نمازجنازہ حاضر وغائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ31؍مئی2018ء بروز جمعرات نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم منیر احمد راجہ صاحب (والتھم فارسٹ۔لندن) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم منیر احمد راجہ صاحب (والتھم فارسٹ۔لندن)
29مئی 2018ء کو 73 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کا تعلق جہلم سے تھا۔
ضرت مسیح موعود علیہ السلام جب 1903ء میں ایک کیس کے سلسلہ میں جہلم تشریف لائے تو اس وقت آپ کے خاندان میں احمدیت آئی۔ آپ 1975ء میں پاکستان سے یُوکے آئے اور لوکل جماعت میں سیکرٹری جائیداد کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ 1984ء میں جب اسلام آباد کی جگہ خریدی گئی تو آپ کئی ماہ تک وہاں خدمت کرتے رہے۔ نمازوں کے پابند، اطاعت گزار، مہمان نواز، خلافت کے ساتھ محبت کا گہرا تعلق رکھنے والے بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
1۔ مکرم محمد دین منگلا صاحب (جرمنی)
11؍اپریل 2018ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔بہت نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ مکرم احمد خان منگلا صاحب معلم وقف جدید ربوہ کے بھائی تھے۔
2۔ مکرم چوہدری حاجی عبد العزیز صاحب (ربوہ)
18؍مئی 2018ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، مہمان نواز، بہت مخلص، باوفا اور نیک انسان تھے۔ خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے والہانہ لگاؤ رکھتے تھے۔ لمبا عرصہ اپنے حلقہ میں سیکرٹری دعوت الی اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا اور تبلیغ کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے۔ اللہ کے فضل سے آپ کو کئی بیعتیں کروانے کی بھی سعادت ملی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں۔
3۔ مکرم ڈاکٹر منور احمد صاحب (چائلڈ سپیشلسٹ۔ کوٹلی۔ آزاد کشمیر)
11؍مئی 2018ء کوہارٹ اٹیک سے وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔20/25 سال سے ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹلی میں تعینات رہے جہاں سے جنوری 2018ء میں ریٹائر ہوئے۔ آپ نے ضلع کوٹلی کے سیکرٹری امور عامہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ بہت شفیق، ہمدرد، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے۔ آپ کے جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور پانچ بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
4۔ مکرم اسلم امتیاز صاحب ابن مکرم محمد دین صاحب (کراچی)
26؍اپریل2018ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ 1952ء سے اپریل 2018ء تک ضلع کراچی میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ وفات سے قبل امیر صاحب ضلع کے ایڈیشنل سیکرٹری تھے۔ آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، بڑے نیک ، ہمدرد، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ خلافت سے گہری وابستگی اور فدائیت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
5۔ مکرمہ امۃ القدوس صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد صاحب (اوکاڑہ)
آپ26؍اپریل 2018ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم امیرالدین صاحب شہید کی پوتی اور محترم چوہدری داؤد احمد صاحب (سابق صدر جماعت جاہمن ضلع لاہور)کی بیٹی تھیں۔ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ شادی سے پہلے اپنی مجلس میں لجنہ کی جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی اور شادی کے بعد اوکاڑہ میں اپنی مجلس کی کافی عرصہ صدر رہیں۔ خلافت سے گہرا اطاعت کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔
