میلبرن، آسٹریلیا کی تین جماعتوں کا مشترکہ جلسہ یوم خلافت
مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ میلبرن کی تین جماعتوں کا مشترکہ جلسہ یوم خلافت منعقد ہوا جس میں احباب و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔الحمد للہ علیٰ ذٰلک
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے مرکزی شہر میلبرن کے مرکز سے پچاس (۵۰) کلومیٹر جنوب مشرقی جانب تین جماعتیں لینگوارن (Langwarrin)، کلائیڈ(Clyde) اور بیرک (Berwick) قائم ہیں۔ ان تینوں جماعتوں کا مشترکہ جلسہ یوم خلافت صبح گیارہ بجے سے ایک بجے دوپہر تک مسجد بیت السلام میں منعقد ہوا۔اس جلسہ کے تمام تر انتظامات جماعت بیرک نے سر انجام دیے۔ جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے امیر و مشنری انچارج مکرم انعام الحق کوثر صاحب نے سڈنی سے آکر اس جلسہ میں شرکت کی اور جلسہ کی صدارت کے فرائض سرانجام دیے۔
جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد مکرم امیر صاحب کے تعارفی کلمات کے بعدامتیاز احمد نوید صاحب (مربی سلسلہ) نے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے عنوان پر اردو تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے جلسہ یوم خلافت کی تاریخ، اہمیت وضرورت اور اس کے مقاصد اور مقام خلافت پر روشنی ڈالی۔آپ نے بتا یا کہ خلیفہ وقت جس کو اللہ تعالیٰ منتخب فرماتا ہے اس کو اللہ تعا لیٰ کی تائید بھی حاصل ہوتی ہے جس پر جماعت احمدیہ گواہ ہے۔
اگلی تقریر ایک واقف نو، عزیزم کاشف معین نے انگریزی میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے حالات زندگی پر کی۔
نظم کے بعد ایک واقفہ نو، عزیزہ سبیکہ حمید نے انگریزی میں ہم خلیفہ وقت سے تعلق کیسے بڑھا سکتے ہیں؟ کے موضوع پر مختصر تقریر پیش کی۔
اختتامی تقریر خاکسار (صدر جماعت بیرک) نے خلیفہ خدا بناتا ہے کے عنوان پر کی۔
دعا کے ساتھ یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس جلسہ میں مجموعی طور پر ۵۵۵؍احباب و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ الحمد للہ