ایشیا (رپورٹس)جلسہ سالانہ

قادیان دارالامان (بھارت) میں جماعت احمدیہ کے 124ویں جلسہ سالانہ کا نہایت کامیاب و بابرکت انعقاد۔ اختتامی اجلاس سے امیرالمومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ولولہ انگیز ایمان افروز خطاب۔

 اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ جماعت احمدیہ مسلمہ کے 124ویں جلسہ سالانہ کا 26، 27،28 دسمبر بروز ہفتہ، اتوار، سوموار قادیان دارالامان میں نہایت کامیابی سے انعقاد ہوا۔ یہ جلسہ جو خالصۃً دینی اغراض سے منعقد کیا جاتا ہے اس میں ہندوستان سمیت دنیا کے 44 ممالک کے 19 ہزار 134؍ افراد شامل ہوئے۔ اس جلسہ میں جو اسلام احمدیت کی عظیم الشان روایات کے ساتھ ایک خاص روحانی ماحول میں منعقد ہوتا ہے جماعت احمدیہ کے علماء مختلف علمی، تربیتی موضوعات پر تقاریر کرتے ہیں۔ متفرق اقوام اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کا یہ اجتماع ذکرالٰہی، عبادات، دعاؤں، امن و سلام اور باہمی محبت و اخوت کے دل موہ لینے والے نظارے لئے ہوتا ہے۔ اس جلسہ میں علاقہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ دیگر مذاہب کے نمائندے بھی شامل ہوئے۔

 جلسہ کے پروگراموں کا عروج اس کا اختتامی اجلاس تھا جس کی کارروائی لندن سے امیرالمومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت صدارت میں ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ نشر ہوئی۔ اس غرض سے بیت الفتوح لندن میں 5 ہزار 340 مردوزن جمع ہوئے۔ ان نشریات میں قادیان کے جلسے کے نظارے اور لندن کے نظارے بیک وقت دکھائے جارہے تھے جو ایک بہت ہی روح پرور نظارہ تھا۔

 حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی زیرصدارت طاہر ہال بیت الفتوح میں لندن کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے اختتامی اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ فارسی اور اردو میں منظوم کلام کے بعدحضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے حاضرین جلسہ سے خطاب فرمایا جو ایم ٹی اے کے ذریعہ ساری دنیا میں براہ راست نشر ہوا اور تمام براعظموں میں لاکھوں افراد نے براہ راست اس خطاب کو سننے کی سعادت حاصل کی اور جلسہ کی اختتامی دعا میں شامل ہوئے۔

 خطاب کے بعد جلسہ گاہ قادیان سے مختلف زبانوں میں دینی پاکیزہ نظمیں پیش کی گئیں۔

 حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا نہایت ہی ولولہ انگیز اور ایمان افروز خطاب اور جلسہ سالانہ قادیان کی تفصیلی رپورٹ الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ کسی شمارہ میں شائع کی جائے گی۔ انشاء اللہ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button