قادیان دار الامان میں’’ مسجد رحمٰن‘‘ اور ’’مسجد سبحان‘‘ کی تعمیر نو کے لئے یادگاری اینٹ کی تنصیب
قادیان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر محلہ دارالرحمت میں 12؍اپریل 1927ء کو اور محلہ دارالبرکات میں 28؍فروری 1935ء کو حضرت مصلح موعودرضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مسجد کاسنگ بنیادرکھا۔ ان دونوں مساجد کے لئے ایک ایک کنال زمین حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خاندان نے وقف کی تھی۔ مرور زمانہ کے ساتھ ساتھ دونوں مساجد خستہ حال ہوچکی تھیں۔
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دونوں مسجدوںکو ان کی اصل بنیادوں پر از سر نو تعمیر کرنے کی ہدایت فرمائی تاکہ ان مساجد کی تاریخی اہمیت بھی قائم رہے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍جنوری 2016ء کو محلہ دار الرحمت والی مسجد کو حضرت بھائی عبد الرحمٰن صاحب قادیانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ صحابی و درویش کے نام سے ’’مسجدرحمٰن‘‘ موسوم فرمایا اور محلہ دار البرکات والی مسجد کو ’’مسجد سبحان ‘‘ کے نام سے موسوم فرمایا۔
مورخہ 4؍اکتوبر 2018ء بروز جمعرات بعد نماز عصر مسجد رحمٰن کی تعمیر نو کے لئے یادگاری اینٹ کی تنصیب کے لئے تقریب ہوئی اور مورخہ 5؍اکتوبر 2018ء بروز جمعۃ المبارک بعد نماز عصر مسجد سبحان کے لئے تقریب منعقد ہوئی۔ دونوں مساجدکے صحن میں ہر دو تقریبات منعقد ہوئیں۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد مکرم ناظم صاحب تعمیرات نے اس مسجدکا تاریخی پس منظر بیان کیا۔ بعدازاں مکرم فاتح احمد خان ڈاہری صاحب وکیل تعمیل و تنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان) نے دعاؤں کے ساتھ پرانی بنیادوں پر یادگاری اینٹ نصب فرمائی۔ بعد ازاں ہرسہ انجمن کے ممبران، افسران صیغہ جات نے بھی اینٹیں نصب کیں۔ ’’مسجد رحمٰن‘‘ کے لئے تقریب میں مکرم مولوی ایوب احمد بٹ صاحب درویش نے بھی اینٹ رکھنے کی سعادت پائی۔ اجتماعی دعا سے دونوں تقریبات اختتام پذیر ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ ان مساجد کی تعمیر نو کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین۔