جماعت احمدیہ ناروے کے سُوپ سٹالز
مجلس انصار اللہ ناروے گزشتہ 3 سال سے کوشش کر رہی تھی کہ حکومت سےسُوپ( soup) سٹال لگانے کی اجازت مل جائے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے 22دسمبر2018ء کو ہمیں Europarådes Plass, Oslo کے مقام پر پہلی مرتبہ سُوپ کا فری سٹال یعنی مفت سُوپ پلانے کی اجازت مل گئی۔ اجازت ملنے کے بعدمکرم شا ہد محمو د کا ہلو ں صا حب نائب امیر و مشنری انچا ر ج نے صدر صاحب مجلس انصار اللہ اور صدرصاحب مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ جس میں سُوپ تیار کروانے کا کام مجلس انصار اللہ کے سپرد کیا گیا جبکہ ٹرانسپورٹ اور ٹینٹ لگانے کی ذمہ داری مجلس خدام الاحمدیہ کے سپرد کی گئی۔اسی طرح آڈیو ،ویڈیو، پریس اور vestبنانے کی ذمہ داریاں متعلقہ سیکرٹریان کے سپرد کی گئیں۔
مکرم نصیراحمد ظفرصاحب اور تنویر ضیا صاحب نے ایک روز قبل21دسمبر بروز جمعۃ المبارک نہایت لذیذسُوپ ایک ہزار افراد کے لئے تیار کیا۔10 خدام پر مشتمل ایک ٹیم مکرم نویدسرورصاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ کی نگرانی میں مسجد سےTent کا سامان، میز، کرسیاں، چولہے، کراکری کاسامان اور تیارشدہ سُوپ کے چار بڑے دیگچے 11بجے صبح اُس مقام پر لے گئی جہاں سٹال لگانے کی اجازت ملی تھی۔12بجے تک ٹینٹ لگاکر سُوپ گرم کرکے لوگوں کو پلانا شروع کردیاگیا۔
ابتدا میں لوگ کم تھے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتارہا۔ نارویجین لوگوں کے علاوہ مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگ سٹال پر آئے ۔ جو لوگ جماعت سے تعارف حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کرتے انہیں جماعت کا تعارف بھی کروایا جاتا۔ سٹال پر آنے والوں کی اکثریت نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔ ایک کُرد (kurd) صاحب کو دعوت دی گئی تو پہلےانہوں نے انکار کیا۔لیکن جب انہیں بتایا گیا کہ یہ جماعت احمدیہ مسلمہ کا سٹال ہے تو انہوں نے بڑے شوق سے سُو پ پیا اور کہا کہ وہ جماعت احمدیہ کو بہت اچھا سمجھتے ہیں۔
تبلیغ کے مواقع بھی میسر آئے اورلوگوں کو بتایاجاتا رہا کہ اس قسم کے سٹال لگانے کا مقصدلوگوں کا اسلام سے متعلق خوف دُور کرنا ہے۔لوگوں کو ایک دوسرےکے قریب کرنا اور انسانیت کی خدمت کا جذ بہ پیدا کرنا ہے۔ لجنہ کی ممبرات نے بھی خواتین کو سُوپ پینے کی دعوت دی جماعت کا تعارف کروایا اور اس سٹال کی غرض وغایت سے آگاہ کیا۔
شام4 بجے تک یہ سٹال جاری رہا۔تقریباً600؍ افراد نے اس سٹال سے استفا دہ کیا۔15 انصار، 25 خدام واطفال اور5 لجنات نے سٹال کے کاموں میں حصہ لیا۔
اسی دن Kristiansandشہر میں بھی سُوپ پلانے کا سٹال لگایاگیا۔ یہ سٹال مکرم یاسرفوزی صاحب مربی سلسلہ اور مکرم ذیشان احمد صاحب صدرجماعت کی نگرانی میں لگایاگیا۔ وہاں بھی انصار،خدام اور اطفال نے سٹال کی تیاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریباً 100؍ افراد سٹال سے مستفید ہوئے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری مساعی میں برکت ڈالے اور خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر سے نوازے ۔آمین۔
(رپورٹ: رائے عبدالقد یر صدر مجلس انصا اللہ ناروے)