جماعت احمدیہ ویسٹرن کینیڈا کے37ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
مختلف تربیتی و تعلیمی موضوعات پر تقاریر۔ 3255؍افراد کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیڈا کی ویسٹرن ریجن کی جماعت ہائے احمدیہ کا 37واں جلسہ سالانہ 24و 25؍ اگست 2019ء کو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ الحمدللہ
منعقدہ جلسے میں ریجن کی تمام جماعتوں کے 3255 احباب نے شرکت کی۔ نیز مدعو کیے جانے والے مہمانان گرامی بھی شامل ہوئے۔
امسال، ویسٹرن ریجن کے جلسہ سالانہ کا انعقادکینیڈا کے قدیمی مقامی باشندوں یعنی ‘فرسٹ نیشن آف کینیڈا ’کے روایتی علاقے ‘Tsuut’ina First Nation’ میں انعقاد پذیر ہوا۔
مزید برآں امسال اس میں ‘فرسٹ نیشن آف کینیڈا ’کے چیف مسٹرلی کروچائلڈ(Lee Crowchild) کے علاوہ فرسٹ نیشن آف کینیڈا کے متعدد اہم لیڈرز شریک ہوئے۔ جنہوں نے ویسٹرن کینیڈا کے صوبوں سسکاٹون، برٹش کولمبیا کے علاوہ نارتھ ویسٹرن ایریا سے بطورِ خاص شرکت کی، جس میں بعض عمر رسیدہ باشندے بھی شامل تھے۔
ان کے علاوہ یک صد سے زائد دیگر مہمانان گرامی بھی جلسہ میں شریک ہوئے ۔ جن میں ممبرز آف پارلیمنٹ ، ممبران صوبائی اسمبلی، سٹی کونسلرز وغیر ہم شامل تھے۔
ٹی وی، اخبارات اور ریڈیو جیسے اہم میڈیا کے نمائندگان نے بھی جلسے کی بھر پور کوریج کی۔ ان میں CBC ، CTV ، Global Tv ، Omni Tv کے علاوہ بہت سے دیگر ریڈیو سٹیشنوں اور اخبارات کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔
24؍ اگست بروز ہفتہ
24؍اگست بروز ہفتہ گیارہ بجے دن، لوائے احمدیت لہرا کرجلسہ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ افتتاحی کارروائی مکرم چوہدری عبدالباری صاحب نائب امیر کینیڈا کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔
محترم لال خان ملک صاحب امیر جماعت کینیڈا نے افتتاحی تقریر میں جلسہ سالانہ کی بابرکت بنیاد کے متعلق نصائح فرمائیں۔
اس کے علاوہ مندرجہ ذیل موضوعات پر بھی تقاریر ہوئیں:1۔ تربیت زندگی کو سنوارتی ہے۔2۔ حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا مطالعہ۔ 3۔ نماز برائیوں و بےراہ روی کے آگے ایک ڈھال ہے۔
اس جلسہ کے دیگر قابل ذکر پروگراموں میں اسلام و احمدیت پر ایک معلوماتی نمائش ، قرآن کریم کے دنیا کی مختلف زبانوں میں تراجم اور اسلام کی پرامن تعلیمات وغیرہ شامل تھیں۔
مہمانوں کے ساتھ ایک سپیشل پروگرام بھی تھا جس میں یک صد سے زائد مہمانان گرامی نے شرکت کی۔ ان میں بہت سے ممبرز آف پارلیمنٹ ، ممبرز آف صوبائی پارلیمنٹس،سٹی کونسلرز،کینیڈا کے قدیمی باشندوں کے چیف اور بڑی عمر کے چنیدہ افراد اور دیگر کمیونٹی لیڈرز شامل تھے۔
جلسہ کا دوسرا سیشن
سہ پہر 3 بجے ، نماز ظہر و عصرکی ادائیگی کے بعد مکرم سلطان محمود صاحب لوکل امیر جماعت احمدیہ کیلگری کی زیرصدارت جلسہ کا دوسرا سیشن شروع ہوا۔ اس اجلاس میں مندرجہ ذیل عناوین پر تقاریر ہوئیں :
1۔ انفاق فی سبیل اللّٰہ
2۔ نماز کا قیام،تعلق باری تعالیٰ کاذریعہ ہے
جلسہ کا تیسرا سیشن
پانچ بجے چائے کے وقفہ کے بعد، جلسہ ہٰذا کا تیسرا اجلاس، امیر جماعت احمدیہ کینیڈا محترم ملک لال خان صاحب کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
تلاوت و نظم کے بعد ، بعض غیرازجماعت معززین کو اپنے خیالات کے اظہار کے لیے مدعو کیا گیا۔ اپنے پیغامات خصوصی میں ‘فرسٹ نیشن’ کے لیڈران کرام نے جماعت احمدیہ کو ان کی عمل داری والے علاقے میں اپنا سالانہ جلسہ منعقد کرنے پر خوش آمدید کہا ۔ نیز ان کوششوں کی بھی تعریف کی ، جو جماعت احمدیہ ‘فرسٹ نیشن ’ کے افراد کے ساتھ بے لوث دوستی و بھائی چارے کے رشتوں کو استوارکرنے کے لیے کرتی ہے۔
ساڑھے چھے بجے شام مہمانان گرامی کے ساتھ ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔ اسی دوران مستورات کے جلسہ کی علیحدہ کارروائی بھی منعقد ہوئی۔
شام کو مغرب و عشاء کی نمازوں کی ادائیگی کے علاوہ امیر صاحب کینیڈا محترم ملک لال خان کے ساتھ ایک سوال و جواب کی نشست بھی منعقد کی گئی ۔ اس طرح پہلے روز کا جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔
25/ اگست بروز اتوار، اختتامی اجلاس
اس جلسے کا فائنل سیشن ، مکرم وسیم بشیر صاحب مقامی امیر جماعت وینکور کی زیرصدارت منعقدہوا ۔ تلاوت و نظم کے بعد دوران سال بہترین تعلیمی کارکردگی دکھانے والے ہونہارطلباء کوتعلیمی ایوارڈز دیے گئے۔
اس اجلاس کی جملہ تقاریر کے عنوانات مندرجہ ذیل تھے:
1۔ اطاعتِ خلافت۔
2۔آنحضرت ﷺکا وجود، خواتین کا نجات دہندہ۔
3۔گھریلو امن اورہم آہنگی
بعد ازاں کیلگری کے میئر عزت مآب جناب ناہید نینشی کا ویڈیو پیغام سنوایا گیا ۔ جس میں جلسہ ھٰذا کے جملہ مہمانان کو خوش آمدید کہا گیا تھا ۔
آخر میں مکرم امیر صاحب نے اپنے اختتامی تقریر بعنوان ‘خلافت کی برکت سے اللہ تعالیٰ مومنوں کا خوف امن میں بدل دیتا ہے ’کی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کی جملہ کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ الحمد للہ
٭…٭…٭