خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ٢٣؍فروری ۲۰۲۴ء کے اختتام پر پاکستان اور یمن کے احمدیوں اور فلسطینیوں کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اول۔
٭…چین نے عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) میں فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔ عدالت انصاف میں چینی وزارتِ خارجہ کے قانونی مشیرنے دلائل دیے۔چینی مشیرِ وزارتِ خارجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے جائز حق کی بحالی کے لیے مسلسل حمایت کی ہے۔ صدر شی جن پنگ نے مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے۔ فلسطینی عوام کی غیر ملکی جبر کے خلاف مزاحمت ’ناقابلِ تسخیر حق‘ہے۔
٭…حماس نے عالمی عدالت انصاف میں چین کے اسرائیل مخالف موقف کی تعریف کی ہے۔ فلسطینیوں کے حق خودارادیت پر زور دینے والے چین کے بیان کی قدر کرتے ہیں۔ عالمی عدالت میں اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والے تمام ممالک کے بیانات کی قدر کرتے ہیں۔واضح رہے کہ چین نے عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) میں فلسطین کے مسئلے کے 2 ریاستی حل پر زور دیا ہے۔
٭…امریکی صدر جوبائیڈن نے روس کی جیل میں فوت ہونے والے اپوزیشن راہنما الیکسی ناوالنی کی بیوہ اور بیٹی سے ملاقات کی ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے الیکسی ناوالنی کی بیوہ یولیا ناوالنایا اور بیٹی سے ان کے والد کی پراسرار موت پر افسوس کا اظہار اور تعزیت کی۔ ملاقات میں امریکی صدر نے روسی اپوزیشن راہنما کی تعریف کی۔ روسی اپوزیشن راہنما کی بیٹی داشا ناولنایا کیلیفورنیا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں طالبہ ہیں۔ ملاقات کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ روسی اپوزیشن راہنما کی موت کے بعد امریکہ روس اور صدر ولادیمیر پیوٹن پر پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
٭…افغانستان کے صوبہ قندھار میں طالبان حکومت نے اپنے حکام کو جاندار چیزوں کی تصاویر اور ویڈیو بنانے سے روک دیا۔ سول اور ملٹری حکام کو ایک خط میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اپنی رسمی اور غیر رسمی محفلوں میں جاندار چیزوں کی تصاویر لینے سے گریز کیا جائے۔ تصاویر نہ لینے سے متعلق پابندی کا اطلاق میڈیا یا عوام پر ابھی نہیں ہوگا، اس ہدایت کا اطلاق صرف قندھار کے صوبائی حکام پر ہوگا۔