مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے زیر انتظام نئے مہاجرین کے لیے نیشنل اجلاس عام
لقمان احمد گوندل صاحب معاون صدر برائے نیو امیگرنٹس، مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کو مورخہ ۱۱؍فروری۲۰۲۴ء بروز اتوارشام ساڑھے چار بجے نیوامیگرنٹس (نئے مہاجرین) کے لیے اُردو زبان میں نیشنل اجلاس عام بمقام مسجد النصر ویلینگ برو نیو جرسی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجلاس عام کی صدارت مکرم عبداللہ ڈبا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔
اجلاس عام کا پروگرام خلافت کی اہمیت وبرکات پر تقاریر اور نئے مہاجرین کو پیش آنے والی مشکلات کے موضوع پر مشتمل تھا۔ پہلی تقریرنئے مہاجر خادم مونس احمد صاحب نے ’’خلافت کی اہمیت‘‘پر کی۔اس تقریر کے بعد مکرم بلال رانا صاحب نائب امیر ونیشنل سیکرٹر ی امور عامہ امریکہ نے ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں بڑی تفصیل سے بتایا کہ شعبہ امور عامہ کس طرح اور کس حد تک نئے مہاجرین کی مدد کر سکتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں نئے آنے والوں کو آمدہ مشکلات کو کیسے دُور کیا جاسکتا ہے۔ خدام کے ساتھ مختصر سوال و جواب میں نیشنل سیکرٹری امور عامہ اور ان کی ٹیم نے راہنمائی کی۔
اس کے بعد طلحہ احمد صاحب نے جو کہ حال ہی میں پاکستان سے تشریف لائے ہیں’’خلافت کی برکات‘‘پر ایک پُرجوش تقریر کی اور خلافت سے وابستگی پر زور دیا۔ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے اختتامی تقریر میں تعلق باللہ ، خلافت کے ساتھ چمٹے رہنے اور خلافت سے حقیقی وفا کا تعلق رکھنے نیز متفرق تربیتی امورکی طرف توجہ دلائی۔ اس کے علاوہ امریکہ میں بچوں کو سکول اور کالج میں جن مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ان کا حل بھی بتایا اورخدام کو نصائح کرتے ہوئے آئندہ آنے والی نسلوں کی حفاظت کی طر ف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
اس اجلاس میں شمولیت کی غرض سے امریکہ کے دس میں سے دو ریجن (نیویارک میٹرو اور ایسٹ ریجن) کی مجالس مسجد النصر ویلینگ برو نیو جرسی میں جمع ہوئیں اور باقی مجالس نے آن لائن شر کت کی جن کی کُل تعداد ۹۸؍تھی۔مسجد النصر میں جو خدام حاضر تھے ان کی تعداد ۱۲۰؍تھی اور کُل تعداد ۲۱۸؍رہی۔ خدام کے علاوہ احباب جماعت کی ایک کثیر تعداد بھی مع اہل وعیال شامل ہوئی۔
(مرسلہ: رضا احمد۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ)