جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں جلسہ یوم مصلح موعود
طلبہ کی تربیت کی خاطر جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں سالانہ پروگرام کے تحت مختلف سیمینارز اور جلسے بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ ایسے تمام سیمینارز اور جلسے منعقد کرنے کے لیے جامعہ میں مجلس ارشاد قائم ہے۔ مجلس ارشاد کے تحت طلبہ جامعہ اساتذہ کی نگرانی میں ایسے پروگرامز کی تیاری کرتے اور ان میں بھر پور حصہ لیتے ہیں۔
مورخہ 20؍فروری 2022ء کو جامعۃ المبشرین برکینافاسو کے ہال میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقادکیا گیا۔ مجلس ارشاد نے جلسے کے مطابق ہال کو سجایا۔ تمام طلباء کے لیے کرسیاں لگائی گئیں، اسی طرح سٹیج پر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی تصویر آویزاں کی گئی۔
اس بار جلسہ کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسوتھے۔ پروگرام کا آغاز شام سوا چار بجے ہوا۔تلاوت قرآن مجید مکرم Atchedeسلام صاحب طالب علم سال اول نے کی اور ترجمہ پیش کیا۔ عزیزم تنگارا وہاب طالب علم سال دوم نے نظم ’’اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ‘‘ خوش الحانی سے پیش کی۔
جامعہ میں منعقد ہونے والے سیمینارز کا طریق کار یہ رکھا گیا ہے کہ طلبہ ہر کلا س کی نمائندگی کریں۔ اس لیے تقاریر تینوں کلاسز کے طلبہ کو دی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں ہر جلسہ میں ایک تقریر کسی نہ کسی استاد کی رکھی جاتی ہے۔
چنانچہ سب سے پہلے عزیزم یوسف عبدالمجید طالب علم سال اول نے پیشگوئی مصلح موعود بیان کی۔ پھر پیشگوئی کی مختلف علامات کے ظہور پر عزیزم نائے احمدو طالب علم سال دوم نے تقریر کی۔ عزیزم لقمان چندربیگو طالب علم سال سوم نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کے معارف روحانی‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ مکرم حافظ محمد بلال طارق صاحب استاد جامعہ نے واقعاتی رنگ میں حضرت مصلح موعود ؓکی سیرت و سوانح بیان کیے۔ تاریخی حوالہ جات اور ارشادات عالیہ کی روشنی میں ’’پیشگوئی مصلح موعود کا مصداق‘‘ کے عنوان پر پرنسپل جامعۃ المبشرین نے تقریر کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب برکینافاسو نے اظہار خیال کیا۔ آپ نے طلبہ کو نصیحت کی کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے علمی کارناموں کو زندہ رکھنے اوران سے فائدہ اٹھا نے کی کوشش کرتے ہوئے طلبہ جامعہ کو بھی پڑھائی کے ساتھ مختلف موضوعات پر علمی مضامین لکھنے کی طرف توجہ کرنا چاہیے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسے کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)