جماعت احمدیہ سویڈن کے 27ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
جماعت احمدیہ سویڈن کو امسال اپنا 27واں جلسہ سالانہ مورخہ 14 – 15 ستمبر 2019ءکو مسجد ناصر گوتھن برگ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
مردانہ جلسہ گاہ نچلی منزل پر اور زنانہ جلسہ گاہ مسجد کی اوپر والی منزل پر منعقد ہوا۔ دونوں جلسہ گاہ کو بڑی محنت کے ساتھ عمدگی اور خوبصورتی سے سجایا گیا نیز مسجد کے اندرونی حصوں میں مختلف بینرز لگائے گئے۔
اس جلسے کی خاص بات یہ تھی کہ زمانے کی ضرورت کے مطابق احمدی اور غیر احمدی مہمانوں کو امام وقت کی آمد سے تفصیلاً آگاہ کرنے کے لیے تمام تقاریر کے عناوین سیدنا حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت سے متعلق ہی رکھے گئے۔
جلسہ سالانہ کا پروگرام پہلے سے شائع کر کے جماعتوں کو اور شہر کے معززین کو بھی بھجوا دیا گیا اور سوشل میڈیا کی مدد سے ہر فرد جماعت تک بھی پہنچایا گیا۔
رہائش: امسال جلسہ میں تشریف لانے والے مہمانوں کے لیے تین مختلف جگہوں میں مسجد ناصر سے باہر انتظام کیا گیا۔ جلسہ کے انعقاد سے دو دن قبل ہمسایہ ممالک سے بھی مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی۔ ہمارے اس جلسہ میں اللہ کے فضل سے سویڈن کے دور دراز علاقوں سے بھی جو گوتھن برگ سے قریباً 1400 کلو میٹرز دوری پر واقع ہیں احمدی خاندانوں نے شرکت کی۔
جلسہ سالانہ کا پہلا روز
حسبِ پروگرام جلسہ کا آغاز ٹھیک گیارہ بجے صبح لوائے احمدیت لہرانے کی تقریب سے ہوا۔ مکرم وسیم احمد ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ خاکسار (مبلغ انچارج سویڈن )نے سویڈن کا قومی پرچم لہرایا اور تمام احباب جماعت نے بآوازِ بلند نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کرائی اوراس کے بعد تمام احباب جلسہ گاہ میں تشریف لے گئے ۔
ہمارے جلسے کے پہلے اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور پھر نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب کیا جس میں حضرت مسیح موعودؑ کی جلسہ میں شریک ہونے والوں کے لیے دعاوٴں کا تذکرہ کیا۔ تمام تقاریر کا ساتھ ساتھ سویڈش زبان میں ترجمہ بھی حاضرین کے لیے پیش کیا جاتا رہا۔
اس جلسے کی ایک اہم بات یہ بھی تھی کہ جلسے کی تمام کارروائی YouTube پر براہ راست دکھائی گئی جس میں وقفوں کے دوران MTA سٹوڈیوز سویڈن میں مہمانوں کو بلا کر مختلف موضوعات پر گفتگو جاری رکھی گئی جو بہت سے افراد نے گھروں میں بیٹھ کر دیکھی۔
اس جلسے میں جماعتی جلسوں کی روایات کے مطابق حضرت مسیح موعود ؑکا لنگر جاری رہا جس میں آلو گوشت اور شام کو روائتی دال احباب و خواتین کی خدمت میں پیش کی گئی۔اس کے علاوہ ہر وقت چائے اور کافی کا انتظام بھی کیا گیا تھا نیز مسجد کی پارکنگ میں مختلف سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔
آج کے دن کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ دوسرا اجلاس خصوصی طور پر سویڈش لوگوں کے لیے تھا جس میں سویڈن کے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے غیر مسلم مہمانوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ جن میں سے بعض شخصیات نے اجلاس کے آخر پہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی خدمت انسانیت اور ‘محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں’کے ماٹو کو بہت سراہا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم کمال یوسف صاحب (سابق مبلغ ممالک سکینڈے نیویا)نے کی۔
مجلس سوال و جواب:پہلے روز قبل از عشاء ایک بہت ہی دلچسپ مجلسِ سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں سویڈن کے تین مبلغین نے آسان الفاظ میں حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔ حاضرین اس مجلس سے بہت محظوظ ہوئے ۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا روز
دوسرے دن کا پہلا اجلاس حسبِ پروگرام ٹھیک گیارہ بجے تلاوتِ قرآن کریم کے ساتھ مکرم محمد زکریا خان صاحب (امیر جماعت ڈنمارک)کی صدارت میں شروع ہوا۔
اختتامی اجلاس: حسبِ پروگرام جلسے کے دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز نمازِ ظہرو عصر کی ادائیگی کے بعد تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت خاکسار نے کی۔ا س اجلاس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی خطاب کیا جس میں تمام شاملین اور خدمت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور سب احمدیوں کو اپنا جائزہ لینے اور حضرت مسیح موعود ؑ کی خواہش کے مطابق تبلیغ کے میدان میں اپنی زندگیاں وقف کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ سویڈن 2019ء اپنے اختتام کو پہنچا۔
(رپورٹ: آغا یحییٰ خان۔ مبلغ انچارج سویڈن)
٭…٭…٭