپ کے علم میں اضافے اور اسلامی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر ایمان میں اضا فےکا باعث بنے گا بلکہ خلافت احمدیہ جیسے الٰہی سلسلے کے ساتھ آپ کے وفا کے تعلق کو مضبوط تر کرنے کا بھی باعث بنے گا۔

نیز آپ کو اپنے بچوں کو بھی خدا کے اس خاص فضل یعنی خلافت کے بارے میں بتانا ہے اورہمیشہ خلیفۂ وقت کا وفادار رہنےکا درس دینا ہے۔آج اسلام کا احیا ئے نو اور دنیا کا امن صرف نظام خلافت کو قبول کرتے ہو ئے اس کی اطاعت میں ہی ہے،آپ نےہمیشہ اس عظیم مقدس نظام کے ساتھ چمٹے رہنا ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ کی آئندہ آنے والی نسلیں بھی خلافتِ احمدیہ کی پناہ ،راہنما ئی اور حفاظت میں ہیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسے کو اپنے خاص فضل سے بہت کامیاب بنا ئے اور آپ سب کے تقویٰ کے معیاروں کوبلند اور روحانیت میںاضافے کا سبب بنا ئے،میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کی زندگیوں میں حقیقی روحانی تبدیلی پیدا کرتے ہوئے آپ کو تقویٰ،راستبازی ،خدمت اسلام اور انسانیت کے بلند معیا روں کو چھونے کی توفیق دے،اللہ آپ سب کو برکتوں سے نوازے۔ آمین

والسلام
خاکسار
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

اس کے بعد نمائندہ وزارت مذہبی امور جناب نوعل ٹیورن جو کہ اس وزارت کے جوڈیشری معاملات کے ڈائریکٹر ہیں نے جلسہ میں شرکت کی اور مختصر خطاب کیا۔

آخر پر ’’احمدیت نے انسانیت کو کیا دیا‘‘ کے عنوان سے اختتامی تقریر ہوئی اور دعا کے ساتھ جلسہ اختتام کو پہنچا۔

حاضری جلسہ: اس جلسہ میں اللہ کے فضل سے 136 احمدی 22 غیر احمدی و غیر مسلم احباب اور 2 اخباری نمائندگان شامل ہوئے۔ اس طرح جلسہ کی کل حاضری 158رہی۔

تأثرات شاملین جلسہ : شاملین نے کہا کہ ان جلسوں کی برکت سے ہی ہمیں جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کا علم ہوا ہے۔جلسہ میں شمولیت سے ہمیں اسلامی بھائی چارہ کا پتہ چلا، ہمیں خوشی ہے کہ ہم امام مہدیؑ کی سچی جماعت کے ممبران میں شامل ہیں۔یہ جلسہ ان کے لیے تقویت ایمان کا موجب بنا ہے۔غیر از جماعت مہمانوں نے بھی جلسہ کے انتظامات کو سراہا اور جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں ایسے روحانی اور علمی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی۔مسٹر نوعل ٹیورن نے اپنی تقریر میں کہا …جماعت احمدیہ کے ساتھ ہمارے بہت دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم نہ صرف اس کی موجودگی بلکہ اس کی اہمیت جو اس جماعت نے اپنے رفاہی کاموں کی وجہ سے پوری دنیا میں قائم کی ہےسےبھی بخوبی واقف ہیں ۔میں آپ سب شاملین جلسہ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ صرف جماعت احمدیہ ہی وہ واحد جماعت ہے جس کو مذہبی امور کی منسٹری، اسلامی رجسٹرڈ تنظیم کے طور پر جانتی ہے ۔میں آپ سب کو جلسہ میں خوش آمدید کہتا ہوں … جماعتِ احمدیہ اس وقت پوری دنیا میں جو کام انسا نیت کی فلاح و بہبود،معاشرتی اقدار کے قائم کرنے اور باہمی محبت و بھائی چارہ کے ماحول کو پروان چڑھانے کےلیے کر رہی ہے، وہ ہمارے لیےپر کشش اور متاثر کن ہیں۔ جماعت احمدیہ کا یہ نعرہ ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ احمدیت کی ہی بدولت دنیا کو ایک لائحہ عمل کے طور پر ملا ہے…آپ سب ہیٹی کے جوان ہیٹی کے باشندہ ہونے کے ناتے اپنے ملک کی ترقی کے لیے کام کریں ، اس کے ساتھ اجازت چاہتا ہوں ۔شکریہ۔‘‘

الحمدللہ یہ جلسہ اللہ تعالی کی رحمتوں ،برکتوں اور فضلوں کو سمیٹتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ۔ قیصر محمود طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button