سیّدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دورۂ امریکہ و گوئٹے مالا سے بخیر و عافیت لندن واپس تشریف لے آئے
سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مورخہ 6؍ نومبر 2018ء نمازِ ظہر سے کچھ قبل اپنے حالیہ دورۂ امریکہ و گوئٹےمالا سے بخیر و عافیت مسجد فضل (لندن) واپس رونق افروز ہو گئے۔ الحمد للہ ربّ العالمین۔ حضورِ انور اس دورہ کے لئے 15؍ اکتوبر کو روانہ ہوئے تھے۔
حضورِ انور کایہ دورہ اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضلوں کو سمیٹے ہوئے نہایت کامیاب و کامران رہااور قدم قدم پر چشمِ فلک نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الہام ’’ آسمانی تائیدیں ہمارے ساتھ ہیں‘‘(تذکرہ صفحہ 435 ایڈیشن چہارم 2004ء مطبوعہ ربوہ) کے پورا ہونے کا نظارہ کیا۔
اس دورہ کے دوران حضورِ انور نے امریکہ میں تین مساجد ’بیت العافیت‘ (ہیوسٹن)، ’بیت الصّمد‘ (بالٹی مور ) اور ’مسجد مسرور‘ (مناسَس)، ایم ٹی اے ٹیلی پورٹ کی نئی عمارت (واقع مسجد بیت الرحمٰن ۔ سلور سپرنگ) کا افتتاح فرمایا نیز دورۂ گوئٹے مالا کے دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ نے ہیو مینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کے زیرِ انتظام نَو تعمیر شدہ ’ناصر ہسپتال‘ کا افتتاح فرمایا۔ اس کے علاوہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دَور سے جاری شدہ رسالہ ’ریویو آف ریلیجنز‘ کے ہسپانوی (Spanish) ایڈیشن کا بھی (آن لائن) اجرا فرمایا۔
تین ہفتوں پر مشتمل اس دورہ کے دوران حضورِ انور نے قرآنِ کریم، آنحضرت ﷺ اور ارشادات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی روشنی میں تین معرکۃ الآراء خطباتِ جمعہ ارشاد فرمائے،متعدداستقبالیہ تقریبات اور پریس کانفرنسز سے خطاب فرمایا،مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے سوالات کے نہایت اعلیٰ اور پُر معارف جوابات عطا فرمائے۔ امریکہ کی جماعتی نیز ذیلی تنظیموں کی نیشنل مجالسِ عاملہ سے ملاقات فرمائی اور انہیں ہدایات سے نوازا۔واقفینِ نَو اور واقفات نَو کی کلاسز میں شرکت فرمائی۔ اسی طرح امریکہ اور گوئٹے مالا سے تعلق رکھنے والے احمدی اور غیر احمدی افراد، ممبرانِ پارلیمنٹ، کانگریس کے ممبران، امریکہ میں تعینات بعض ممالک کے سفراء اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی کئی معزز شخصیات نے حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا ۔
(اس دورہ کی تفصیلی رپورٹ الفضل انٹرنیشنل میں شائع ہو رہی ہے)
بلا شبہ حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہ جات کی برکت سے سالوں کے کام مہینوں اور مہینوں کے کام دنوں میں ہونے لگتے ہیں۔ اس دورہ کے دوران بھی اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کے حسین نظارے اور حضورپُرنور کی مبارک معیت ممبرانِ جماعت ِ احمدیہ امریکہ و گوئٹےمالا کے ایمان میں پختگی اور حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ سے ایک پائیدار ذاتی تعلق پیدا کرنے کا باعث بنے۔ امریکہ اور گوئٹے مالا کے لوگوں نے حضورِ انور کی ذاتِ بابرکات سے خوب خوب روحانی فیوض حاصل کئے ۔ الحمد للہ ربّ العالمین
ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں اس عظیم دورہ کی کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ حضورِ انور کی عمر اور فیض میں بے انتہا برکت عطا فرمائے اور دنیا بھر میں بسنے والے لوگوں کو ایسے حسین لمحات میسّر آئیں کہ جن میں وہ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت معیت سے فیضیاب ہو کر اپنی روحانی تسکین کا سامان کر سکیں۔ آمین
……………………………(ادارہ الفضل انٹرنیشنل۔ لندن)