امریکہ کے واقفین نو کا سالانہ دورہ جامعہ احمدیہ کینیڈا
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ وقف نو جماعت احمدیہ امریکہ نے مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ، شعبہ وقف نو جماعت کینیڈا اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے تعاون سے ۱۹ تا ۲۱؍ مئی ۲۰۲۳ء جامعہ احمدیہ کینیڈا کے سالانہ دورہ کا اہتمام کیا۔ اس دورہ میں امریکہ کے بارہ سے اٹھارہ سال کی عمر کے اطفال اور خدام کو جامعہ احمدیہ کینیڈا سے متعارف کرانے کی غرض سےکینیڈا لا یا گیا۔
تین دن پر مشتمل اس دورےمیں تمام شاملین کو ایک دلچسپ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا جس میں تعلیمی اور تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس پروگرام کے ذریعہ امریکہ سے آنے والے طلبہ میں واقف زندگی بننے اور جامعہ احمدیہ کینیڈا میں داخل ہونے کی خواہش کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔اس دورے میں امریکہ سے شامل ہونے والوں کی کل تعداد ۱۲۷؍ تھی۔ ا مریکہ سے جانے والا یہ وفد ۵۲؍ واقفین نو، ۳۷؍ غیر وقفِ نو بچوں، ۲۲؍ والدین اور سرپرست، نیشنل ٹیم کے ۸؍ارکان، ۶ مقامی رضاکار اور ایم ٹی اے امریکہ کے ۲؍ ارکان پر مشتمل تھا۔
جامعہ احمدیہ کینیڈا کا دورہ جمعرات ۱۸؍ مئی ۲۰۲۳ء کو مہمانوں کی آمد اور چیک اِن کے ساتھ شروع ہوا۔اس دورے کی میزبان جماعت کینیڈا کی طرف سے مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور ۸۰؍ سے زائد مہمانوں کو پیس ولیج کے مختلف گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرایا گیا۔
اگلے دن کا آغاز فجر کی نماز کے ساتھ ہوا، جس کے بعد اس دورے میں شامل ہونے والوں کے لیے صبح ساڑھے سات بجے تک سونے یا ورزش کےلیےوقت مقرر کیا گیا۔ صبح آٹھ بجے مسجد بیت الاسلام میں حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سننے کا انتظام تھا جس کے بعد طاہر ہال میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ نماز جمعہ کی تیاری صبح دس بجے شروع ہوئی اور دوپہر کو طاہر ہال میں ظہرانہ دیا گیا۔ مسجد بیت الاسلام میں نماز جمعہ کے بعد اڑھائی بجے نائب امیر کینیڈا مکرم کلیم احمد ملک صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو یو ایس اے کی افتتاحی تقریر کے بعد نائب امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کینیڈا کی طرف سے آنے والوں کا استقبال کیا اور نوجوانوں کو خدمت دین کی برکات کے حوالے سے زریں نصائح کیں۔
افتتاحی اجلاس کے بعدتمام شاملین انیسفل اونٹاریو میں واقع جامعہ کی نئی عمارت کی طرف روانہ ہوئے جہاں عصر کی نماز ادا کی گئی۔ بعد ازاں حا ضرین کو جامعہ کی اس نئی عمارت سے متعارف کروایا گیا اور مختلف گروپس کی صورت میں جامعہ احمدیہ کی عمارت اور اس کے احاطے میں شامل دوسری عمارتوں کا ٹور کروایا گیا۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو کینیڈا باسل رضا بٹ صاحب (مربی سلسلہ) نے لڑکوں کے لیے ٹیم بلڈنگ (Team building) کی ایک دلچسپ مشق کروائی۔ تقریباً شام آٹھ بجے تک یہ وفد طاہر ہال میںواپس آیا جہاں رات کے کھانے کا انتظام تھا۔ نماز مغرب و عشا ءکی ادائیگی کے ساتھ دن کا اختتام ہوا۔
اگلے دن کا آغاز نماز فجر سے ہوا جس کے بعد صبح ساڑھے چھ بجے طاہر ہال میں ناشتہ کیا گیا۔ اس دن کے پروگرام کا آغاز جامعہ کے آڈیٹوریم میں صبح سات بج کر پچاس منٹ پر ایک اسمبلی سے ہوا جہاں شاملین وفدجامعہ احمدیہ کے طلبہ کے ساتھ ان کی صبح کی اسمبلی میں شامل ہوئے۔
جامعہ احمدیہ کا ایک ٹور صبح آٹھ بج کر دس منٹ پر شروع ہوا جس کی قیادت طلبہ جامعہ احمدیہ نے کی۔ شاملین کو ادارے کے مختلف پہلوؤں کو دریافت کرنے کا موقع ملا، جس میں جامعہ احمدیہ کے ہالوں میں ایک نمائش کا انٹرایکٹو دورہ، کلاس رومز کا دورہ اور آخر میں جامعہ کی لائبریری کا دورہ شامل تھا۔
اردو اور عربی زبان کی کلاسیں اس دورے کا ایک اہم حصہ تھیں۔ صبح گیارہ بجے جامعہ آڈیٹوریم میں اردو کی کلاس کا انعقاد کیا گیا۔ بعد ازاں عربی کلاس کا انعقاد کیا گیا جس سےشاملین کے لسانی علم میں اضافہ ہوا۔اس کے بعد شاملین ’’جامعہ میں ایک دن‘‘ کے عنوان سے ایم ٹی اے کینیڈا کی بنائی ہوئی ایک فلم دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔ اس فلم میں جامعہ احمدیہ کے روزمرہ کے معمولات اور سرگرمیوں کا گہرائی سے جائزہ پیش کیاگیا تھا۔اس فلم کے ذریعہ حاضرین کو طلبہ جامعہ احمدیہ کی زندگی اوران کے روزمرہ کے تجربات دکھائے گئے۔
ایک خصوصی نشست بعنوان ’’جامعہ احمدیہ کا تجربہ‘‘ دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے ایک بجے تک منعقد ہوئی۔اس نشست میں مولانا داؤد احمد حنیف صاحب (پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا)، مرزا حارث احمد صاحب (نیشنل سیکرٹری وقف نو امریکہ)، جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبہ اور امریکہ سے آنے والے بچوں نے پریزنٹیشنز دیں۔ ان پریزنٹیشنز نے جامعہ احمدیہ کے تجربے پر ایک منفرد نقطہ نظر پیش کیا جس میں اس ادارے میں ملنے والی تعلیم اور روحانی ترقی کے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔
یہ دورہ ایک بجے اختتامی اجلاس اور سوال و جواب کی محفل کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو امریکہ اور پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا نے اختتامی کلمات کہے۔ دورہ کے لیے اظہار تشکر کیا اور تعلیم اور روحانی نشوونما کی اہمیت پر زور دیا۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر مسجد بیت الاسلام میں دوپہر دو بجے ادا کی گئی جس کے بعد طاہر ہال میں کھانے کا انتظام تھا۔ بعد ازاں شاملین شام ساڑھے سات بجے نیشنل مجلس عاملہ کینیڈا اور جامعہ احمدیہ کے ساتھ ایک خصوصی عشائیہ میں شامل ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد طاہر ہال میں MTAسٹوڈیو کا دورہ کیا گیا اور بعض کھیلوں کے بعد یہ دن بھی اختتام پذیر ہوا۔
آخری دن ۲۱؍ مئی بروز اتوار صبح پونے پانچ بجے نماز فجر سے شروع ہوا جس کے بعد طاہر ہال میں ناشتہ کیا گیا۔ مسجد بیت الاسلام میں اختتامی اجلاس کا آغاز صبح آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو کینیڈا نے مختصر تقریر کی۔ اورنیشنل وقف نو ڈیپارٹمنٹ امریکہ کی طرف سے امریکہ سے آنے والے بچوں، نیشنل وقف نو ٹیم اور میزبان جماعت کینیڈا کے نمائندگان اور رضا کاروں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
امریکہ کے نیشنل سیکرٹری وقف نو نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے اپنے میزبانوں اور تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام کو ممکن بنایا۔اس کے بعد نائب امیر کینیڈا سہیل مبارک شرما صاحب نے اپنے دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتامی دعا کروائی۔صبح نو بجے وفود کی امریکہ واپس روانگی ہوئی اور انہیںلنچ باکس فراہم کیے گئے۔ اس طرح یہ دورہ اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