سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ یونان ۲۰۲۳ء
٭…’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ نیشنل اجتماع میں علمی و ورزشی مقابلہ جات اور تقاریر کا اہتمام
٭…۲۴؍ احباب کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ یونان کا آٹھواں ایک روزہ سالانہ اجتماع مورخہ یکم اکتوبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس سال اجتماع کا موضوع ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ تھا۔
اجتماع کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ اجتماع سے قبل ممبران خدام الاحمدیہ کو بذریعہ ٹیلی فون اطلاع کی گئی اوراجتماع کا پروگرام بھجوایا گیا۔ انفرادی نماز تہجد، نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم سے دن کا آغاز کیا گیا۔
اجتماع کا پہلا اجلاس دوپہر دو بجے ایتھنز مسجد میں مبارک احمد بشیر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور عہد سے شروع ہوا۔
صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے افتتاحی تقریر بعنوان ’’خلافت احمدیہ، ہستی باری تعالیٰ کا ایک زندہ جاوید ثبوت‘‘ کی۔ دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔
ورزشی مقابلہ جات: دو بج کر بیس منٹ پر ورزشی مقابلہ جات ہوئے جن میں کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی شامل تھے۔ تین بجے وقفہ برائے نماز ظہر و عصر و طعام ہوا۔
علمی مقابلہ جات: چار بجے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں تلاوت، نظم اور اذان کے مقابلہ جات شامل تھے۔
دوسرا جلاس: چار بج کر چالیس منٹ پر دوسرا اجلاس صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: تلقین عمل از چودھری مشتاق احمد صاحب اورحضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا عشق قرآن از محمد اکبر صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع۔
تیسرا اجلاس: پانچ بج کر چالیس منٹ پر تیسرے اجلاس کا آغاز مہمان خصوصی عطاء النصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدر جماعت احمدیہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ اجتماع کی رپورٹ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے پیش کی اور ناظمین، قائدین اور اجتماع میں کسی بھی حوالہ سے خدمت کرنے والوں اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔
مہمان خصوصی عطاء النصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدر نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے اور دس دلائل ہستی باری تعالیٰ کے عنوان پر اختتامی تقریر کی اور اس کے بعد دعا کروائی۔
اجتماع کا پروگرام اس ترتیب سے رکھا گیا تھا کہ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے موقع پر براہ راست اختتامی خطاب یونان کے اجتماع کا بھی اختتامی خطا ب ہو۔
حضرت امیر المومنین کا مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع کا اختتامی خطاب براہ راست سننے اور دیکھنے کا انتظام پراجیکٹر کے ذریعہ بڑی سکرین پر کیا گیا تھا جو سب حاضرین نے بہت ذوق و شوق سے دیکھا ، سنا اور پیارے آقا حضرت امیر المومنین کے ساتھ سب نے کھڑے ہو کر عہد دہرایا۔ جماعت احمدیہ یونان نے بھی حضورِ انور کے ساتھ اختتامی اجتماعی دعا کی اور اس طرح پروگرام کا اختتام ہوا۔
اجتماع میں شامل ہونے کے لیے مسجد میں تشریف لانے والے خدام کی تعداد ۹؍ اور آن لائن شامل ہونے والوں کی تعداد بھی ۹؍ تھی اور چھ انصار شامل ہوئے۔ اس طرح اس اجتماع کی کُل حاضری ۲۴؍ رہی۔