افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالی کے ریجن ’ساں‘ میں داعیان الیٰ اللہ کے لیے دو روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کے ریجن ’ساں‘ میں داعیان الیٰ اللہ کے لیے مورخہ ۱۵و۱۶؍ جنوری۲۰۲۶کو دو روزہ ریفریشر کورس کامیابی سے منعقد ہوا۔ الحمدللہ

ریجن ’ساں‘ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۳۶؍جماعتیں ہیں جو زیادہ تر دیہات پر مشتمل ہیں۔ ملک کے ناساز حالات اور دہشت گردی کی وجہ سے بہت سے دیہات تک رسائی مشکل ہو چکی ہے۔ اس صورتحال میں ریجنل عاملہ نے فیصلہ کیا کہ دیہاتی علاقوں میں موجود داعیان کو ریجنل مشن ہاؤس بلا کر ان کی تربیت کی جائے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تبلیغی کام کو مزید متحرک کر سکیں۔

پہلے مرحلے میں ریجن کی ۱۳؍جماعتوں سے ۲۶؍منتخب داعیان (ہر جماعت سے دو افراد) کو مدعو کیا گیا۔ یہ شرکاء مورخہ ۱۵؍جنوری ۲۰۲۶ء کو ریجنل مشن ہاؤس پہنچے۔

پروگرام کی اہم جھلکیاں درج ذیل رہیں:

علمی اجلاس: مکرم تابش احمد صاحب ریجنل مشنری نے داعیان کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت سے اپنی توقعات پر مشتمل اقتباسات پڑھ کر سنائے۔

لیکچرز: تین مقامی معلمین نے بمبارا زبان میں ’’علامات الساعۃ‘‘، ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ اور ’’مقام و برکات خلافت‘‘ کے موضوعات پر تربیتی لیکچرز دیے۔

ریڈیو پروگرام: ریجنل جماعت کے اپنے ریڈیو سٹیشن سے رات کے وقت ایک براہ راست ’سوال و جواب‘ کی مجلس نشر کی گئی جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔

اگلے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور درس سے ہوا۔ اس کے بعد تمام شرکا نے مل کر وقار عمل میں حصہ لیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مشن ہاؤس میں جماعتی کتب کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں داعیان کو جماعتی لٹریچر کا تعارف کروایا گیا۔

کورس کے اختتام پر داعیان نے اپنے تاثرات میں پروگرام کی تعریف کی اور خلافت کے ساتھ اپنے گہرے تعلق اور خوابوں کا ذکر کیا۔ دوسرے مرحلے میں بقیہ ۱۳؍ جماعتوں کے داعیان کو مدعو کیا جائے گا۔ ان شاءاللہ

اللہ تعالیٰ اس ادنیٰ کوشش میں برکت ڈالے اور اسے جماعت کی ترقی کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مالی کے ریجن بوگنی میں نو مبائعین کے لیے ایک روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button