افریقہ (رپورٹس)

مشرقی افریقہ کے ممالک کا مرکزی ریفریشر کورس برائے لجنہ اماء اللہ

(شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ سیکشن مرکزیہ کے زیر اہتمام دارِ سلام تنزانیہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک کا ریفریشر کورس مورخہ 13تا 15ستمبر2019ء منعقد کروایا گیا۔ الحمدللہ علیٰ ذٰلک۔ اپنی نوعیت کے اس پہلے پروگرام کو تنزانیہ میں منعقد کروانے کے لیے مرکز کی طرف سے خواہش ظاہر کی گئی ۔ جس پر مکر م امیر و مشنری انچارج صاحب تنزانیہ نے رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مرکزی پروگرام کی میزبانی تنزانیہ جماعت کے لیے سعادت اور خوش قسمتی ہوگی اور فوری طور پر اس کی تیاری کے حوالہ سے کمیٹی تشکیل دی۔

تین دن کا یہ پروگرام حال ہی میں مکمل ہونے والی مسجد سلام میں منعقد ہوا۔ انچارج لجنہ سیکشن مرکزیہ مکرمہ ریحانہ احمد صاحبہ UKسے تشریف لائیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد لجنہ اماء اللہ کی عہدیداران کو ان کی ذمہ داریوں کے بارہ میں آگاہ کرنا اور مرکز سے رابطہ فعال بنانا تھا۔ اس لیے شامل ہونے والے ممالک سے لجنہ کی صدرات کے ہمراہ دیگر ممبرانِ عاملہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس طرح یوگینڈا سے 5، زمبابوے سے 4، کینیا سے 2 اور ملاوی سے 1 ممبر لجنہ اماء اللہ نے شرکت کی۔ میزبان ملک ہونے کے ناطے تمام مجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ تنزانیہ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ دیگر ممبرات لجنہ کے سپرد انتظامی فرائض تھے ۔ تمام مہمانان کی رہائش اور کھانے کا انتظام مسجد سلام سے ملحقہ رہائشی بلاک کے گیسٹ رومز میں کیا گیا۔

پہلے دن بروز جمعۃ المبارک ریفریشر کورس کے پروگرام اور شامل ہونے والی ممبرات کا تعارف کروایا گیا اور ‘‘لجنہ اماء اللہ کا عہد اور ہماری ذمہ داریاں ’’کے موضوع پر پریزینٹیشن پیش کی گئی۔ دوسری پریزینٹیشن ‘‘تاریخ لوائے لجنہ اماء اللہ’’ کے بارے میں تھی ۔ نماز جمعہ کی ادائیگی اور کھانے کے بعد تمام ممبرات نے ایم ٹی اے افریقہ کے ذریعہ براہِ راست خطبہ جمعہ حضور انور ملاحظہ کیا۔ بعد ازاں دستورِ اساسی لجنہ اماء اللہ کا تعارف کروایا گیا اور انتخابِ عہدیداران کا طریق سمجھایا گیا۔

دوسرے دن تلاوت قرآن کریم کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات میں سے فرائض عہدیداران پڑھ کر سنائے گئے ۔ اسی دن لجنہ اماء اللہ کی شوریٰ کے انعقاد کے قواعد اور طریق کے بارہ میں پریزینٹیشن دی گئی۔ 2022ء کا سال لجنہ اماء اللہ کی صد سالہ جوبلی کا سال ہے۔ اس مناسبت سے ممالک کو مکمل پلان دیا گیا اور اس پر عمل درآمد کے بارہ میں مشورہ کیا گیا۔ آخر پر مرکزی نمائندہ نے لجنہ سیکشن مرکزیہ اور اس کی طرف سے شائع شدہ کتب کا تعارف کروایا۔

تیسرے دن کا آغا ز بھی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت بیان کرنے کے بعد لجنہ اماء اللہ کا سالانہ بجٹ تشکیل دینے کے حوالہ سے ہدایات دی گئیں۔ اسی طرح ہر ماہ رپورٹس کو ملکی سطح پر اکٹھا کرنے کے نظام کو فعال بنانے اور براہِ راست مرکز بھجوانے کا طریق سمجھایا گیا۔ پروگرام میں دلچسپی قائم رکھنے کے لیے اختتام سے قبل لجنہ اماء اللہ کے دستورِ اساسی اور ریفریشر کورس کے حوالہ سے ایک کوئز بھی رکھا گیا۔ آخر پر شاملین نے سوالات پوچھے اور اپنی آراکا اظہار کیا۔ اسی روز ایم ٹی اے افریقہ کے ذریعہ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع لجنہ اماء اللہ UKسے اختتامی خطاب سنوانے کا انتظام بھی کروایا گیا۔ دعا کے ساتھ اس ریفریشر کورس کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ لجنہ اماء اللہ کی ممبرات کو اس ریفریشر کورس کے ذریعہ اپنی تنظیم کے بارہ میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ اگلے روز مہمانان کے لیے دارِسلا م شہر سے کچھ فاصلہ پر واقع Kitonga کے دورہ کا پروگرام رکھا گیا جہاں جلسہ گاہ ، دفتر لجنہ اماء اللہ تنزانیہ ، مساجد، مشن ہاؤس اور احمدیہ سیکنڈری سکول قائم ہے۔ جس کے بعد اپنے اپنے پروگرام کے مطابق مہمانان کی وطن واپسی کا سلسلہ شرو ع ہوا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریفریشر کورس کے بابرکت ثمرات پیدا فرمائے اور خدمت کرنے والے معاونین کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button