نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۳؍اپریل ۲۰۲۴ء بروز منگل بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ غلام فاطمہ صاحبہ اہلیہ مکرم اعجاز احمد صاحب (یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ غلام فاطمہ صاحبہ اہلیہ مکرم اعجاز احمد صاحب (یوکے)
۱۲؍اپریل ۲۰۲۴ء کو ۷۱ سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے شوہر پولیس میں ملازم تھے اور سنہ ۲۰۰۰ء میں لاہور میں ایک پولیس مقابلےمیں اپنی ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران مارے گئےتھے۔مرحومہ پابند صوم وصلوٰة، خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق رکھنے والی اور چندوں کی ادائیگی میں با قاعدہ ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ اللہ کے فضل کے ساتھ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم وقار احمد بھٹی صاحب مسجد فضل میں سیکیورٹی کی ڈیوٹی بھی کرتے رہے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرم مستری ممتاز احمد صاحب ابن مکرم حکیم الدین صاحب(قادیان)
۲۹؍فروری ۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے والد مکرم حکیم الدین صاحب(آف گاؤں سین پور صوبہ اتر پردیش بھارت )کے ذریعہ آئی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجدگزار، دعا گو، صابر و شاکر، محنتی، خاموش طبع اور سادہ طبیعت کے حامل ایک نیک انسان تھے۔ جماعتی اور ذیلی تنظیموں کے پروگراموں میں شوق سے شمولیت کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
۲۔مکرمہ عدیلہ رفعت صاحبہ بنت مکرم صالح حسین صاحب (صادق پور ضلع عمر کوٹ سندھ)
۳۰؍مارچ ۲۰۲۴ء کو ۳۶ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ تحریک وقف نو میں شامل تھیں۔ چھ سال طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ اور تین سال فضل عمر ہسپتال میں بطور سٹاف مریضوں کی خدمت کی توفیق پائی۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور تہجد گزار خاتون تھیں۔ خلافت اور جماعت سے بے انتہا محبت کا تعلق تھا۔ خلافت یا جماعت کے خلاف کسی کی بات برداشت نہیں کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ کی تین سال کی ایک چھوٹی بیٹی ہے۔ اس کو بھی خلافت سے متعلق نظمیں یاد کروائی ہیں اور کافی دعائیں چھوٹی عمر میں ہی یاد کر وادی تھیں۔آپ مکرم عبدالحلیم احمد صاحب کی ہمشیرہ تھیں۔
۳۔مکرم منصور احمد صاحب ایڈووکیٹ ابن مکرم حافظ محمد عمر صاحب ( اوچ شریف۔بہاولپور)
۳؍اپریل ۲۰۲۴ء کو ۸۴ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے دادا حضرت مولوی محمد عثمان صاحب رضی اللہ عنہ اور نانا حضرت حکیم عبدالخالق صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، غریب پرور، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ نے مقامی سطح پر مجلس انصاراللہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ شامل ہیں۔
۴۔مکرم محمد بچل صاحب ابن مکرم متارو خان صاحب (گوٹھ میر جی لانڈھی ضلع میر پور خاص)
۱۵؍نومبر ۲۰۲۳ء کو ۹۵سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،مہمان نواز اور اچھے اخلاق کے مالک ایک مخلص انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت اور محبت کا تعلق تھا۔مرحوم نے اپنے بیٹے کو خدمت دین کے لئے وقف کیا اور معلم بننے کے لیے بھیجا۔
۵۔مکرم منور احمد صاحب ابن مکرم بشیر احمد صاحب (لندن۔یوکے)
۱۴؍فروری ۲۰۲۴ء کو ۶۵سال کی عمر میں پاکستان میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی سطح پر سیکرٹری مال،سیکرٹری تحریک جدید،سیکرٹری وقف جدید کے علاوہ ناظم انصار اللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ انصاراللہ کے تبلیغی سٹالوں میں بھی باقاعدہ شامل ہوتے تھے۔ مرحوم نماز اورروزہ کے پابند، مہمان نواز،غریب پرور، خلافت کے شیدائی ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا، بہو اور دو پوتے شامل ہیں۔ مرحوم کی اہلیہ اور آپ کے بیٹے مکرم لئیق احمد صاحب دونوں MTA میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین