نمازِجنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 20؍اگست 2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ صالحہ صفی محمود صاحبہ اہلیہ مکرم خلیفہ صفی محمود صاحب مرحوم (یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 07؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ صالحہ صفی محمود صاحبہ اہلیہ مکرم خلیفہ صفی محمود صاحب مرحوم (یوکے)
18؍اگست 2022ء کو80 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مولوی محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اورمکرم مولوی عبد الکریم صاحب ( سابق مبلغ سیرالیون ) کی بیٹی تھیں۔آپ قادیان میں پیدا ہوئیں اور بیس سال کی عمر میں والدین کے ساتھ برطانیہ آئیں۔ یہاں آنے کے بعد انہوں نے لائبریری سائنس میں تعلیم حاصل کی اور انیس سال تک South Thames کالج میں ٹیچر رہیں۔آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے زیر سایہ لمباعرصہ خدمت کی توفیق ملی اورحضوررحمہ اللہ نے جو کتب تصنیف فرمائیں ان میں حوالہ جات کی تلاش کا کام بخوبی سرانجام دیتی رہیں۔آپ نے امۃ الحئی لائبریری کو ترتیب دینے کی بھی توفیق پائی۔آپ کو چونکہ ریسرچ کا شوق تھا اس لیے اپنی فیملی کے بعض افراد کی سیرت وسوانح پر آپ نے متعدد کتب بھی تصنیف کیں۔ لجنہ اماء اللہ میں بطور ریجنل صدرلندن ریجن کے علاوہ سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت بجالاتی رہیں۔جہاں بھی رہیں وہاں بچوں اور مستورات کو قرآن کریم ناظرہ اور باترجمہ بھی پڑھاتی رہیں۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، بہت دیندار، ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور کثیر تعداد میں نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
1۔مکرمہ خدیجہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد المنان قریشی صاحب مرحوم (کینیڈا)
15؍ اپریل 2022ء کو88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ڈاکٹر حبیب اللہ خان صاحب کی بیٹی تھیںجنہوں نے 1923ءمیں احمدیت قبول کی اور مشرقی افریقہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ جماعت کینیڈا کے ابتدائی ممبران میں سے تھیں۔ مانٹریال میں آپ کا گھر جماعت کا سب سے پہلا نماز سنٹر تھا۔آپ نے لمبا عرصہ بطور صدر لجنہ مانٹریال خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ بہت خاموش طبع، خوش مزاج، خوش اخلاق، مہمان نواز، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔آپ تحریک جدید کے دفتر اول کے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم پروفیسر محمد شریف خان صاحب (واقف زندگی۔سابق پروفیسر ٹی آئی کالج ربوہ) کی بہن اور مکرم فرحان احمد حمزہ قریشی صاحب (مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) کی دادی تھیں۔
2۔ مکرمہ بشریٰ ثریا صاحبہ اہلیہ مکرم دین محمد صاحب شاہد مرحوم۔ سابق مربی سلسلہ (کینیڈا)
2؍جون 2022ء کو 83سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت قاری غلام یسین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔آپ نے ابتدائی تعلیم قادیان سے اورمیٹرک نصرت گرلز ہائی سکول ربوہ سے کیا۔آپ کا خاندان ربوہ کے ابتدائی مکینوں میں سے تھا۔مرحومہ اپنے واقفِ زندگی شوہر کے ساتھ ہمیشہ قدم سے قدم ملا کے چلیں اور ہر قسم کی پریشانی اورتنگی میں ہمیشہ بہت صبر وشکر کے ساتھ گزارا کیا اور بچوں کو بھی ہر وقت شکر کرنے کی تلقین کرتی تھیں۔ آپ کو خلافت سے بے پناہ محبت تھی۔آپ نے نہایت سادہ زندگی بسر کی۔مرحومہ بےحد مہمان نواز بھی تھیں۔ تمام چندوں کی بروقت ادائیگی کرتی تھیں۔ مرحومہ کو دو سال راولپنڈی میں حلقہ کی صدر لجنہ کے طور پہ خدمت کا موقع بھی ملا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔
3۔مکرمہ تسنیم ندیم صاحبہ اہلیہ مکرم ندیم کرتھاک کانتیاکام Krithakkanteakam صاحب (ڈرہم جماعت۔کینیڈا)
23؍جون2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کا تعلق کیرالہ انڈیا سے تھا۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، قرآن کریم سے گہرا لگاؤ رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے بے انتہا محبت رکھتی تھیں۔ قصیدے کے چند اشعار یاد کیے ہوئے تھے جنہیں اکثر دہرایا کرتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
4۔مکرمہ رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا بشیر احمد صاحب مرحوم (ربوہ )
6؍جون 2022ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، بہت مہمان نواز، ایک نیک، مخلص اور فدائی خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں سات بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
5۔مکرمہ امۃ العزیز قدسیہ صاحبہ(بیلجیم )
جون 2022ء میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مولوی قدرت اللہ سنوری صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔آپ کا بچپن خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی قربت میں گزرا۔جسے یاد کرکے بہت خوش ہوا کرتی تھیں۔باقاعدگی سے خطبہ سنتیں اور ایم ٹی اے کے پروگرام دیکھتی تھیں۔ پنجوقتہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، دعا گو، نرم مزاج، خلافت سے سچی محبت رکھنے والی، ایک ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔ 1974میں دو مرتبہ مخالفین نے شوہر کی غیر موجودگی میں آپ کے گھر پر حملہ کیا جس کا آپ نے بڑی دلیری سے مقابلہ کیا۔ 1998میں ہجرت کرکے اپنے بچوں کے ساتھ بیلجیم آگئی تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔
6۔مکرمہ نعیم اختر صاحبہ( جرمنی)
