ساری دنیا میں قیام توحید کے لیے دعا
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ساری دنیا میں قیام توحید کے لیے یوں دعا فرمائی:
’’اے قادر خدا اے اپنے بندوں کے رہنما۔ جیسا تو نے اس زمانہ کو صنائع جدیدہ کے ظہور و بروز کا زمانہ ٹھہرایا ہے ایسا ہی قرآن کریم کے حقائق معارف ان غافل قوموں پر ظاہر کر اور اب اس زمانہ کو اپنی طرف اور اپنی کتاب کی طرف اور اپنی توحید کی طرف کھینچ لے کفر اور شرک بہت بڑھ گیا اور اسلام کم ہوگیا۔ اب اے کریم! مشرق اور مغرب میں توحید کی ایک ہوا چلا اور آسمان پر جذب کا ایک نشان ظاہر کر اے رحیم! تیرے رحم کے ہم سخت محتاج ہیں۔ اے ہادی! تیری ہدایتوں کی ہمیں شدید حاجت ہے مبارک وہ دن جس میں تیرے انوار ظاہر ہوں کیا نیک ہے وہ گھڑی جس میں تیری فتح کا نقارہ بجے۔ توکّلنا علیک و لا حول و لا قوّۃ الّا بک و انت العلیّ العظیم۔ ‘‘ یعنی ہم نے تجھ پر توکل کیا اور سوائے تیرے کسی کو کوئی قوت و طاقت نہیں اور تو بہت بلند اور عظمت والا ہے۔ (ترجمہ از مرتب)
(آئینہ کمالات اسلام، روحانی خزائن جلد ۵ صفحہ ۲۱۳-۲۱۴، حاشیہ در حاشیہ)