مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

حضور انور کی مصروفیات کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

مورخہ07؍ تا 09؍اکتوبر 2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايّدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…07؍اکتوبر2019ءبروزسوموار(Saint-Prix، فرانس): آج حضورِ انورکا قافلہ بیت العطاء سے روانہ ہو کر دوپہر سوا بارہ بجے کے قریب مسجد مبارک پہنچا جہاں پر موجود احمدیوں نے اپنے پیارے امام کا والہانہ استقبال کیا۔

٭شام سوا پانچ بجے Sarcelles کے گورنر Denis Dobo-Schoenenberg نے حضورِ انور کے دفتر میں شرفِ ملاقات پایا۔ یہ ملاقات پونے چھ بجے تک جاری رہی۔ ملاقات کے اختتام پر حضورِ انور اکرامِ ضیف کا نمونہ پیش کرتے ہوئے مہمان کو رخصت کرنے کے لیے دفتر سے باہر تک تشریف لائے۔

اس ملاقات کے بعد حضورِانور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے اور پھر فرانس کی واقفاتِ نَو کی کلاس کو رونق بخشنے کے لیے ساڑھے چھے بجے سے کچھ پہلے مسجد مبارک تشریف لائے۔ ساڑھے چھے بجے واقفاتِ نو کی اپنے پیارے امام کے ساتھ کلاس شروع ہوئی۔

٭واقفاتِ نَو کی کلاس: جماعت احمدیہ فرانس میں وقفِ نَو کی بابرکت سکیم میں شامل بچیوں کی تعداد 105 ہے جن میں سے 70سات سال سے زائدعمر کی ہیں۔ ان میں سے 57 آج کی اس بابرکت محفل میں شامل تھیں۔ حسبِ روایت تلاوت قرآن کر یم سے کلاس کا آغازہوا۔ حدیث، نظم اور ملفوظات اردو اور فرنچ میں پیش کیے گئے- عزیزہ راغبہ ظہور نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی 1924ء کے دورۂ یورپ کے دوران پیرس آمد پر گفتگو کی۔جبکہ عزیزہ نائلہ اکرم نے پیرس کے زیرِ زمین قبرستانوں (Catacombs of Paris) کے حوالے سے معلومات پیش کیں۔

واقفاتِ نَو بچیاں اپنے شفیق آقا سے سوالات پوچھ کر پُرشفقت اندا ز میں ملنے والے جوابات سے فیض یاب بھی ہوئیں۔ اس ملاقات کے آخر میں واقفاتِ نَو نے ترانہ پڑھا۔

٭واقفینِ نَو کی کلاس: ساڑھےسات بجے واقفین نَو بچوں نے حضورِ انور ایّدہ اللہ سے اجتماعی ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ فرانس میں سات سال سے زائد عمر کے واقفین نَو بچوں کی تعداد 132 ہے جن میں سے 52 بچے آج کی اس بابرکت مجلس میں حاضر تھے۔ آغازتلاوتِ قرآن کریم اور اس کے اردو اور فرنچ ترجمے سے ہوا۔ اسی طرح نظم، حدیث اور ملفوظات فرنچ ترجمے کے ساتھ بچوں نے پیش کیے۔ عزیز طلحہ رشید نے جو کہ میڈیکل کے سینئر طالب علم ہیں اپنے تحقیقی مقالے کا مغز پیش کیا جو کہ ایک انتہائی کم پائی جانے والی بیماری کے متعلق تھا۔ بعد ازاں عزیز اسامہ ربّانی نے فرانس کے پہاڑی سلسلوں پر پریزنٹیشن دی۔ واقفینِ نَو نے اپنے پیارے حضور سے سوال و جواب کے رنگ میں گفتگو بھی کی۔ واقفینِ نَو بچوں کی حضورِ انور کے ساتھ ملاقات شام سوا آٹھ بجے تک جاری رہی۔

٭اس کے بعد حضور پُر نور دفتر میں تشریف لے گئے جہاں عرصہ بیس سال سے چلے آنے والے شہر Saint-Prix کے میئر Mr. Jean–Pierre Enjalbert حضورِ انور سے ملاقات کے لیے مشتاق تھے۔ حضور پُر نور کے ساتھ موصوف کی ملاقات آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

٭ میئر کے تشریف لے جانے کے بعد حضورِانور نے مسجد مبارک میں تشریف لا کر مغرب و عشاء کی نمازیں جمع کر کے پڑھائیں اور پھر درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا اوران نکاحوں کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کروائي۔

1۔ عزیزہ زارا کنول بنت مکرم احمد اسلم صاحب ہمراہ مکرم قاسم عبّاس باجوہ صاحب 2۔ عزیزہ دانیہ نصیربنت مکرم نصیر احمد صاحب آف جرمنی ہمراہ مکرم احتشام احمد صاحب 3۔ عزیزہ شیریں بنت مکرم خالد مسعود صاحب آف جرمنی ہمراہ مکرم انیل احمد انیس صاحب

٭ 08؍اکتوبر 2019ء بروز منگل(مسجد مبارک، فرانس):آج فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔

سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب حضورِ انور نے دعا کروائی اور پھر قافلہ پیرس کے لیے روانہ ہوا۔ قریب ایک گھنٹے کے سفر کے بعد پونے پانچ بجےکے قریب حضورِ انور مع ممبران قافلہ پیرس شہر کے وسط میں ایفل ٹاور کے بالکل قریب Hotel Pullman میں تشریف لائے جہاں چند سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے باری باری حضورِ انور سے تبادلہ خیال کیا۔ ان میں مردوخواتین دونوں شامل تھے۔ پیرس میں مسلم تنظیم کے نائب صدر نے بھی حضورِ انور سے ملاقات کرکے فرانس میں مسلمانوں کے حالات اور ان میں بہتری کے لیے رہ نمائی حا صل کی۔ چھے بجے حضورِ انور یونیسکو (UNESCO)آفس کے لیے روانہ ہوئے جو وہاں سے دس منٹ کی مسافت پر تھا اور حضور نے وہاں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب فرمانا تھا۔ حضور کے خطاب کی رپورٹ علیحدہ سے پیش کی جا چکی ہے۔

حضور خطاب کے بعد مہمانوں کے درمیان موجود رہے۔ شرکاء باری باری آکر حضور سے ملتے رہے اور خواہش کا اظہار کر کے حضور کے ساتھ تصویر اترواتے رہے۔

تقریب کے ہال سے فراغت کے بعد حضورِ انوراس گیلری میں تشریف لائے جہاں مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہاں بھی مہمان حضرت خلیفۃ المسیح سے فیض یاب ہوتے رہے۔ پونے آٹھ بجے حضورِ انور مشن ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے اور نو بجے کے قریب مشن ہاؤس پہنچ گئے۔
٭09؍ اکتوبر 2019ء بروز منگل:آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دورۂ یورپ کے اگلے مرحلے پر مسجد مبارک واقع Saint-Prix سے مسجد مہدی سٹراس برگ تشریف لے آئے۔ حضور پُر نور یہاں پر نَو تعمیر شدہ مسجد مہدی کا افتتاح فرمائیں گے۔ ان شاء اللہ

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

حضورِ انور نے منگل کے روز ملاقاتيں فرمائيں۔ اس روز 28؍ فيمليز کے 78؍ افراد اور35؍ احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

(رپورٹ: عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء، منصور احمد مبشر نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button