6۔ مکرمہ امۃ المصور مبشر صاحبہ بنت مکرم مبشر احمد صاحب چٹھہ (فیصل آباد)
آپ کالج کی طرف سے ایک تعلیمی اور تفریحی ٹرپ پروادیٔ نیلم گئی تھیں کہ وہاں 13؍مئی 2018ء کو پُل گرنے کے نتیجہ میں آپ کئی اور طالبات کے ساتھ دریا میں ڈوب گئیں اور آج تک آپ کی نعش بر آمد نہیں ہو سکی۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ بہت ہونہار ، بڑی مخلص اور خلافت کی وفادار تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔
٭…٭…٭
*…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ04؍جون2018ءبروز سوموار12بجے حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم چوہدری اعجاز احمد صاحب (پٹنی ۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم چوہدری اعجاز احمد صاحب (پٹنی ۔یوکے)
آپ28مئی 2018ء کو 87سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت حافظ عبد العزیز صاحب رضی اللہ عنہ کے بیٹے تھے ۔ ابتدا میں فرقان فورس میں بھی رہے۔ 1968ء میں ملازمت کے سلسلہ میں کراچی شفٹ ہوئے تو اورنگی ٹاؤن اور ماڑی پور میں قائد مجلس اور صدر جماعت کے علاوہ قائد ضلع خدام الاحمدیہ، ناظم ضلع انصار اللہ اور ناظم علاقہ کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی ۔ریٹائر منٹ کے بعد لمبا عرصہ جماعت کراچی کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمت بجالاتے رہے ۔پانچ سال قبل کراچی سے انگلستان شفٹ ہوئے ۔مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔آپ کی ایک بیٹی مکرمہ زینت الاسلام صاحبہ کو 1991ء سے حضور انور کی ڈاک ٹیم میں خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔ آپ مکرم چوہدری شبیر احمد صاحب مرحوم (وکیل المال اوّل ربوہ ) کے بھائی اور مکرم مبشر احمد صاحب ظفر (ایکسچینج مسجد فضل لندن ) کے سسر تھے ۔ اسی طرح آپ کے دونواسے مکرم
قمر احمد صاحب ظفر اور مکرم نیر احمد صاحب ظفر حال ہی میں جامعہ احمدیہ یُوکے سے شاہد کی ڈگری حاصل کرکے مربی سلسلہ بنے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭
*…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ08؍جون2018ء بروز جمعۃالمبارک نماز عصر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم ڈاکٹر سردار لیاقت احمد صاحب ابن مکرم سردار بشارت احمد صاحب (نیومالڈن ۔یُوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم ڈاکٹر سردار لیاقت احمد صاحب ابن مکرم سردار بشارت احمد صاحب (نیومالڈن ۔یوکے)
5جون 2018ء کو 72سال کی عمر میں وفات پاگئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت سردار عبد الرحمان صاحب مہر سنگھ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے ۔ ہومیو پیتھی کے بہت قابل ڈاکٹر تھے اور فری علاج کیا کرتے تھے ۔ کثیر تعداد میں احباب جماعت نے ان سے فائدہ اٹھایا۔بہت اطاعت گزار، ہمدرد، انتہائی دھیمی طبیعت کے مالک ،خلافت کے ساتھ گہرا محبت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔آپ کا تعلق مکرم ڈاکٹر سردار حمید احمد صاحب (آف لندن) کے خاندان سے تھا۔
نماز جناز ہ غائب
1۔ مکرم محمد سلیم صاحب ابن مکرم منشی محمد یعقوب ننگلی صاحب ۔سابق خوشنویس الفضل( فیصل آباد)
آپ 22 مئی 2018ء کو84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، دعا گو ، بے نفس ، غریب پرور ، خوش مزاج اور بہت نڈر انسان تھے۔لمبا عرصہ جماعت کھرڑیانوالہ میں سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ آپ نے اپنے والد کے کہنے پر بھائیوں کے ساتھ مل کر ایک قطعہ زمین وقف کرکے اس پر خوبصورت اور وسیع مسجدا ور مربی ہاؤس تعمیر کرواکے دیا جو کہ اب جماعت کے نام ہوچکا ہے ۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور پانچ بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ محترم مولانا محمد صدیق ننگلی صاحب مرحوم (مربی سلسلہ ) کے بھائی اور مکرم محمود احمد طلحہ صاحب (استاد جامعہ احمدیہ یوکے) کے والد تھے ۔