11؍جون 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ2016ءمیں پاکستان سے ہجرت کرکے جرمنی آئی تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند اور چندوں میں بہت باقاعدہ تھیں۔ بڑی مہمان نواز، ہر دلعزیز اور بااخلاق خاتون تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم منصور احمد ناصر صاحب ( واقف زندگی۔لائبیریا) کی نسبتی بہن تھیں۔
7۔مکرم امتیاز احمد صاحب ججہ( کینیڈا)
15؍ جون 2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ایک نیک،مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ مکرم چودھری نعمت اللہ صاحب مرحوم سابق ناظم جائیداد ربوہ کے داماد تھے۔
٭…٭…٭
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 23؍اگست 2022ء بروز منگل 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ محمودہ باسط صاحبہ اہلیہ مکرم مولانا عبد الباسط شاہدصاحب (یوکے ) کی نماز جنازہ حاضر اور 07؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ محمودہ باسط صاحبہ اہلیہ مکرم مولانا عبد الباسط شاہدصاحب (یوکے )
16؍اگست 2022ءکو 81 سال کی عُمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ محترم میاں چراغ دین صاحب آف ہوشیار پور کی بیٹی اور مکرم مولوی محمد صدیق صاحب مرحوم انچارج خلافت لائبریری ربوہ اور مکرم مولوی محمد شریف صاحب سابق مبلغ سلسلہ بلاد عربیہ کی بھانجی تھیں۔مرحومہ نے شادی کے بعد مکرم مولانا عبد الباسط شاہد صاحب (مربی سلسلہ) کے ساتھ وقف کی روح کے ساتھ زندگی بسر کی اور جہاں بھی وہ رہے وہاں بچوں اور خواتین کو دینی تعلیم اور قُر آنِ کریم سکھانے اور پڑھانے کا فریضہ بہت عمدگی سے ادا کرتی رہیں۔ مرحومہ بہت دیندار، صوم وصلوٰۃ کی پابند،بڑی ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کےساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی صابرہ و شاکرہ بزرگ خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹیاں اور دو بیٹے اوربہت سے نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔آپ کے دو پوتے واقف زندگی ہیں اور بطور مربیان سلسلہ خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔آ پ مکرم آصف محمود باسط صاحب واقف زندگی (ڈائریکٹر پروگرامنگ ایم ٹی اے انٹرنیشنل)کی والدہ تھیں۔
نماز جنازہ غائب
1۔مکرم الحاج رانا عبد الکریم خان صاحب کاٹھگڑھی (جرمنی)
30؍ جون 2022ءکو88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت حاجی چودھری عبد الحمید خان صاحب کاٹھگڑھی رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیٹے تھے۔آپ نے لمبا عرصہ سیکرٹری مال چک نمبر2TDAضلع خوشاب کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، دعا گو، ایک باوفا اور خوش اخلاق انسان تھے۔خلافت سے محبت اور عقیدت کا گہر اتعلق تھا۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں چار بیٹے دو بیٹیاں اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
2۔مکرمہ نسرین بھٹی صاحبہ اہلیہ مکرم مشتاق احمد صاحب بھٹی (لانگن۔جرمنی)
13؍ جولائی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، غریبوں کی مدد کرنےوالی،حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھنے والی ایک ہنس مکھ اور نیک فطرت خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ اخلاص کا گہرا تعلق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹے شامل ہیں۔
3۔مکرم حکیم محمد اکمل خان صاحب ابن مکرم حکیم فضل غفور خان صاحب (صادق آباد)
14؍مئی 2022ء کو84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے بیس سا ل صدر جماعت شمس آباد کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ بہت نیک ،مخلص اور باوفا انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔
4۔مکرم ناصر احمد صاحب ملہی (ریٹائرڈ مربی سلسلہ۔ ربوہ)
7؍جولائی 2022ء کو72سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے جامعہ سے شاہد کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے مختلف مقامات کے علاوہ 1984ءسے 1988ءتک گھانا میں خدمت کی توفیق پائی۔ مجلس نابینا کے تحت نا بینا افراد کو تعلیم دینے کا موقعہ بھی ملا۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآ ن کریم کے پابند،بہت ہمدرد، ملنسار،ہمسایوں سے حسن سلوک کرنےوالے، بہت نیک، کم گو اورخوش مزاج انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی شامل ہے۔
5۔مکرمہ سلیمہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم منیر احمد صاحب مرحوم(ربوہ)
25؍ نومبر 2021ءء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم حکیم اللہ دتہ صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی پوتی تھیں۔صوم وصلوۃٰ کی پابند،مہمان نواز، متوکل علی اللہ، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
6۔مکرمہ زرینہ صاحبہ اہلیہ مکرم ملک رب نواز صاحب (سابق انسپکٹر وقف جدید۔ ربوہ)
15؍جولائی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، دعا گو،باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، خلافت سے گہری وابستگی رکھنے والی، چندوں میں باقاعدہ اور صدقہ وخیرات کرنے والی ایک سادہ مزاج نیک سیرت خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دوبیٹے شامل ہیں۔
7۔ مکرم طاہر محمد محمود قصوری صاحب ابن مکرم عطاء محمد صاحب (ہالینڈ)
20؍جون 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد نے 1935ء میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔آپ تعلیم کے پیشہ سے منسلک تھے۔ خدام الاحمدیہ میں پہلے نائب قائد ضلع لاہور اور پھر قائد ضلع قصور کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔1987ءمیں ہالینڈ آنے کے بعد وہا ں بھی مختلف رنگ میں خدمت بجالاتے رہے۔خدمت خلق کا شوق جنون کی حد تک تھا۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