امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
مورخہ 14؍ تا 17؍ نومبر2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…14؍ نومبر2019ء بروز جمعرات: آج شام کو فیملی ملاقاتوں کے علاوہ مکرم ہرکیرت سنگھ صاحب کی حضور انور سے ملاقات تھی۔ موصوف کینیڈا کے شہر بریمپٹن کے (city)کونسلرہیں۔ موصوف کرتارپور صاحب راہداری کے افتتاح میں شامل ہوکر بھارت سے واپس کینیڈا جارہے تھے اور ان کی شدید خواہش تھی کہ راستے میں حضور انور سے ملاقات کر سکیں۔ موصوف نے حضور انور کی خدمت میں اس موقعے پر جاری کیا جانے والا ایک خاص سکہ بھی پیش کیا جو وہ کرتارپور سے لائے تھے۔
٭…15؍ نومبر2019ء بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں رئیس المنافقین عبداللہ بن ابی بن سلول اور اس کےساتھیوں کی اسلام اور آنحضورؐکی تکلیف دہ منافقانہ کارروائیوں اور ان کے مقابل پر نبی اکرمﷺ کے عفوو درگزر اور شفقتوں کا بیان فرمایا۔ نیز نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور نے مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ (اہلیہ مولانا محمد عمر صاحب کیرالہ انڈیا)،مکرم چوہدری محمد ابراہیم صاحب (سابق مینیجر و پبلشر ماہ نامہ انصاراللہ پاکستان)، مکرم راجہ مسعود احمد صاحب (ابن مکرم راجہ محمد نواز صاحب پنڈ دادن خان) اور مکرمہ صالحہ انورابڑوصاحبہ (اہلیہ انورعلی ابڑو صاحب سندھ) کا ذکر خیر فرمایا اور ان کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔ (خطبہ جمعہ کاخلاصہ اس شمارے کی زینت ہے)
٭… حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز آج شام پونے سات بجے سے کچھ پہلے اسلام آباد میں ہونے والی تعمیرات کا معائنہ فرمانے کی غرض سے اپنے دفتر سے باہر تشریف لائے۔ حضورِ انور نے ایوانِ مسرور سے ملحقہ حصے پر ہونے والی تعمیر، ایوانِ مسرور کے کچن سے باہر زیرِ تعمیر کولڈ سٹوریج، کچن ایوانِ مسرور، رہائشی علاقے اور احاطہ مسجد مبارک کے درمیان موجود سڑک اور اس کے کنارے پر ہونے والے تعمیراتی کام، اسلام آباد کی گراؤنڈ میں روشنی کا انتظام و دیگر چیزوں کا معائنہ فرمایا اور ہدایات سے نوازا۔ وہاں موجود انجینئرز اور دیگر کاموں پر مامور احباب نے حضورِ انور کو مطلوبہ معلومات ؍رپورٹ پیش کیں اور حضورِ انور کی عطا فرمودہ ہدایات کو نوٹ کیا۔
اس دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ازراہِ شفقت مکرم سعید احمد رفیق صاحب (مربی سلسلہ ریسپشن اسلام آباد) کے گھر تشریف لے گئے۔ موصوف بتاتےہیں کہ حضورِ انور نے ان کے گھر کے اکثر حصوں کو برکت بخشی اور گھر میں قریباً پانچ منٹ قیام کے دوران ان کے نومولود بیٹے عزیزم رشیق احمد رفیق کے چہرے پر اپنے دستِ مبارک سے متبرک انگوٹھیوں کو مَس کرتے ہوئے پیاردیا۔
