جماعت احمدیہ آئرلینڈ کا انیسواں جلسہ سالانہ 2021ء
٭…حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
٭…با جماعت نماز تہجد، علما کرام کی ایمان افروز تقاریر، اسلامی اخوت کا نمونہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور کی دعاؤں سے جماعت احمدیہ آئرلینڈ کو اپنا انیسویں جلسہ سالانہ مورخہ 3اکتوبر 2021ء بروز اتوار Glen Royal Hotel، Maynooth میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ گزشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے جلسہ سالانہ کا انعقاد نہیں ہو سکا اور امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سےحکومتی پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر چھوٹے پیمانے پر جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔ نیز وہ افرادِ جماعت جو پابندیوں کے باعث جلسہ میں شرکت نہیں کرسکتے تھے ان کے لئے اردو اور انگریزی زبان میں live stream کی سہولت مہیا کی گئی تھی۔
معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ
جلسہ سے ایک دن قبل مورخہ 2اکتوبر 2021ء بروز ہفتہ صبح 10 بجے جلسہ سائٹ پر وقار عمل کا اہتمام کیا گیا جس میں 35کارکنان نے حصہ لیا۔ دوران وقار عمل دوپہر دو بجے خاکسار نے ظہر و عصر کی نماز پڑھائی جس کے معاً بعد سب کارکنان کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
شام 5 بجے افسر جلسہ سالانہ،مکرم فضل بٹ صاحب نے نیشنل صدر جماعت آئرلینڈ مکرم ڈاکٹر محمد انور ملک صاحب کو جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ کروایا اور ناظمین و معاونین کا تعارف کروایا۔ تمام انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے نیشنل صدر صاحب نے نائب افسران اور ناظمین کو ہدایات دیں۔
انتظامات کے معائنہ کے بعد نیشنل صدر صاحب کی صدارت میں ایک مختصر تقریب ہوئی جس میں حافظ اختر رشید صاحب نے تلاوت ِقرآن کریم مع ترجمہ پیش کیا اور عزیزم روحان ملک صاحب نے ایک اردو نظم پیش کی۔ بعد ازاں نیشنل صدر صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں جہاں شاملین جلسہ کا ہر طرح سے خیال رکھنے کی تلقین کی وہاں کورونا وائرس کے بداثرات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے افراد جماعت کافی حد تک ان بد اثرات سے محفوظ رہے۔ جماعت کے پروگرام آن لائن جاری رہے اور افراد جماعت آن لائن ملاقاتوں کی صورت میں حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دیدار اور آپ کی زرّیں ہدایات سے مستفید ہوتے رہے۔ الحمد للہ۔ اس کے بعد آپ نے دعا کروائی۔
بعد ازاں سب نے مشنری انچارج آئرلینڈ،مکرم ابرہیم نونن صاحب کی اقتداء میں نماز مغرب اور عشاء ادا کیں جس کے بعد سب کارکنان کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔
جلسہ کا آغاز
مورخہ 3 اکتوبر بروز اتوار بیت الاحدمشن ہاؤس ڈبلن میں تہجد کی نماز کا اہتمام کیا گیا جو حافظ اختر رشید صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کی آدائیگی کے بعد درس القرآن دیا گیا۔ اور دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے کارکنان کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔
جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز صبح 9:45 پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ ہوٹل کے بیرون حصہ میں اس تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ نیشنل صدر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مشنری انچارج صاحب نے آئرلینڈ کا جھنڈا لہرایا۔ بعد ازاں صدر صاحب نے دُعا کروائی۔ ان پرچموں کے چاروں اطراف آئرلینڈ کے چار صوبوں کے جھنڈے بھی نصب کئے گئے تھے جو سارے صوبوں سے نمائندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
افتتاحی اجلاس
افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم مشنری انچارج صاحب نے کی جو صبح دس بجے شروع ہوا۔ اس اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جو کہ حافظ اختر رشید صاحب نے پیش کی۔ بعد ازاں مکرم فراز طاہر صاحب نے دُرِ ثمین سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰ ۃ و السلام کے چند منتخب اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔
