جماعت احمدیہ بھوبنیشور، بھارت میں پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد
بھارت کا شہر بھوبنیشور صوبہ اڈیشہ کا دارالحکومت ہے اور مذہبی اعتبار سے اہم اور تاریخی شہر ہے۔ اس شہر میں مورخہ ۲۲؍جنوری۲۰۲۳ء کو جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم ’’پال ہائٹس ہوٹل‘‘ میں منعقد ہوا۔ امسال اس پیس سمپوزیم کا عنوان ’’پائیدار امن کے قیام کے بنیادی اصول‘‘ مقرر کیا گیا۔
اس پیس سمپوزیم میں جناب پروفیسر گنیشی لال صاحب گورنر آف اڈیشہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ موصوف جماعتی تعارف، تعلیمات اور خدمات سے غیر معمولی طور پر متاثر تھے جس کی وجہ سے موصوف نے جماعت کی دعوت کو قبول کرتےہوئے اس پیس سمپوزیم میں شمولیت اختیار کی۔
پیس سمپوزیم میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے 180 سے زائد معززین نے شرکت کی جن میں سیاسی و سرکاری عہدیداران، تعلیمی ادارہ جات کے پروفیسر صاحبان و طلبا، مختلف مذاہب کے لیڈران اور مختلف رفاہی و فلاحی تنظیموں کے ساتھ جڑے ہوئے احباب شامل تھے۔
اس پیس سمپوزیم کی صدارت مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ بھوبنیشور نے کی۔پیس سمپوزیم کے رسمی اجرا سے قبل قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد جماعتی نمائندہ نے مہمانان کرام کا استقبال کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا تعارف کرایا جس میں اسلام اور احمدیت کی امن بخش تعلیمات اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد اور آپ علیہ السلام کے مشن کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔ اسی طرح پیس سمپوزیم کا تعارف کراتے ہوئے ایسے پروگرام کے انعقاد کا مقصد بھی بیان کیا۔
پیس سمپوزیم میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کے سلسلہ میں کی جانے والی کاوشوں اور قیام امن عالم کے لیے زریں اصول کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس ڈاکومنٹری میں جماعت احمدیہ بھارت کی طرف سے کیے جانے والے خدمت خلق کے کاموں کو بھی پیش کیا گیا۔ یہ ڈاکومنٹری حاضرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور حاضرین نے دلچسپی کے ساتھ اس ڈاکومنٹری کا مشاہدہ کیا۔
اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کے مقرر نےسیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں دنیا کی موجودہ حالت کا نقشہ کھینچتے ہوئے امن عالم کے قیام کی ضرورت اور اس کے لیے زریں اصول کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات کے متعلق حاضرین سے خطاب کیا۔
پیس سمپوزیم پر تشریف لانےوالے معزز مہمانان کو بھی مقررہ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔ چنانچہ انہوںنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی قیام امن کےلیےکاوشوں کو سراہا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
جناب گورنر صاحب نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کی طرف سے قیام امن کے سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور قومی یکجہتی، ملک سے وفاداری اور انسانیت کی خدمت کے حوالہ سے حاضرین کو بتایا۔ نیزموصوف نے اپنے نیک خیالات اور جذبات کا بھی اظہار کیا۔
صدارتی خطاب اور اجتماعی دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد مہمانان کرام کے لیے ضیافت کا انتظام کیا گیا۔
اس موقع پر ہال کی ایک جانب جماعتی بُک اسٹال بھی لگایا گیا جس سے شاملین نے بھرپور استفادہ کیا۔ معزز مہمانان کرام کو جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیے گئے۔
پیس سمپوزیم کی خبریں۱۹؍مختلف اخبارات اور۴؍ٹی وی چینلز نشر ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)