ہالینڈ کے شہر اترخت میں تبلیغی مساعی
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو شعبہ تبلیغ کے تحت ہالینڈ کے شہر اترخت میں اپنی تبلیغی سرگرمیاں کرنے کی توفیق ملی۔ اس تبلیغی پروگرام کا مقصد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خوبصورت پیغام کو لوگوں تک پہنچانا، لوگوں کے ذہن میں اسلامی تعلیمات کے متعلق جو غلط خیالات ہیں ان کو دور کرنا اور 05؍نومبر کو اسی شہر میں ہونے والے ایک تبلیغی سیمینار کے بارہ میں دعوت دینا تھا۔ اس تبلیغی پروگرام کے لیے پورے ہالینڈ سے خدام، انصار اور لجنہ نے شرکت کی۔ اس تبلیغی پروگرام سے پہلے پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے اس تبلیغی مہم کی اشاعت کی گئی۔
پروگرام کا آغاز صبح 11بجے کے قریب کیا گیا۔ خدام اور انصار کو گروپ کی شکل میں فولڈرز کے ساتھ شہر کی مختلف جگہوں میں بھیجا گیا۔ اس کےساتھ ان کو دوپہر کا کھانا بھی ایک پیکٹ میں دیا گیا۔ ان خدام اور انصار نے 30 ہزار سے زائد فولڈرز گھروں میں تقسیم کیے۔ اس کے ساتھ شہر کے سینٹر میں کاروان اور بک سٹال کے ذریعے بھی لوگوں کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا گیا۔ بہت سے فولڈرز لوگوں کو ذاتی طور پر دیے گئے ۔ ایک سو سے زائد لوگوں سے اسلام احمدیت کے بارہ میں بات کی گئی۔ کچھ مہمانوں کو چائے، کافی اور ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
احباب سے درخواستِ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام میں شامل ہونے والے احباب جماعت کو جزائے خیر عطا فرمائے اور جماعت ہالینڈ کو اس طرح کی اور تبلیغی سرگرمیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اسلام احمدیت کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)