2۔ مکرمہ خورشید بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد صاحب خالد مرحوم ۔سابق مینجر و پبلشر رسالہ تشحیذ الاذہان و خالد (حال میلبورن آسٹریلیا)
آپ3جون2018ءکو69سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔صوم وصلوۃ کی پابند تہجد گزار، ایثار کے جذبہ سے سرشار،نرم دل ، مہربان ، وفا شعار ، صابرہ وشاکرہ اور نیک خاتون تھیں۔آپ کے میاں کو مقدمات کی وجہ سے اکثر گھر سے باہر رہنا پڑتا تھا ۔ ان حالات کا بڑی ہمت اور حوصلہ سے مقابلہ کرتی رہیں۔ کمزور مالی حالات اور کثیر العیال ہونے کے باوجود کبھی مالی تنگی یا مشکلات کا شکوہ نہیں کیا ۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم مظفر احمد طارق صاحب( استاد جامعہ احمدیہ ربوہ )کی والدہ اور مکرم محمود احمد طلحہ صاحب (استاد جامعہ احمدیہ یُوکے)کی خوش دامن تھیں ۔ آپ کے باقی بچوں کو بھی اپنی اپنی جماعتوں میں مختلف رنگ میں خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔
٭…٭…٭
*…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ09؍جون2018ء بروز ہفتہ نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم جمال دین صاحب ابن مکرم شرف دین صاحب مرحوم(چک11 تھل۔ ضلع جھنگ۔حال سٹیونج۔ یُوکے ) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم جمال دین صاحب ابن مکرم شرف دین صاحب مرحوم(چک11 تھل ۔ضلع جھنگ۔حال سٹیونج۔یُوکے )
آپ31 مئی 2018ء کو 92سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان کا تعلق پونچھ مقبوضہ کشمیر سے تھااور آپ کے خاندان میں احمدیت کسوف وخسوف کا نشان دیکھ کر آئی ۔ آپ کے والد نے حضرت مولوی محبوب عالم صاحب رضی اللہ عنہ کے ذریعہ بیعت کی اور اس کے بعد حضرت مولوی محمد حسین صاحب رضی اللہ عنہ (سبز پگڑی والے) ان کے گاؤں کا باقاعدہ وزٹ کرتے رہے ۔آپ نے اپنی زندگی میں جماعت پر آنے والے ابتلاؤں میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ۔آپ جہاں بھی رہے جماعت کے ساتھ بہت پختہ تعلق رکھا ۔ پاکستان میں لمبا عرصہ اپنی جماعت میں صدر اور سیکرٹری مال رہے اور اس کے علاوہ بھی مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ اپنی مقامی جماعت کی مسجد کی تعمیر میں رضاکارانہ طورپر کام کرتے رہے ۔ نمازوں کے پابند، اطاعت گزار ،بہت نیک ،صالح اور باوفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ گہرا محبت کا تعلق تھا۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
مکرم نعمت اللہ جتوئی صاحب ابن مکرم منشی محکم الدین جتوئی صاحب (کراچی)
آپ17مارچ 2018ء کو 92سال کی عمر میں وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق مسن باڈہ ضلع لاڑکانہ سے تھا۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے والدکے ذریعہ آئی جنہوںنے خاندان کے بعض اور بزرگوں کے ساتھ مل کر 1925ء میں پہلے تومربی سلسلہ لاڑکانہ مکرم مولانا محمد ابراہیم بقاپوری صاحب کے ذریعہ بیعت کی اورپھر1930 ء میں قادیان جاکر حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے دست مبارک پر بیعت کا شرف حاصل کیا۔مرحوم محکمہ آبپاشی سے بحیثیت اسسٹنٹ انجینئر ریٹائر ہوئے ۔صوم وصلوۃ کے پابند ، تہجدگزار، جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے ۔کراچی شفٹ ہونے کے بعد 2005ء میں جب مسن باڈہ میں مسجد اور مربی ہاؤس بنانے کی منظوری ہوئی تو آپ نے زمین کی خرید سے لے کر تعمیر تک کے تمام اخراجات خود اداکئے اور اپنی نگرانی میں سارا کام کروایا۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔
… … … … … …