سب سے پہلی تقریر ’’حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کی غرض‘‘ کے عنوان پر نیشنل سیکرٹری نومبائعین، مکرم یوسف پینڈر صاحب نے انگریزی زبان میں کی۔ اس کے بعد ’’مالی قربانی عصرِحاضر کا جہاد‘‘ کے عنوان پر مکرم ڈاکٹر حامد خان صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئرلینڈ نے اردو زبان میں تقریر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقریر خاکسار نے ’’میرے صحابہ ستاروں کی طرح ہیں اُن میں سے جس کی بھی تم پیروی کرو گے ہدایت پاؤ گے‘‘ کے عنوان سے انگریزی زبان میں کی جس کے ساتھ پہلا اجلاس ختم ہوا اور پھر سب شاملینِ جلسہ کو چائے پیش کی گئی۔
دوسرا اجلاس
دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم نیشنل صدر صاحب نے کی اور اس کا آغاز 12 بجے تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ عزیزم ارسلان ملک صاحب نے سورۃ النساء کی آیت نمبر 37 کی تلاوت کی اور انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ اس سال کوروناوائرس کی وجہ سے مہمانوں کو جلسہ میں شرکت کرنے کا موقع نہ مل سکا البتہ بہت سے پارلیمنٹیرینز، کاؤنسلرز اور دیگر لوگوں نے شاملین جلسہ کے لئے ویڈیو پیغامات بجھوائے۔ نیشنل سیکرٹری امورِ خارجیہ مکرم ڈاکٹر ہمایوں ملک صاحب نے ویڈیو پیغامات بھجوانے والوں کے مختصر تعارف پیش کئےاور ان کے پیغامات بڑی سکرین پر دکھائے اور بعض تحریری پیغامات پڑھ کر سنائے۔
جلسہ سالانہ پر پیغام بجھوانے والوں میں ساؤتھ ڈبلن کاؤنٹی کاؤنسل کے میئر مکرم Peter Kavanagh، منسٹر آف سٹیٹ فار ہیلتھ Frank Feighan TD، گورنمنٹ چیف ویپ اور منسٹر فار سٹیٹ سپورٹ Jack Chambers TD اور اسیسٹنٹ گارڈا کمشنر Paula Hillman اور سینیئر پولیٹیشن Eamon O Cuiv شامل ہیں جس میں انہوں نے جماعت کی امن اور انٹیگریشن اور قومی خدمات کی کاوشوں کو سراہا۔
بعد ازاں نیشنل سیکرٹری تعلیم، مکرم محمود مرزا صاحب نے شعبہ تعلیم کے سال 2020-2021ء کی مختصر رپورٹ پیش کی نیز تعلیمی میدان میں حسنِ کارکردگی کے ایوارڈز کا اعلان کیا۔ امسال حسنِ کارکردگی ایوارڈ کے دو معیار قائم کئے گئے۔ پہلا معیار ’excellence award‘ ہے جو اُن طلباء کودیا جاتا ہے جنہوں نے سیکنڈری سکول یا یونیورسٹی کی تعلیم اپنے گروپ کے ٹاپ پانچ فی صد میں مکمل کی۔ دوسرا معیار ’achievement award‘ کہلاتا ہے جو ایک زیادہ وسیع پیمانہ پر، تعلیی، پروفیشنل اور سائنٹیفک میدان میں حسنِ کارکردگی حاصل کرنے والوں کو دیا جاتا ہے۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے 23احباب نے ان معیاروں کے مطابق حسنِ کارکردگی دکھائی اور ان کے نام اور کارکردگی کا اعلان کیا گیا۔
تعلیمی ایوارڈ پریزنٹیشن کے ساتھ دوسرے اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئی اور تمام شاملینِ جلسہ کو دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
اختتامی اجلاس
جلسہ سالانہ آئرلینڈ 2021ء کے اختتامی اجلاس کی صدارت نیشنل صدر صاحب نے کی۔ اس اجلاس کی کارروائی کا آغاز 3:30پرتلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ نیشنل جنرل سیکرٹری مکرم شہزاد ملک صاحب نے سورۃ البقرۃ کی آیات 154 تا 158 کی تلاوت کی اور اردو اور انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم شفقت اللہ جویہ صاحب نے دُرِ ثمین سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے چند منتخب اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔
اختتامی اجلاس کی پہلی تقریر نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ مکرم علیم الدین صاحب نے ’’جماعت احمدیہ کی تفاسیر القرآن کی عظمت اور اعلیٰ شان‘‘ کے موضوع پراردو میں کی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر مکرم مشنری انچارج صاحب نے ’’Power of mindful prayer‘‘ کے عنوان پر انگریزی میں کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں نماز کو پوری توجہ کے ساتھ ادا کرنے کی اہمیت کو بیان کیا اور بعض قبولیتِ دعا کے ایمان افروز واقعات پیش کیے۔
اجلاس کی اختتامی تقریر مکرم صدر صاحب نے کی جس میں آپ نے بعض تربیتی امور کے متعلق خلفاءاحمدیت کے چند مشعلِ راہ ارشادات پڑھ کر سنائے۔ اور اپنے خطاب کے دوران آپ نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام انگریزی اور اردوزبان میں پڑھ کر سنایا جو حضور انور نے از راہِ شفقت شاملین ِجلسہ کے لئے بجھوایا تھا۔ اس کے بعد دعا کے ساتھ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: عطاء الرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)