آج کے معائنے سے کچھ دیر پہلے تک لندن سے اسلام آباد تک موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ لیکن حضورِ انور کے باہر تشریف لانے سے چند منٹ قبل بارش تھم گئی۔ دورانِ معائنہ بھی کبھی کبھی بارش ہونے لگی لیکن ایسی نہ تھی کہ مشکل پیدا ہو۔ ایسے موسم میں بھی اسلام آباد میں موجود احباب و خواتین مختلف مقامات پر کھڑے ہو کر حضورِ انور کا دیدار کرتے رہے ، حضورِ انور کی خدمت میں ‘السلام علیکم پیارے حضور’ عرض کر کے ‘وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ’ ، دعائیں اور امامِ وقت کی متبرک موجودگی سے فیض اٹھاتے رہے۔ بعض احباب حضورِ انور کی اقتدا میں برکت کے حصول کے لیے چلتے رہے جبکہ بچے حضور پُر نور کی قربت کے شوق میں آگے پیچھے اپنے انداز میں چلتے اور بھاگتے رہے۔ حضور پُر نور تعمیرات کا معائنہ فرما رہے تھے اور احباب و خواتین سڑک کے کنارے کھڑے حضور کا دیدار کرنے اور حضور کی خدمت میں ‘السلام علیکم ’کہنے کے منتظر لیکن اگر ان افراد پر حضورِ انور کی نظر پہلے پڑ جاتی تو حضور انور سلام میں پہل فرماتے۔ سوا سات کے کچھ دیر بعد یہ پُر سعد ساعتیں اختتام پذیر ہوئیں اور حضور پُر نور اپنے دفتر میں واپس تشریف لے گئے۔
٭…16؍ نومبر 2019ء بروز ہفتہ: آج صبح دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ جنوب مغربی سرے (South West Surrey) سے منتخب ہونے والے ممبر آف پارلیمنٹ، سابق سیکرٹری خارجہ مسٹر جیریمی ہنٹ (Mr. Jeremy Hunt) حضورِ انور سے ملاقات کا شرف حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد تشریف لائے۔ پونے گھنٹے کے قریب جاری رہنے والی اس ملاقات میں موصوف نے حضورِ انور کو اسلام آباد کی تعمیر ِنَو پر مبارک باد پیش کی، نیز اس موقعے پر مختلف سیاسی و سماجی امور بشمول پاکستان میں احمدیوں پر ہونے والے مظالم، BREXIT اور برطانیہ کے انتخابات کے بارے میں حضورِ انور کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ موصوف نے حیرت کا اظہار کیا کہ حضور ِانور اپنے روز مرّہ کے انتہائی مصروف معمولات کے ساتھ ساتھ ہر ہفتہ تازہ خطبۂ جمعہ اور دیگر خطابات کس طرح تیار کر پاتے ہیں۔ موصوف نے اس سے قبل 13؍ نومبر کو اسلام آباد تشریف لا کر مسجد مبارک کا دورہ کیا تھا اور کافی متاثر نظر آتے تھے۔
٭…حضور انور نے آج نمازِعشاء کے بعد مکرم فیضان الرحمان صاحب (لندن) ابن مکرم مبارک احمد عابد صاحب اور عزیزہ فرخندہ عزیز کومل کی دعوت ولیمہ کو رونق بخشی۔ یہ تقریب ایوانِ مسرور، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
٭…17؍ نومبر 2019ء بروز اتوار: آج دوپہر بعد نمازِ عصر شاہدین جامعہ احمدیہ یوکے 2019ء کی حضور انور کے ساتھ ملاقات ہوئی۔
ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز
مورخہ 11؍ تا 16؍ نومبر کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتري اور چھ روز ذاتي ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہ نمائي حاصل کي۔
اس عرصے میں 79؍ فيمليز اور 57؍ احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اس لحاظ سے ذاتی ملاقاتوں کی کل تعداد 136؍ تھی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل 16؍ ممالک سے تھا : امریکہ، کینیڈا، ترکی، جرمنی، ناروے، پاکستان، آسٹریلیا، گیمبیا، سویڈن، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، بیلجیم، سپین، یوکے اور چند عرب ممالک۔
اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا
Thanks