ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ: سنسنی خیزمقابلہ میں نمیبیا نےعمان کوسپر اوور میں شکست دے دی
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 3 (گروپ بی)
عمان بمقابلہ نمیبیا
(Namibia vs Oman)
2 جون2024ء ۔برج ٹاؤن،باربیڈوس
ٹی ٹوینٹی کرکٹ کے عالمی ٹورنامنٹ میں گروپ بی کے پہلےمیچ میں نمیبیا نے سپر اوور میں عمان کو شکست دے دی۔ مقررہ 20 اوورز میں دونوں ٹیمیں 109 رنز بنا سکیں۔جبکہ سپر اوور میں نمیبیا کے 21 رنز کے جواب میں عمان کی ٹیم صرف 10 رنز بنا پائی ۔
برج ٹاؤن کے کنزنگٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیاتوعمان کو آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فاسٹ باؤلر روبن ٹرمپلمین(Ruben Trumplemann) نے پہلی ہی گیند پر کیشیپ پرجاپتی (Kashyap Prajapati)کو اور دوسری گیند پر کپتان عاقب الیاس(Aqib Ilyas) کو آؤٹ کیا اورپھر اپنے اگلے اوور میں نسیم خوشی(Naseem Khushi) کی وکٹ حاصل کی تو عمان کا اسکور۱۰رنزتھا۔
ذیشان مقصود (Zeeshan Maqsood)نے22اور خالد کیل(Khalid Kail) نے 34 رنزکے ساتھ اپنی ٹیم کو سہارادیا۔تاہم عمان کی پوری ٹیم بیسوَیں اوور میں 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نمیبیا کی جانب سےTrumplemann نے 21 رنز دے کر 4 جبکہ ڈیوڈ ویزا (David Wiese)نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں نمیبیاکو بھی پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب بلال خان نے مائیکل وین لنگن(Michael van Lingen) کو آؤٹ کیا۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں 42 رنزکا اضافہ ہوا۔ لیکن بلے بازی کے لئے ایک مشکل پچ پر عمان کے باؤلرزنے نمیبیا کے بلے بازوں کوآزادانہ اور تیزی سے رنز نہ بنانے دیئے۔
آخری اوور میں نمیبیاکوجیت کے لیے صرف 5 رنز درکارتھے۔لیکن ۳۷سالہ تیزگیندباز مہران خان نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے صرف چاررنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں اور یوں میچ ٹائی ہوگیا۔
سپراوورمیں نمیبیانے ڈیوڈ ویزاکے تیرہ اور Gerhard Erasmusکے آٹھ رنزکی بدولت 21رنزبنائے جس کے جواب میں عمان کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر دس رنزبناسکی۔بلےاورگیندسے شاندار کارکردگی دکھانے پرنمیبیاکے David Wieseمیچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔
قبل ازیں 2012ءکے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں نیوزیلینڈبمقابلہ سری لنکا اورویسٹ انڈیزبمقابلہ نیوزیلینڈ کا فیصلہ سپر اوورزمیں ہواتھا۔ان دونوں میچز میں کیوی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔2007ء کے پہلے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان اور بھارت کا گروپ میچ ٹائی ہوا تھا جس کا فیصلہ Ball-Outقاعدہ کے تحت ہوا تھا۔
آئندہ میچز(3جون2024ء)
- گروپ ڈی:سری لنکا بمقابلہ جنوبی افریقہ۔بمقام نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم نیویارک۔مقامی وقت ساڑھے دس بجے صبح(14:30 GMT)
- گروپ سی:افغانستان بمقابلہ یوگنڈا ۔بمقام جارج ٹاؤن گیانا۔مقامی وقت رات ساڑھے آٹھ بجے (00:30 GMT)
(رپورٹ:ن م طاہر)