خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری چالیس روز سے تجاوز کر چکی ہے جس میں اب تک ساڑھے گیارہ ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک اور ۲۵؍ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
٭…شمالی غزہ میں فلسطینی مسلح گروپوں سے جھڑپوں میں مزیددو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے زمینی آپریشن میں مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد پچاس ہو گئی ہے۔دوسری جانب غزہ کے علاقے صابرہ میں اسرائیلی فوج نے مسجد پر بھی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پچاس افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے صابرہ میں مسجد پر اس وقت بمباری کی جب مسجد میں نماز جاری تھی اور مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔ میڈیا کے مطابق ۷؍اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں ۵۵؍سے زائد مساجد مکمل طور پر شہید ہو چکی ہیں جبکہ ۱۳۹؍مساجد کو نقصانات پہنچے ہیں۔
٭…اقوامِ متحدہ میں بچوں کی فلاح و بہبود کے ادارے یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسیل کی گاڑی کو غزہ جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کیتھرین رسیل کی گاڑی کو حادثہ منگل کو مصر میں پیش آیا جس میں وہ زخمی ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے اسرائیل کا دورہ بھی ملتوی کردیا ہے۔
٭… امریکی صدر جو بائیڈن اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان کیلی فورنیا میں ملاقات ہوئی، دونوں راہنماؤں نے تناؤ کم کرنے کی بات کی۔رپورٹس کے مطابق عالمی راہنماؤں نے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا۔اس موقع پر جوبائیڈن نے کہا کہ تناؤ کو تصادم کی طرف نہیں جانا چاہیے۔چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ سپر پاورز کے لیے ایک دوسرے سے منہ موڑنا کوئی آپشن نہیں ہے۔دنیا کی دو بڑی اقتصادی قوتوں کے سربراہوں کی ملاقات ایپک سربراہ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔
٭… اسرائیل میں حزب اختلاف کے راہنما یائر لاپد نے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حماس کے خلاف جنگ سے نمٹنے میں حکومت کی ناقص کارکردگی اور حکمتِ عملی پر استعفیٰ دیں۔لاپد کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ قومی تعمیر نو کی حکومت تشکیل دی جائے جس کی قیادت نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کر سکتی ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم چلے جائیں۔اسرائیلی میڈیا کو دیے گئے بیانات کے بعد لاپد نے ٹویٹ کیا کہ ۷؍اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اور عوام نے لچک کا مظاہرہ کیا ہے لیکن کمزور کڑی حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم ہیں۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نے آوازیں سنی ہیں کہ یہ وقت نہیں ہے۔ ہم نے چالیس دن انتظار کیا، اب کوئی وقت نہیں ہے۔ اس وقت ہمیں ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو سیکیورٹی اور معیشت کے علاوہ کچھ نہ کرے۔
٭… امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ حماس کی طرف سے ۷؍اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے ۲۰۰؍سے زائد افراد کی رہائی کی ڈیل سے متعلق کسی حد تک پُرامید ہیں۔امریکی ریاست کیلیفورنیا میں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ وقت سے پہلے اس کےمتعلق کچھ بولنا نہیں چاہتے مگر امریکہ کو قطر سے بہت تعاون مل رہا ہے، جو اسرائیل اور حماس میں ان یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق مذاکرات کرا رہا ہے۔اسرائیل کے غزہ کے الشفاء ہسپتال پر فوجی آپریشن سے متعلق صدر بائیڈن نے کہا کہ حماس نے اس ہسپتال کے نیچے فوجی اڈہ رکھ کرجنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔اسرائیل نے کچھ ہتھیار اور دیگر آلات دکھاتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اس ہسپتال کے نیچے سے یہ ہتھیار اور دیگر آلات برآمد کیے ہیں جو حماس کی ملکیت تھے۔حماس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ اس نے ہسپتال کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل سے عام شہریوں کے تحفظ سے متعلق محتاط ہونے کا کہا ہے۔
٭… برطانیہ میں کینسر کا علاج نہ ہونے سے مریض مرنے لگے، برطانوی میڈیا کے مطابق این ایچ ایس کے کینسر کے علاج کا ویٹنگ ٹائم بلند ترین سطح پر ہے۔خدشہ ہے کہ ۲۰۴۰ء تک ایک ہفتے میں کینسر کے دو ہزار اضافی مریض ہوں گے۔ کینسر کے علاج کا حکومتی منصوبہ ختم کیے جانے پر ماہرین نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے برطانیہ میں کوئی حقیقت پسندانہ منصوبہ ہے ہی نہیں۔